
یشسوی کی ناٹ آوٹ سنچری، ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو نو وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیتی
وشاکھاپٹنم، 06 دسمبر (یواین آئی) کلدیپ یادو اور پرسدھ کرشنا کی شاندار گیندبازی (چار-چار وکٹ) کے بعد یشسوی جیسوال (ناٹ آوٹ 116)، وراٹ کوہلی (ناٹ آوٹ 65) اور روہت شرما (75) کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ہفتہ کے روز تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 61 گیندیں باقی رہتے نو وکٹوں سے شکست دی۔ اسی کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
271 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یشسوی جیسوال اور روہت شرما کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 155 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے جنوبی افریقی گیندبازوں کی جم کر خبر لی اور اپنی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ روہت نے اپنے مشہور پل شاٹس کھیلتے ہوئے باؤنڈریوں کی برسات جاری رکھی اور وہ سنچری کے قریب پہنچ رہے تھے۔ 26ویں اوور میں کیشو مہاراج نے روہت شرما کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کو پہلی اور واحد کامیابی دلائی۔ روہت نے 73 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔
اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے وراٹ کوہلی نے ابتدا میں محتاط کھیل دکھایا، جبکہ دوسرے سِرے پر جیسوال نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ جیسوال نے 50 رنز مکمل کرنے کے بعد ٹی-20 انداز میں کھیلنا شروع کیا اور اپنی پہلی ون ڈے سنچری بھی مکمل کی۔ وراٹ کوہلی نے 40ویں اوور میں لنگی اینگیڈی کی پانچویں گیند پر چوکا لگا کر ہندوستان کو جیت سے ہمکنار کیا ۔ ہندوستان نے 39.1 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 271 رنز بنا کر میچ نو وکٹ سے جیت لیا۔
یشسوی جیسوال نے 121 گیندوں پر 12 چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آوٹ 116 رنز بنائے، جبکہ وراٹ کوہلی نے 45 گیندوں پر چھ چوکے اور تین چھکے لگا کر ناٹ آوٹ 65 رنز اسکور کئے۔
اس سے قبل ہندوستانی گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کو 270 پر ڈھیر کردیا تھا۔ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی شروعات بہت خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں رائن ریکلٹن (صفر) آؤٹ ہو گئے، جنہیں ارشدیپ نے وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس کے بعد کپتان ٹیمبا باووما اور کوک نے اننگز کو سنبھالا اور تیز رفتار سے رنز جوڑے۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 113 رنز کی شراکت کی۔ 21ویں اوور میں رویندر جڈیجا نے باووما کو آؤٹ کرکے اس پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا۔ ٹیمبا باووما نے 67 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔
اس کے بعد میتھیو بریٹزکے (24) کو کرشنا نے ایل بی ڈبلیو کیا، اور اسی اوور میں ایڈن مارکرام (1) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ 30ویں اوور میں ہرشیت رانا کی گیند پر کوک نے چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ ہندوستان کے خلاف یہ ان کی ساتویں سنچری تھی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستان کے خلاف سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے کے معاملے میں سنت جیسوریا کے برابر ہو گئے۔ نیز ہندوستان میں کسی بھی غیر ملکی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے اے بی ڈی ویلئیرز کے ریکارڈ کی بھی برابری کی۔
33ویں اوور میں پرسدھ کرشنا نے کوئنٹن کوک کو بولڈ کرکے جنوبی افریقہ کو پانچواں جھٹکا دیا۔ کوک نے 89 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے۔
اس کے بعد کلدیپ یادو نے 39ویں اوور میں پہلے ڈیوالڈ بریوس (29) اور پھر اسی اوور کی تیسری گیند پر مارکو یانسن (17) کو آؤٹ کیا۔ کاربن بوش (9) اور لوننگی اینگیدی (1) کو بھی کلدیپ نے پویلین بھیجا۔ 48ویں اوور کی پانچویں گیند پر پرسدھ کرشنا نے آٹنیل بارٹمین (3) کو بولڈ کرکے جنوبی افریقہ کی اننگز 270 رنز پر ختم کر دی۔
ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو نے 41 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پرسدھ کرشنا نے بھی چار وکٹ لیے۔ ارشدیپ سنگھ اور رویندر جڈیجا نے ایک-ایک وکٹ حاصل کی۔



