
مہیشوری برادری کے ہاتھ میں تلوار بھی اتنی ہی اچھی لگتی ہے جتنا ترازو: امت شاہ
جودھ پور کے پولی ٹیکنک کالج کے میدان میں منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی مہیشوری کنونشن اور گلوبل ایکسپو جمعہ کو شروع ہوا۔ اس تاریخی تقریب میں ملک اور بیرون ملک سے کئی اعلی رہنماوں، مرکزی وزراء، عوامی نمائندوں اور مہیشوری برادری کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کنونشن نے کمیونٹی کے ثقافتی ورثے، اقتصادی شراکت اور قوم کی تعمیر میں اپنے کردار کو ظاہر کرنے کے لیے ایک طاقتور پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی امت شاہ نے کہا کہ مہیشوری برادری کی ملک کی ثقافتی نشاۃ ثانیہ اور اقتصادی ترقی میں شراکت داری تاریخی اور بے مثال رہی ہے۔’’ مہیشوری برادری کے ہاتھ میں تلوار بھی اتنی اچھی لگتی ہے ، جتنی ترازو۔‘‘انہوں نے سماج کے بھاما شاہوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرسماج کے عطیہ دہندگان حضرات کی فہرست بنائی جائے تو اس سے کئی صفحات بھر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہیشوری برادری کبھی بھی ملازمت کے متلاشی نہیں رہی ہے، بلکہ ہمیشہ روزگار پیدا کرنے والی رہی ہے اور یہ برادری آنے والی صدیوں تک ملک کی خدمت کرتی رہے گی۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان کو ہر میدان میں پہلے مقام پر لانے کے لیے تین چیزوں پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے، جن میں ملک میں نہ تیار ہونے والی مصنوعات کو بنانا، زیادہ سے زیادہ دیسی اشیاء کا استعمال اور مادری زبان کا استعمال، خاص طور پر گھر میں اور بچوں کے ساتھ بات چیت شامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مغل دور سے لے کر جدوجہد آزادی تک مہیشوری برادری نے ملک کی اقتصادی ریڑھ کی ہڈی کو مضبوطی دی ہے۔برادری کے امیر لوگوں نے مہاتما گاندھی کی تحریکوں کے لئے بھی مالی مدد فراہم کی۔ آزادی کے بعد اس کمیونٹی نے صنعتی دنیا میں کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
امت شاہ نے کہا کہ سماج کی بڑی تقاریب پر تنقید کرنے والے افراد یہ نہیں سمجھتے کہ ایسی تقاریب ہندوستان کو متحد کرتے ہیں، توڑتے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہربرادری اپنے غریب اور ضرورت مند بہن- بھائیوں کی ذمہ داری لے تو ملک سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ اگر ہر برادری خود انحصار ہو جائے تو پورا بھارت آتم نربھر ہو جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان آج دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن چکا ہے اور اگلے سال تک تیسرے نمبر پر پہنچنے کی راہ پرگامزنہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دنیا میں 100 ڈیجیٹل ادائیگیوں میں سے 50 ہندوستان میں ہوتی ہیں۔ اسٹارٹ اپس، آٹوموبائل اور فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ میں ہندوستان عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ ملک کو آگے لے جانے کی ذمہ داری اب نوجوان نسل پر عائد ہوتی ہے۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اس موقع پر کہا کہ جس طرح بھگوان شیو نے کائنات کی فلاح و بہبود کے لیے زہر پیا، اسی طرح مہیشوری برادری نے ہمیشہ قربانی اور خدمت کا راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اسلاف کی روایات اور اقدار کو اپناتے ہوئے معاشرے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اختراع ،جدت طرازی اور معاشی تبدیلی کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔
اس تقریب میں مرکزی ثقافت اور سیاحت کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے مہیشوری برادری کو بھیجا گیا خط پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں، وزیر اعظم نے کنونشن کے انعقاد پر برادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ مہیشوری برادری خدمت، لگن اور قوم کی تعمیر کا مترادف ہے۔
اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، مرکزی ثقافت اور سیاحت کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، راجستھان کے وزیر اعلی بھجن لال شرما اور ہندوستان اور بیرون ملک سے ہزاروں لوگ موجود تھے۔
دوسری زبان میں: English · हिन्दी



