
مجھے پیار کرنے والے کبھی دیکھنے بھی آجا یہ چراغ جلتے جلتے کسی روز بجھ نہ جائے
فیس اسلامک کلچرل کمیونٹی انٹیگریشن کے زیر اہتمام و اردو اکادمی دہلی کے تعاون سے ایک کل ہند مشاعرہ
نئی دہلی
فیس اسلامک کلچرل کمیونٹی انٹیگریشن کے زیر اہتمام و اردو اکادمی دہلی کے تعاون سے ایک کل ہند مشاعرہ ٹرپل ایس اسٹوڈیو شکر پور دہلی میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت سہیل صدیقی علیگ اور مشاعرہ کی نظامت اعجاز انصاری نے کی جبکہ استقبالیہ پروگرام کے نظامت کے فرائض امیر امروہوی نے انجام دئے۔مہمان خصوصی کے طور پر ساجد احمد (سی ایم ڈی آف ایف ایم ایس انفرا ٹیک)نے شرکت کی اور مہمانان ذی وقار کی حیثیت سے ڈاکٹر مشتاق انصاری چیئر مین فیس گروپ،محمد عرفان احمد سابق ممبر حج کمیٹی دہلی،محمد عمران ایڈیٹر تہذیب ہنداور مستقیم خان چیف ایڈیٹر سیاسی تقدیر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر انا دہلوی کے آٹھویں شعری مجموعہ ’تلاش‘کا اجرابھی عمل میں آیا۔مشاعرہ کی شمع افروزی ایس ڈی رضا(ایڈیٹر دور جدید) اور ایڈوکیٹ رئیس احمد نے مشترکہ طور پر کی۔مشاعرہ کاآغاز ڈاکٹر انادہلوی نے قومی ترانہ سے کیا۔جن شعرا نے اپنے کلام سے مشاعرہ کو کامیاب بنایا ان کے منتخب اشعار قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔
پہلے تواس زمین پہ مجھ کو بچھا دیا
پھر آسما ں کی سمت اچھالا گیا مجھے
منیر ہمدم
مجھے پیار کرنے والے کبھی دیکھنے بھی آجا
یہ چراغ جلتے جلتے کسی روز بجھ نہ جائے
ڈاکٹرانا دہلوی
غم دیتی ہے دنیا تو آتا ہوں ترے پاس
تونے بھی دیا غم تو کہیں کا نہ رہوں گا
معین شاداب
کسی سے خیر خبرپوچھ لی یہ کیا کم ہے
شگاف دل گا بہر طور سل گیا ہوگا
شعیب رضا فاطمی
ندی کے دو کنارے ہیں یہ ہرگز مل نہیں سکتے
محبت صبر کرتی ہے سیاست ظلم ڈھاتی ہے
اعجاز انصاری
اٹھ نہ پائیں ڈولیاں جن کی غریبی کے سبب
روح زخمی ہوگئی جس دم سنی شہنائیاں
امیر امروہوی
دوچار گھڑی اڑنے کا مل جاتا ہے موقع
بے وجہہ تو چیونٹی کے کبھی پر نہیں آتے
صبا عزیز
اسے بھی آج سڑک حادثے نے چھین لیا
تھا جس غریب کے کاندھوں پہ خاندان کا بوجھ
شریف شہباز گھاٹم پور
بیچ آئے ہم اپنی خودداری
بھوک دیکھی گئی نہ بچوں کی
دانش ایوبی
رات بھر جاگتے رہتے ہیں کہاں سوتے ہیں
دل کہیں ہوتا ہے ہم اور کہیں ہوتے ہیں
جاوید نیازی
ان کے علاوہ سریندر صفر،گولڈی گیت کاراور ڈاکٹر فائزہ عرفان نے اپنے کلام سے نوازا۔اہم شرکا میں یوسف بھائی،بہار برقی علیگ ایڈوکیٹ،عادل اختر علیگ،یوسف بلڈر،عارف علیگ،فرحت سلیم،جلال الدین،یامین سیفی،جاوید رحمانی،حاجی نثار،حاجی اطہر عزیز،حاجی نثار احمد،الیاس سیفی،جاوید عباسی،عارف دہلوی،سنیل کمار،ڈاکٹر اقبال احمد،رفیع اللہ،روشن اور احترام صدیقی کے نام قابل ذکر ہیں۔
دوسری زبان میں: English · हिन्दी



