
اتر پردیش ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کی سمت گامزن: وزیراعظم مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کو مضبوط قانون اور نظم ونسق کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست آج اقتصادی، سماجی اور ثقافتی میدان میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ایک ٹریلین ڈالر (ایک لاکھ کروڑ ڈالر) کی معیشت بننے کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے 'اتر پردیش یوم تاسیس کے موقع پر ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو لکھے گئے ایک خط میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مینوفیکچرنگ صنعت، سماجی بہبود کے پروگراموں کے مؤثر نفاذ، قانون و نظم کی صورتحال میں بہتری اور ثقافتی ورثے کو نئی شان و وقار دینے کے لیے کیے گئے مختلف کاموں کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے ریاست کو آتم نربھر ابھیان، مشن مینوفیکچرنگ، گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں میں سرفہرست بنانے کے عزم کو بھی یاد دلایا۔ پی ایم مودی نے کہا، آبادی کے اعتبار سے اتر پردیش ملک کی سب سے بڑی ریاست ہے۔ جب ہم اجتماعی طاقت کے ساتھ ترقی کے طے شدہ ہدف کو لے کر آگے بڑھیں گے تو اتر پردیش کی ترقی سے ملک کی ترقی کو بھی نئی رفتار ملے گی۔انہوں نے کہا،’’اتر پردیش آج مضبوط قانون و نظم کی بھی ایک مثال بن چکا ہے۔ نئے ریکارڈز کے ساتھ ریاست نے عوامی خدمت اور فلاحی پالیسیوں کو آخری پائیدان پر کھڑے فرد تک پہنچا کر ایک مثالی نمونہ پیش کیا ہے۔ غریبوں کے لیے ریکارڈ تعداد میں بنائے گئے نئے گھروں سے لے کر بہتر زندگی کے لیے فراہم کی جانے والی مختلف سہولتیں، انتودے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب منصوبے دہائیوں تک التوا کا شکار رہتے تھے اور نظام پر عوام کا اعتماد متزلزل ہو گیا تھا۔ آج بی جے پی حکومت میں پرانے منصوبوں کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ نئے منصوبے بھی تیزی سے پورے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں مرکزی سطح پر ہونے والی 'پرگتی' پلیٹ فارم کی میٹنگز نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ پوروانچل ایکسپریس وے، بندیل کھنڈ ایکسپریس وے اور دہلی۔میرٹھ ایکسپریس وے کے بعد اب گنگا ایکسپریس وے بھی اتر پردیش کی ترقی کو نئی رفتار دینے جا رہا ہے۔ اتر پردیش جلد ہی سب سے زیادہ 21 ہوائی اڈوں والی ریاست بننے کی راہ پر ہے۔ لکھنؤ، وارانسی اور ایودھیا جیسے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے بعد اب نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی جلد شروع ہونے والا ہے۔ وزیر اعظم نے اس خط میں ریاست کے عوام کو 'اتر پردیش یوم تاسیس کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ وہ کاشی کے رکنِ پارلیمنٹ ہیں اس لیے یہ دن ان کے لیے اور بھی خاص ہے۔ انہوں نے کہا،’’اتر پردیش کے لوگوں سے مجھے جو محبت اور اپنائیت ملی ہے وہ میرے لیے بہت بڑی دولت ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ اتر پردیش کی مٹی میں کچھ خاص بات ہے اور اس ریاست نے ہمیشہ اپنی صلاحیت اور اپنی قابلیت سے ملک کی ترقی کو رفتار دی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سے جوڑنا اور انہیں روزگار و خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری بھرتیوں کو مشن موڈ میں انجام دینے کے لیے شروع کیا گیا روزگار میلہ اب ایک ادارہ بن چکا ہے، جس کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو مختلف محکموں میں ملازمتیں ملی ہیں۔ آج ملک کے 40 سے زائد مقامات پر یہ میلہ منعقد کیا جا رہا ہے، جہاں سے نوجوان تعلیم، صحت، سلامتی اور مالی خدمات جیسے اہم شعبوں میں اپنی خدمات کا آغاز کریں گے۔
ملک کی اقتصادی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں کے مقابلے ہندوستان میں ڈھائی گنا سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے، جس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ ملک میں نوجوانوں کے لیے بے شمار روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ میں چھ گنا اضافے اور آٹو موبائل صنعت کی تیز رفتار ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2025 میں دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت کا دو کروڑ سے تجاوز کرنا ملک کی بڑھتی ہوئی قوت خریداری کو ظاہر کرتا ہے۔
ناری شکتی کے بڑھتے ہوئے تعاون پر وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے اس پروگرام میں 8 ہزار سے زیادہ بیٹیوں کو تقرری نامے دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 11 برسوں میں ملک کے افرادی قوت میں خواتین کی شراکت داری تقریباً دوگنی ہوئی ہے اور خواتین کے خود روزگار کی شرح میں 15 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپس اور بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) میں خاتون مالکان اور ڈائریکٹروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ملک کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
وزیر اعظم نے نومنتخب ملازمین کو 'ناگرک دیوو بھو' کا منتر دیتے ہوئے انہیں اپنے کام کی جگہ پر چھوٹے چھوٹے اصلاحی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 'ایز آف لیونگ' اور 'ایز آف ڈوئنگ بزنس' کو مقامی سطح پر سرکاری ملازمین کی نیت سے ہی طاقت ملتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے 'آئی گوٹ کرم یوگی' پلیٹ فارم کے ذریعے خود کو مسلسل اپ گریڈ کرنے کی اپیل کی۔
دوسری زبان میں: English · हिन्दी
متعلقہ خبریں

رام مندر چندہ چوری معاملہ: جے رام رمیش کا سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ، بی جے پی پر بااثر افراد کو بچانے کا الزام

موجودہ عالمی غیر یقینی حالات کے باوجود ہندوستان مضبوطی سے آگے بڑھ رہا ہے : مودی

