مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
سیاست

ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کے لیے ملک 2047 کی ڈیڈ لائن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے: مودی

Awaz E Bihar6 منٹ کی پڑھائی

وزیر اعظم نے کہاآج ہندوستان جن کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ان کے پیش نظر ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف حاصل کرنا ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے غریبوں کے لیے مکانات کی تعمیر، گھر گھر بیت الخلا کی سہولت، غریبوں کو مفت گیس کنکشن فراہم کرنے اور لکھ پتی دیدی جیسی دیگر کئی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو آزادی کے سو سال مکمل ہونے تک ایک ترقی یافتہ قوم بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ اس مقصد کے لیے ملک 2047 کی ڈیڈ لائن لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اس کا موازنہ میڈیا اہلکاروں کی جانب سے روزانہ خبریں بھیجنے اور شائع کرنے کی ڈیڈ لائن سے کیا۔مسٹر مودی نے ملک کے عوام کے تعاون اور طاقت کے بل پر اس ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے تئیں مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ملک نے جس رفتار سے ترقی کی ہے، اس سے یہ یقین پختہ ہوا ہے کہ ہندوستان کے لیے اب کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔مسٹر مودی یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کے لیے منعقدہ دیوالی ملن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کام کے لیے ڈیڈ لائن بہت ضروری ہوتی ہے، کیونکہ اس سے کام میں نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاخبروں کی دنیا میں ایک چیز بہت اہم ہوتی ہے، وہ ہے ڈیڈ لائن۔ آپ کی پوری زندگی ڈیڈ لائن سے جڑی رہتی ہے۔ اخبار چھپنے کا وقت ہو یا کسی خبر کو نشر کرنے کا، سب کی ڈیڈ لائن مقرر ہوتی ہے۔

استقبالیہ خطاب بی جے پی کے صدر نتن نبین نے کیا۔ تقریب میں پارٹی کے تین سابق صدور، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر صحت جگت پرکاش نڈا بھی موجود تھے۔مسٹر مودی نے قوم کی تعمیر میں میڈیا کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس سے ہندوستان کی ترقی کی کہانی کو ملک اور دنیا تک پہنچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے میڈیا سے منشیات سے پاک معاشرے کی مہم میں تعاون کرنے اور سماجی اتحاد کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھی پرزور اپیل کی۔وزیر اعظم نے عالمی بینک کی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں 12 سے 13 برسوں کے دوران 50 کروڑ لوگ انتہائی غربت سے باہر آئے ہیں۔ انہوں نے کہاآج ملک کا غریب خود کو غربت سے باہر نکالنے کے قابل ہوا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے کردار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آج ہر کسی کا اپنا چینل ہے، لوگ پوڈکاسٹ اور ریلز بنا رہے ہیں اور ہر گلی محلے میں لوگ اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس سے 'جتنے منہ اتنی باتیں کا محاورہ حقیقت بن رہا ہے اور یہ 'ہندوستانی جمہوریت کی طاقت ہے۔

'وکست بھارت 2047' کے ہدف کے بارے میں مسٹر مودی نے کہاآزادی کے 100 سال مکمل ہونے سے پہلے ہمیں مل کر ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ 2047 کی ڈیڈ لائن کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں اس وقت تک انتظار کرنا ہے۔ انہوں نے اس کا موازنہ تحریک آزادی سے کرتے ہوئے کہا کہ مکمل سوراج کا ہدف ایک دو دن میں حاصل ہونے والا نہیں تھا۔ انہوں نے کہالیکن رفتہ رفتہ چھوٹے چھوٹے اہداف طے کیے گئے، وہ پورے ہوئے اور پھر لوگوں میں یہ اعتماد پیدا ہوا کہ آزادی ضرور ملے گی اور پورا ملک اس عزم کے ساتھ کھڑا ہو گیا۔ ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف تک بھی ملک کا یہی اعتماد ہمیں لے جائے گا۔ ہم چھوٹے بڑے متعدد اہداف حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے، تبھی ترقی یافتہ ہندوستان کے مقصد تک پہنچ پائیں گے۔

انہوں نے گزشتہ چند برسوں کے دوران چاند کے جنوبی قطب پر مشن کی کامیابی، موبائل فون کی تیاری میں دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک بننے، دریائے چناب پر دنیا کا سب سے اونچا ریلوے آرچ برج تعمیر کرنے، 12 برسوں میں شمسی توانائی کی نصب شدہ صلاحیت میں 50 گنا سے زیادہ اضافہ اور اسی عرصے میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اَپ ایکو سسٹم بننے جیسی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک کی نئی طاقت اور صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔

وزیر اعظم نے کہاآج ہندوستان جن کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ان کے پیش نظر ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف حاصل کرنا ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے غریبوں کے لیے مکانات کی تعمیر، گھر گھر بیت الخلا کی سہولت، غریبوں کو مفت گیس کنکشن فراہم کرنے اور لکھ پتی دیدی جیسی دیگر کئی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔وزیر اعظم نے سوچھ بھارت ابھیان جیسی مہم میں میڈیا کے مثبت کردار کو یاد کرتے ہوئے اس سے منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے، معاشرے میں اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے اور ہندوستان کی کامیابیوں کی کہانیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہامیں ایک اور موضوع پر آپ کا تعاون چاہوں گا۔ اب ہمیں منشیات کے معاملے میں بھی اسی طرح بیداری پیدا کرنی ہوگی۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ان تمام چیزوں سے باہر نکالنا ہی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب میڈیا سماجی سروکار اور ملک میں اتحاد کو فروغ دینے والے موضوعات کو اپنے پلیٹ فارم پر جگہ دے گا اور انہیں اپنی بحث کا حصہ بنائے گا تو ترقی یافتہ ہندوستان کی مہم کو مزید رفتار ملے گی۔ انہوں نے کہامیں اپنے 'من کی بات پروگرام میں مسلسل کوشش کرتا ہوں کہ ملک اور اس کے عوام کی کامیابیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرتا رہوں۔ میں ملک کے میڈیا سے بھی اپیل کروں گا کہ ہندوستان کی کامیابیوں سے جڑی کہانیوں پر کام کریں اور انہیں آگے بڑھائیں۔ یہ آپ کی جانب سے ملک کی بہت بڑی خدمت ہوگی۔

مسٹر مودی نے میڈیا کے ساتھ اپنے طویل تعلقات کو یاد کرتے ہوئے کہاآپ سب کی دنیا کے ساتھ میرا ایک طویل عرصے سے فطری تعلق رہا ہے۔ پریس ریلیز سے لے کر انسٹا ریل تک، میں نے میڈیا اور میڈیا سے رابطے کے ایک طویل دور کو دیکھا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ 90 کی دہائی کے آغاز میں مجھے دو بڑی یاتراوں کے دوران ملک بھر میں انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ یہ وہ دور تھا جب پریس ریلیز بھیجنے کے لیے فیکس مشین تلاش کرنی پڑتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب دیوالی ملن جیسی تقریبات میں ان کی ذمہ داری کرسیاں لگوانے کی ہوتی تھی۔مسٹر مودی نے میڈیا اہلکاروں کی جانب سے کام کی مصروفیت کے باعث تہواروں کے موقع پر بھی گھر اور خاندان سے دور رہنے کی مجبوری اور ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے اس تقریب میں شرکت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاابھی ابھی دیوالی کا تہوار گزرا ہے اور چھٹھ کی تیاریاں بھی آخری مرحلے میں ہیں۔ میں آپ سبھی کو اور آپ کے اہل خانہ کو ان تہواروں کی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔رسمی خطاب کے بعد مسٹر مودی مدعو کیئے گئے میڈیا اہلکاروں کے درمیان گئے اور ان سے ملاقات کی۔ کئی صحافیوں نے وزیر اعظم کے ساتھ سیلفی بھی لی۔