مقررہ وقت میں ترجیحی بنیادوں پر پھنسے ہوئے کام مکمل کریں؛ اسکیموں کی عملداری میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: وزیر اعلیٰ


350 سے زائد ادبی و ثقافتی پروگرام کا انعقاداس بار کا موضوع ’’مطالعے کی خوشی، کتابوں سے آگے‘‘، بہار گیت کے خالق لوک شاعر ستیہ نارائن کے نام منسوب ہوگا میلہ
پٹنہ، 2 نومبر:(اے بی این) سینٹر فار ریڈرشپ ڈیولپمنٹ (سی آر ڈی) کے زیر اہتمام گزشتہ 42 برسوں سے منعقد ہونے والا پٹنہ کتاب میلہ اس سال 4 سے 15 دسمبر تک گاندھی میدان میں سجنے جا رہا ہے۔ ملک کے تین بڑے کتاب میلوں میں شمار ہونے والا یہ میلہ محض کتابوں کی نمائش اور خرید و فروخت کا مرکز نہیں بلکہ ادبی، تہذیبی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہے۔ بہار کا یہ مقبول عوامی میلہ لوگوں میں مطالعے کا ذوق پروان چڑھانے کے ساتھ ہر سال اپنے مخصوص موضوع کے ذریعے سماج کو ایک نیا پیغام بھی دیتا ہے۔ اس مرتبہ میلے کا مرکزی موضوع ’’جائے آف ریڈنگ، بیونڈ بکس‘‘ (مطالعے کی خوشی، کتابوں سے آگے) رکھا گیا ہے، جبکہ اسے بہار گیت کے خالق اور معروف لوک شاعر ستیہ نارائن کے نام منسوب کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع سی آر ڈی پٹنہ کتاب میلے کے صدر اور معروف ادیب رتنیشور نے دی۔انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ کتاب میلے میں ساڑھے تین سو سے زائد نئے پروگرام پیش کیے جائیں گے، جن میں ادب، شاعری، کہانی، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، تعلیم، روزگار، صحت، سینما، فنون لطیفہ اور سماجی موضوعات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ چٹھیّاں، شبدانکر، کاویہ کتھا، یوتھ پوڈیم، ہنر، مشاعرہ و کوی سمیلن، گیان روزگار، یووا سور، صحت سنواد، نئی کتاب، سینما انیما، آرٹ گیلری، جن سنواد، کتھا پاٹلی پتر، نکڑ کے رنگ، کوچنگ ماسٹر، اسکول اتسو، سواد وہار اور بہار سنوادی سمیت متعدد پروگرام اس بار میلے کی اہم کشش ہوں گے۔
اس مرتبہ نوجوانوں کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ ’’چٹھیّاں‘‘ کے تحت ایسی یادگار تحریریں پیش کی جائیں گی جو کبھی لکھی گئیں، پڑھی گئیں، مگر وقت گزرنے کے باوجود ذہنوں سے محو نہیں ہوئیں۔ ڈاکٹر ویملندو کی گفتگو میں مشہور خطوط پیش کیے جائیں گے، جبکہ شہر کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنے پسندیدہ خطوط یا وہ خطوط پڑھیں گے جو انہوں نے لکھے، لیکن کبھی متعلقہ پتے پر بھیج نہیں سکے۔ڈاکٹر ورون کی نگرانی میں ’’یوتھ پوڈیم‘‘ کا انعقاد ہوگا، جہاں نوجوانوں کے ساتھ ملک اور دنیا کے اہم موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔ اس پروگرام میں سیاست، فن، ادب، ثقافت اور تیزی سے بدلتے سماجی حالات میں نوجوانوں کی شناخت اور ان کے مختلف مسائل پر سنجیدہ اور فکر انگیز تبادلہ خیال ہوگا۔اسی طرح اتکرش آنند کی نگرانی میں ’’شبدانکر‘‘ پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں نوجوان اپنی نظمیں، کہانیاں اور طنزیہ و مزاحیہ تخلیقات پیش کریں گے۔ منتخب تخلیق کار کو شبدانکر ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ انتخاب کے لیے تین ججوں کی کمیٹی کے ساتھ سامعین کی رائے کو بھی اہمیت دی جائے گی۔
آشیش کمار کی نگرانی میں ’’سواد وہار‘‘ کے تحت بہار کے مختلف روایتی پکوانوں کے علاوہ ملک کے منتخب لذیذ کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔ اس کے لیے خصوصی فوڈ لاؤنج بنایا جائے گا، جہاں کتابوں کے شائقین چائے کی چسکیوں کے ساتھ اپنی پسندیدہ کتابوں کے مطالعے سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اسکول اور کالج کے طلبہ کے لیے ’’ہنر‘‘ پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔ انجنی دھر کی نگرانی میں ہر روز مختلف مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں کہانی نویسی، مائم شو، ویسٹ کرافٹ، سیلفی چیلنج، کلر لسٹ، برین ڈرین اور جیم گیم سمیت متعدد سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس پروگرام میں 70 سے زائد اسکولوں کے تقریباً پانچ ہزار بچوں کی شرکت متوقع ہے۔
کتاب میلے میں ’’سینما انیما‘‘ فلم فیسٹیول کے لیے ایک خصوصی سنیما ہال تعمیر کیا جائے گا۔ کمار روی کانت کی نگرانی میں ہر روز فیچر فلم، مختصر فلم اور دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ فلموں کے مختلف موضوعات پر مباحثے اور مکالمے بھی ہوں گے، جن میں ملک بھر سے فلمی فنکار اور ماہرین شرکت کریں گے۔ اس موقع پر عام لوگوں کو بھی ان شخصیات سے براہ راست گفتگو کا موقع ملے گا۔ سینما کے شعبے سے وابستہ ممتاز شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائے گا، جبکہ مختلف شعبوں کی معروف شخصیات کو بطور اولین ناظر مدعو کیا جائے گا۔گزشتہ سال کی کامیابی کے بعد اس مرتبہ بھی ڈاکٹر وکاس شنکر کی نگرانی میں صحت سے متعلق خصوصی پروگرام منعقد ہوگا، جس میں ملک کے نامور ڈاکٹر شرکت کریں گے۔ اس پروگرام کے تحت ماہر معالجین سامعین سے براہ راست گفتگو کریں گے اور صحت سے متعلق مختلف اہم موضوعات پر معلومات فراہم کریں گے۔
پٹنہ کتاب میلے میں ایک شاندار کوی سمیلن کا بھی اہتمام ہوگا، جس میں چندن دویدی، رجت سمیت معروف شعرا شرکت کریں گے۔ جے پرکاش کی نگرانی میں روزانہ ’’کاویہ کتھا‘‘ پروگرام منعقد ہوگا، جس میں ملک کے معروف شاعر اور افسانہ نگار اپنی تخلیقات پیش کریں گے۔مکیش کمار کی نگرانی میں ایک وسیع آرٹ گیلری قائم کی جائے گی، جہاں نوجوان فنکاروں، بہار کے لوک فنکاروں، سینئر فنکاروں اور پدم ایوارڈ یافتہ فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش ہوگی۔ ہر روز فنون لطیفہ کے مختلف موضوعات پر مذاکرے اور مباحثے بھی منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ممتاز فنکاروں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔’’نکڑ کے رنگ‘‘ پروگرام کے تحت پٹنہ کے معروف کالجوں کے طلبہ اسٹریٹ ڈرامے پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ تھیٹر اور فنون لطیفہ سے وابستہ ممتاز شخصیات کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
سرِیتا مشرا کی نگرانی میں ہر روز ’’اسکول اتسو‘‘ منعقد ہوگا، جس میں پٹنہ کے مختلف معروف اسکولوں کے طلبہ موسیقی، گیت اور رقص کے پروگرام پیش کریں گے۔پرشانت رنجن کی نگرانی میں کتاب میلے کا مقبول ترین پروگرام ’’جن سنواد‘‘ منعقد ہوگا، جس میں مختلف شعبوں کی نامور علمی و ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔ ریکھا بھارتی مشرا کی نگرانی میں ’’کوچنگ ماسٹر‘‘ اور ’’گیان روزگار‘‘ پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن میں قومی سطح کے تعلیمی اور کوچنگ ادارے حصہ لیں گے۔
اس مرتبہ کتاب میلے میں ملک کی متعدد معروف ادبی، صحافتی اور علمی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ ان میں معروف صحافی ہرش وردھن ترپاٹھی، صحافی و مصنف اننت وجے، افسانہ نگار پونم سنگھ، ڈاکٹر ونئے کمار، کرن گھئی، معروف نقاد جے پرکاش پانڈے، ڈاکٹر ارون بھگت، اجیت آزاد، شیویندر موریہ، شاعر مدن کشیپ، صحافی نویدیتا جھا، مہما سنگھ، ڈاکٹر اشوک کمار جیوتی، بھگوتی پرساد دویدی، سنجے، سنجیو سنہا، سنجے کندن، پنکج چودھری، ویشالی سیتا، ارون نارائن، اسفر، بمی سنگھ اور سنجیو مکیش سمیت کئی اہم نام شامل ہیں۔شعرا میں انل وبھاکر، چندن سنگھ، ونئے سورَو، سرویش تیواری، مسافر بیٹھا، کمار مکل، اروند شریواستو، راجیش کمل، نکھل آنند، نتاشا، انچت، اپانشو، بال مکند، گنیش چودھری، میتری شرن، شہنشاہ عالم، راج کشور راجن، راکیش رنجن، جیوتی اسپارش، وینا امرت، چندر بندو، سمیر پریمَل، گنجن، سنجے کمار کندن، اروند پاسوان، خورشید اکبر، خورشید عالم، پریم کرن، نسیم اختر، نیلانشو رنجن، شویتا غزل، آرادھنا پرساد، منیب مظفرپوری، کمار پنکجیش، شاہد اختر، املیندو استھانا، ارون شیتانش، سمیتا کماری، نریندر کمار، پرتیوش مشرا، مکیش پرتیوش، رمیش رتمبھر اور دیگر شعرا کی شرکت متوقع ہے۔افسانہ نگاروں میں پونم سنگھ، بھاونا شیکھر، پربھات پرنیت، ریتا سنگھ، کملیش، نیلما سنگھ، اوشا اوجھا، دھرو کمار اور کرن سنگھ سمیت کئی معروف نام شامل ہوں گے۔
اس مرتبہ پٹنہ کتاب میلے میں تقریباً 200 اسٹال بنائے جائیں گے، جن میں ملک کے معروف اشاعتی ادارے اپنی کتابوں کے ساتھ شرکت کریں گے۔ ان میں پربھات پرکاشن، راج کمل پرکاشن، وانی پرکاشن، گیان پیٹھ، اپکار پرکاشن، ہند یگم، پرکاشن سنستھان، دنکر پستکالیہ، سمیک پرکاشن، اوسوال بکس اینڈ لرننگ، اوسوال پرنٹرس، این سی پی یو ایل، رختہ فاؤنڈیشن، امارت شرعیہ، ساہتیہ اکادمی، ایڈوٹیریا، انونسیبل اور ایم ٹی جی بکس سمیت متعدد ادارے شامل ہیں۔
مجموعی طور پر اس مرتبہ پٹنہ کتاب میلہ کتابوں، ادب، فنون لطیفہ، سینما، تعلیم، روزگار اور نوجوانوں کی تخلیقی سرگرمیوں کا ایک وسیع پلیٹ فارم بننے جا رہا ہے، جہاں مطالعے کے شوقین افراد کو کتابوں کی دنیا سے روشناس ہونے کے ساتھ ملک کی ممتاز ادبی و ثقافتی شخصیات سے روبرو ہونے کا موقع بھی ملے گا۔
admin







