مواد پر جائیں
سیاست

کانگریس قیادت ہمیشہ جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرتی رہی ہے: شاہ

Awaze Bihar2 منٹ پڑھیں

مرکزی وزیر داخلہ و امداد باہمی امیت شاہ نے کہا ہے کہ کانگریس قیادت ہمیشہ جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرتی رہی ہے اور مودی حکومت نے 27 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے باہر نکالنے کا کام کیا ہے۔
شاہ نے اتوار کو یہاں کہاکہ "کانگریس قیادت ہمیشہ جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرتی رہی ہے۔ مجھے تو ہنسی آتی ہے کہ اس ملک کی پارلیمنٹ میں کانگریس کے شہزادے راہل گاندھی کسانوں کی بات کرتے ہیں۔ میں آج ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے کسانوں کا کتنا اناج خریدا تھا۔ ہم نے آپ سے 15 گنا زیادہ اناج ایم ایس پی پر کسانوں سے خریدا ہے۔ آپ کے وقت میں کسانوں کا بجٹ صرف 26 ہزار کروڑ روپے تھا، جسے بڑھا کر ایک لاکھ 29 ہزار کروڑ روپے مودی جی نے کر دیا ہے۔"
انہوں نے کہاکہ "جب کانگریس کی حکومت تھی تب صرف 500 گاؤں میں کنیکٹیوٹی پہنچی تھی۔ آج ایک لاکھ سات ہزار گاؤں میں کنیکٹیوٹی پہنچ گئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ملک کے 80 کروڑ لوگوں کو فی کس فی ماہ پانچ کلو مفت اناج دینے کا کام کیا ہے۔ یہ غذائی تحفظ اب شفاف ہو گیا ہے۔ کانگریس روزگار کی بات کرتی تھی، لیکن ملک کے ایک کروڑ نو لاکھ ریہڑی-پٹری والوں کو 'سونو ندھی' اسکیم کا فائدہ مودی جی نے پہنچایا ہے۔ ٹھوس پالیسیوں سے 10 برس میں 60 کروڑ سے زیادہ لوگوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے اور 27 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے باہر نکالنے کا کام بھی مودی حکومت نے کیا ہے۔ آج اناج کی تقسیم اور تحفظ کے شعبے میں بدعنوانی اور غیر شفافیت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اس سے ہر غریب شہری کو اناج حاصل کرنے کے حق کی حفاظت ہوگی اور دلالوں کے لیے کوئی جگہ نہیں بچے گی۔"
شاہ نے کہا کہ کانگریس نے غربت ہٹانے کی بات تو ضرور کی تھی مگر اس کے لیے کوئی ٹھوس کام نہیں کیا۔ مودی نے گھر، بجلی، گیس، اناج، پانچ لاکھ کا انشورنس، پینے کا پانی دے کر غریبوں کے معیارِ زندگی کو بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے 70 سال میں صرف ایک بار قرض معافی سے کسانوں کو گمراہ کیا، جبکہ مودی 10 سال سے ہر کسان کے بینک کھاتے میں ہر سال چھ ہزار روپے بھیج کر ایسی سہولت دے رہے ہیں کہ کسان کو قرض لینا ہی نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور انگلینڈ کے ساتھ ہوئے آزاد تجارتی معاہدے اور امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ پچھلی حکومت نے ڈنکل تجویز پر دستخط کر کے کسانوں کو غیر محفوظ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین، انگلینڈ اور امریکہ کے ساتھ ہوئے معاہدوں کے ذریعے مودی حکومت نے کسانوں کے مفادات کو پوری طرح محفوظ کیا ہے۔

دوسری زبان میں: English · हिन्दी

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں