
راجیہ سبھا میں زیر التوا معاملوں کے قیدیوں کے حق رائے دہی اور صحافیوں کو ریل مراعات کی بحالی کا مطالبہ
نئی دہلی، : پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوران جمعہ کو راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران مختلف جماعتوں کے ارکان پارلیمان نے انتخابی اصلاحات، صحافیوں کو ریل مراعات، اگنیور یوجنا، نوجوانوں کے لیے کم از کم آمدنی کی ضمانت اور شہری آداب جیسے مسائل اٹھائے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن ایرنّ کڈاڈی نے انتخابی اصلاحات کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے جیلوں میں بند زیر سماعت قیدیوں کو ووٹ کا حق دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جیلوں میں 4.9 لاکھ سے زیادہ قیدی بند ہیں، جن میں سے تقریباً 77 فیصد یا 3.8 لاکھ سے زیادہ انڈر ٹرایل ہیں۔ قانون کی نظر میں ان کا جرم ثابت نہیں ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دفعات کے تحت جیل میں بند شخص کو ووٹ ڈالنے کا حق نہیں ہے، جب کہ ضمانت یا پیرول پر باہر آنے والے شخص کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہے۔ اس کے علاوہ ، گھروں میں نظربند افراد کو پوسٹل بیلٹ تک رسائی حاصل ہے اور انہیں جیل سے الیکشن لڑنے کی بھی اجازت ہے۔ کڈاڈی نے کہا کہ کئی بار غریب اور معاشی طور پر کمزور افراد انڈر ٹرائل کے دوران ضمانت کی رقم ادا نہیں کر سکنے میں ناکامی کی وجہ سے جیل میں رہتے ہیں، جب کہ اسی جرم کے ملزم امیر افراد باہر سے ووٹ ڈالنے کے قابل ہوتے ہیں۔ انہوں نے اسے آئین کے آرٹیکل 326 کی روح کے خلاف بتاتے ہوئے عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 62(5) میں ترمیم کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ سات سال سے کم سزا والے جرائم کے تحت زیر سماعت قیدیوں کو ووٹ کا حق دیا جانا چاہیے۔ انہوں نیکہاکہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں اس معاملے پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے حال ہی میں کئی غیر متعلقہ قوانین کو منسوخ کیا ہے، اس لیے اس بے ضابطگی کو بھی دور کیا جانا چاہیے۔ اس سے جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوں گی۔
کانگریس کے راجیہ سبھا رکن نیرج ڈانگی نے صحافیوں کو ریلسفر میں ملنے والی 50 فیصد رعایت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 وبائی مرض کے دوران، ہندوستانی ریلوے کے ذریعہ صحافیوں کو دی جانے والی مراعات معطل کر دی گئی تھی، جو کہ اس وقت کے حالات کے پیش نظر ایک عارضی قدم تھا۔ تاہم حالات معمول پر آنے کے باوجود یہ رعایت بحال نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی غیرجانبدارانہ رپورٹنگ کرنے کے لیے دور دراز اور حساس علاقوں کا سفر کرتے ہیں اور یہ رعایت کوئی استحقاق نہیں بلکہ ان کے کام میں مددگار سہولت ہے۔
عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ حکومت کی اگنیور اسکیم کے تحت بھرتی کا عمل مکمل ہونے کے باوجود نوجوانوں کو تقرری نامہ جاری نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیواداری رواج کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
عام آدمی پارٹی کی سواتی مالیوال نے ملک میں بڑھتی ہوئی گندگی اور عوامی مقامات پرنظم وضبط میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ صرف حکومت کا نہیں بلکہ شہریوں کی ذہنیت کا بھی ہے۔ انہوں نے اسکولوں میں سوک سینس کی تعلیم کو لازمی قرار دینے اور عوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے اورسخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری زبان میں: English · हिन्दी



