
پہلا ٹی ٹوئنٹی: ہندوستان نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت آسٹریلیا کو شکست دے دی
ہندوستانی خواتین ٹیم نے سڈنی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ بارش سے متاثرہ اس میچ میں ہندوستان نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 21 رنز سے کامیابی سمیٹی۔ اروندھتی ریڈی کو ان کی شاندار بالنگ پر 'پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی اوپنرز اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے ٹیم کو 33 رنز کا تیز آغاز فراہم کیا۔ شیفالی ورما نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 22 رنز بنائے لیکن پانچویں اوور میں آؤٹ ہوگئیں۔جب چھٹے اوور میں بارش شروع ہوئی تو ہندوستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنا لیے تھے۔ اس وقت اسمرتی مندھانا 16 اور جیمیما روڈریگز 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھیں۔مسلسل بارش کے باعث کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ہندوستان کو فاتح قرار دیا گیا۔اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بالرز نے بالکل درست ثابت کر دکھایا۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 18 اوورز میں محض 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔اروندھتی ریڈی نے صرف 22 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جن میں ایلس پیری اور فیبی لچفیلڈ جیسے بڑے نام شامل تھے۔ رینوکا سنگھ اور شری چرنی نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔میزبان ٹیم کی جانب سے جارجیا ویرہیم (30 رنز) اور فیبی لچفیلڈ (26 رنز) نمایاں رہیں، لیکن کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔
دوسری زبان میں: English · हिन्दी



