مواد پر جائیں
کھیل

گجرات جائنٹس نے یوپی واریئرز کو 10 رن سے شکست دے دی

Awaze Bihar3 منٹ پڑھیں

کپتان ایشلے گارڈنر (65 رن / ایک وکٹ)، انوشکا شرما (44 رن) اور صوفی ڈیوائن (38 رن) کی عمدہ بلے بازی کے بعد گیندبازوں کی مضبوط کارکردگی کی بدولت گجرات جائنٹس ویمن نے ہفتے کے روز ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے دوسرے مقابلے میں یوپی واریئرز ویمن کو 10 رن سے ہرا دیا۔
208 رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری یوپی واریئرز کی شروعات اچھی نہ رہی اور ٹیم نے پہلے ہی اوور میں کرن نوگیرے (1 رن) کی وکٹ گنوا دی، جنہیں رینوکا سنگھ نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد کپتان میگ لیننگ اور فیبی لِچفیلڈ نے دوسرے وکٹ کے لیے 70 رن کی شراکت قائم کی۔ نویں اوور میں جارجیا ویئرہم نے لیننگ (30 رن) اور ہرلین دیول کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس بھیج دیا۔ اگلے ہی اوور میں رینوکا سنگھ نے دیپتی شرما (1 رن) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر کے گجرات جائنٹس کو چوتھی کامیابی دلائی۔ پانچویں وکٹ کے طور پر شویتا سہراوت 17 گیندوں پر 25 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ 16ویں اوور میں صوفی ڈیوائن نے فیبی لِچفیلڈ کو آؤٹ کر کے گجرات جائنٹس کو چھٹی کامیابی دلائی۔ فیبی لِچفیلڈ نے 40 گیندوں پر آٹھ چوکے اور پانچ چھکے لگاتے ہوئے 78 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ 18ویں اوور میں ایشلے گارڈنر نے ڈیانڈرا ڈوٹن (12 رن) کو آؤٹ کیا، جبکہ صوفی ایکلسٹون (11 رن) آٹھویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئیں۔ یوپی واریئرز ویمن ٹیم مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 197 رن ہی بنا سکی اور مقابلہ 10 رن سے ہار گئی۔ سوبھنا آشا نے 10 گیندوں پر ناٹ آوٹ 27 رن بنائے۔
گجرات جائنٹس کی جانب سے رینوکا سنگھ، صوفی ڈیوائن اور جارجیا ویئرہم نے دو، دو وکٹ حاصل کیں، جبکہ ایشلے گارڈنر اور راجیشوری گائیکواڑ نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل یوپی واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری گجرات جائنٹس ویمن کی جانب سے بیتھ مونی اور صوفی ڈیوائن کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 41 رن جوڑے۔ صوفی ایکلسٹون نے بیتھ مونی (13 رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ بعد ازاں انوشکا شرما اور کپتان ایشلے گارڈنر نے تیسرے وکٹ کے لیے 103 رن کی اہم شراکت قائم کر کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ 17ویں اوور میں ڈیانڈرا ڈوٹن نے انوشکا شرما (30 گیندوں پر 44 رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ گجرات جائنٹس کا چوتھا وکٹ 18ویں اوور میں ایشلے گارڈنر کے طور پر گرا، جنہیں صوفی ایکلسٹون نے بولڈ کیا۔
ایشلے گارڈنر نے 41 گیندوں پر چھ چوکے اور تین چھکے لگا کر 65 رن کی اننگز کھیلی۔ گجرات جائنٹس ویمن نے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 207 رن بنائے۔ جارجیا ویئرہم 10 گیندوں پر 27 رن اور بھارتی پھول مالی سات گیندوں پر 14 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
یوپی واریئرز کی جانب سے صوفی ایکلسٹون نے دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ ڈیانڈرا ڈوٹن اور شکھا پانڈے نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

دوسری زبان میں: English · हिन्दी

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں