
آپدا سرکار نے دہلی کی ترقی کا سفر روک دیا تھا: نریندرمودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آپدا سرکار کی وجہ سے دہلی کی ترقی رک گئی تھی، لیکن پچھلے ایک سال میں دہلی میں ہر جگہ ترقی ہو رہی ہے اور لوگ اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
اتوار کو یہاں براڑی میں منعقدہ ایک تقریب میں 33,500 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مسٹر مودی نے کہا کہ اب یہ واضح ہو رہا ہے کہ دہلی نے ایک سال پہلے جس آپدا سے نجات حاصل کی وہ کتنی ضروری تھی۔ اگر آپدا سرکار نہ ہوتی تو میٹرو کا چوتھا مرحلہ پہلے مکمل ہو چکا ہوتا۔ بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد دہلی میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے۔ دہلی میں ہر روز لاکھوں لوگ بسوں میں سفر کرتے ہیں، اس لیے لوگوں کو صاف اور آرام دہ بس سروس ملی ہے۔ چار ہزار سے زیادہ بسیں دہلی کی خدمت کررہی ہیں جس میں ای وی بسیں بھی شامل ہیں۔ تقریباً دس سال تک آپدا حکومت نے ترقیاتی کام روکے رکھے تھے لیکن اب ترقی تیزی سے جاری ہے۔ بی جے پی حکومت جمنا کی صفائی کے لیے بھی بڑے پیمانے پر کام کر رہی ہے۔ دہلی میں پہلے جو آپدا حکومت تھی اسے لوگوں کی پریشانی سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔ آپدا حکومت نے کبھی غریبوں کی پرواہ نہیں کی لیکن ریکھا گپتا کی قیادت میں صورت حال کو مسلسل بہتر کیا جارہا ہے۔ پچھلے ایک سال میں بڑی تعداد میں آیوشمان آروگیہ مندر بنائے گئے ہیں جس سے لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ دہلی میں ترقی کا ماڈل ہے۔ کام شروع بہانے بند ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میٹرو کی توسیع سے لے کر ہزاروں ملازمین کے لیے سہولیات کی مسلسل توسیع ہورہی ہے۔ دہلی میں جس امید کے ساتھ بی جے پی کی حکومت بنی تھی اس کے نتائج ترقیاتی کاموں میں واضح ہیں۔ آج کی تقریب ایک اور وجہ سے بھی خاص ہے وہ ہے خواتین کا عالمی دن۔ سیاست، انتظامیہ، سائنس، کھیل یا سماجی خدمت میں، ہندوستان کی ناری شکتی ایک نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی شخص ہندوستان کی بڑی جمہوریت کے بارے میں سوچتا ہے تو دہلی کی تصویر آتی ہے۔ دہلی کی ترقی صرف ایک شہر کی ترقی نہیں ہوتی بلکہ پورے ملک کی تصویر سے جڑی ہوتی ہے۔ دہلی جتنی جدید ہوگی، ہندوستان کا اعتماد دنیا کے سامنے اتنا ہی مضبوطی سے دکھائی دے گا۔ آج دہلی سہولیات کے معاملے میں ترقی کر رہی ہے۔ ایک وقت تھا جب دہلی کا ناقص انفراسٹرکچر بحث کا موضوع تھا۔ دہلی کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں جانے میں گھنٹوں لگتے تھے لیکن اب ترقی تیزی سے ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے شہروں میں اتنا بڑا نیٹ ورک نہیں، جتنا کہ دہلی میں ہے۔ میٹرو نیٹ ورک کی توسیع سے لوگوں کی آمدورفت آسان ہو جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج ملک میں جہاں بھی بی جے پی کی حکومت ہے وہاں لوگوں کو کسی نہ کسی اسکیم کا فائدہ ضرور مل رہا ہے۔ بی جے پی حکومت سماج کے تمام طبقات کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کر رہی ہے۔ بی جے پی حکومت نے ریہڑی پٹری والوں کے درد کو سمجھ کر ان کو بینکنگ سے جوڑا اور ان کا آسان قرض مل رہ ہے۔ دہلی میں ڈیبٹ کارڈ پہلے صرف امیروں کے لیے دستیاب ہوتے تھے، لیکن اب ریہڑی پٹری والوں کے پاس کریڈٹ کارڈ ہے اور وہ اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ چند سال پہلے ہم نے عزم کیا تھا کہ تین کروڑ بہنوں کو لکھپتی دیدی بنایا جائے گا۔ اس وقت کچھ لوگوں نے اس کا مذاق اڑایا اور کہا کہ انتخابات جیتنے کے لیے ایسی باتیں کی جا رہی ہیں، لیکن آج عالمی یومِ خواتین کے موقع پر میں فخر سے کہتا ہوں کہ اگر خواتین کو موقع دیا جائے تو وہ کیسی کیسی کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں۔ تین کروڑ سے زیادہ بہنیں لکھپتی دیدی بن چکی ہیں اور حکومت نے اپنا عہد پورا کر لیا ہے۔
دہائیوں سے ہماری بہنوں کے پاس ہنر تھا لیکن سرمایہ اور مواقع نہیں ملتے تھے، لیکن ہم نے خواتین کو نئے مواقع اور انہیں بازار سے جوڑنے کا کام کیا۔ آج ملک کی بڑی تعداد میں خواتین سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ ہیں، جس سے وہ خود کفیل بنی ہیں اور دیہی معیشت کو مضبوط کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مزید تین کروڑ خواتین کو لکھپتی دیدی بنایا جائے گا۔ ملک کی ناری شکتی کے آشیرواد سے یہ عزم بھی ضرور پورا ہوگا۔
اس سے قبل وزیرِاعظم نے مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والی خواتین سے گفتگو کی۔ انہوں نے پردھان منتری اجولا یوجنا کے مستفیدین کے علاوہ آیوشمان اور پی ایم سونیدھی یوجنا کے فائدہ اٹھانے والوں سے بھی بات چیت کی۔ اس دوران خواتین نے بتایا کہ انہیں ان اسکیموں سے کس طرح فائدہ ہوا ہے۔ اس میں دہلی میٹرو کو چلانے والی خواتین ملازمین بھی شامل ہوئیں۔
دہلی کی وزیرِاعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ خواتین کے احترام اور خود انحصاری کے لیے اگر کسی رہنما نے کام کیا ہے تو وہ وزیرِاعظم نریندر مودی ہیں۔ وزیرِاعظم کی ہر اسکیم کے مرکز میں خواتین کو رکھا گیا ہے۔ آپ نے وہ کردیا جس کے بارے میں پہلے کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔ ملک کی بیٹیاں دل سے آپ کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ پورے ملک میں بالیکا چھاترواس (لڑکیوں کے ہاسٹل) بنانے کی اسکیم سے لڑکیوں کو فائدہ ہوگا۔
شہری ہاؤسنگ کے مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے۔ اس دن ہم ماتر شکتی سلام پیش کرتے ہیں۔ دہلی کے باشندوں کے لیے بھی یہ اہم دن ہے کیونکہ کئی منصوبوں کا فائدہ لوگوں کو ملنے والا ہے۔ 2013-14 تک صرف پانچ شہروں تک 245 کلومیٹر میٹرو لائن بنی تھی، لیکن اب 1100 کلومیٹر کا بڑا نیٹ ورک بن چکا ہے اور ہم دنیا میں میٹرو نیٹ ورک کے لحاظ سے تیسرے مقام پر ہیں۔ دہلی میں پانچ سو کلومیٹر میٹرو لائن کا جال بچھ چکا ہے۔ دہلی میں میٹرو سے آمدورفت آسان ہوئی ہے، جس سے شہریوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی آلودگی کے مسئلے کے حل میں بھی میٹرو اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیرِاعظم نریندر مودی نے دہلی میں 33,500 کروڑ روپے کی مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے سروجنی نگر میں جنرل پول رہائشی کمپلیکس (جی پی آر اے) کے ٹائپ-5 کوارٹرز کا دورہ کیا اور خواتین الاٹیز کوچابیاں سونپیں۔ وزیرِاعظم نے 8,300 کروڑ روپے کی دہلی میٹرو منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ اس میں دہلی میٹرو کے دو نئے کوریڈور مجلِس پارک - موج پور بابرپور (پنک لائن) تقریباً 12.3 کلومیٹر طویل اور دیپالی چوک - مجلِس پارک (میجنٹا لائن) تقریباً 9.9 کلومیٹر طویل لائن شامل ہیں۔ ان لائنوں سے براڑی، جگت پور-وزیرآباد، کھجوری خاص، بھجن پورہ، یمنا وہار، مدھوبن چوک، حیدرپور، بادلی موڑ، بھلسوا اور مجلِس پارک سمیت کئی علاقوں کو فائدہ ہوگا۔
وزیرِاعظم نے دہلی میٹرو کے پانچویں مرحلے اے کے تحت تین نئے کوریڈورز کا سنگِ بنیاد رکھا، جن کی مجموعی لمبائی تقریباً 16.10 کلومیٹر ہے۔ یہ کوریڈور آر کے آشرم مارگ سے اندراپراستھ، ایروسٹی سے اندرا گاندھی ایئرپورٹ ٹرمینل-1، تغلق آباد سے کالندی کنج ہیں۔ یہ کوریڈور قومی دارالحکومت کے کئی اہم مقامات کو براہِ راست جوڑیں گے اور نوئیڈا، جنوبی دہلی اور ایئرپورٹ کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے سہولت میں اضافہ کریں گے۔
وزیرِاعظم نے جی پی آر اے ری ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت 15,200 کروڑ روپے کی کئی منصوبوں کا بھی افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ منصوبے سروجنی نگر، نیتا جی نگر، کستوربا نگر اور سرینواس پوری جیسے اہم علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں اور سرکاری ملازمین اور انتظامی دفاتر کے لیے عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے حکومت کے بڑے منصوبے کا حصہ ہیں۔
دوسری زبان میں: English · हिन्दी
متعلقہ خبریں

رام مندر چندہ چوری معاملہ: جے رام رمیش کا سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ، بی جے پی پر بااثر افراد کو بچانے کا الزام

موجودہ عالمی غیر یقینی حالات کے باوجود ہندوستان مضبوطی سے آگے بڑھ رہا ہے : مودی

