بی جے پی کے او بی سی مورچہ میں 7 قومی نائب صدور اور 3 قومی جنرل سکریٹری مقرر


سیمی کنڈکٹر کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مشن شروع کیے جانے کے وقت کئی لوگوں نے سوال اٹھائے تھے کہ ہندوستان کو اس کی کیا ضرورت ہے اور اب اس شعبے میں بہت دیر ہو چکی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اگلے 20 برسوں میں ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے طلبہ سے پوری محنت کے ساتھ کام کرنے کا عزم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوگا۔مسٹر مودی نے ہفتہ کو مغربی بنگال میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کھڑگپور کے قیام کے 75ویں سال کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے گزشتہ چند برسوں میں اپنی سوچ کی حدود کو توڑ کر کئی شعبوں میں نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے غربت کے خاتمے، سیمی کنڈکٹر کی تیاری اور خلائی شعبے میں ہونے والی تبدیلیوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جو کام پہلے ناممکن سمجھے جاتے تھے، وہ آج ممکن ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ عالمی بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 12 سے 13 برسوں کے دوران ہندوستان میں 50 کروڑ افراد غربت سے باہر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریبوں کو بااختیار بنانے اور ان کی زندگی آسان کرنے کے لیے کئی اسکیمیں شروع کی ہیں۔
سیمی کنڈکٹر کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مشن شروع کیے جانے کے وقت کئی لوگوں نے سوال اٹھائے تھے کہ ہندوستان کو اس کی کیا ضرورت ہے اور اب اس شعبے میں بہت دیر ہو چکی ہے۔ لیکن حکومت نے اس سمت میں کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ چار برسوں کے اندر ملک میں سیمی کنڈکٹر کی کئی سہولیات شروع ہو چکی ہیں اور ہندوستان چِپ برآمد کرنے لگا ہے۔خلائی شعبے میں تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے اسرو سے باہر کے نوجوانوں کے لیے اس شعبے میں مواقع محدود تھے۔ حکومت نے خلائی شعبے کو نوجوانوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے آئی آئی ٹی کھڑگپور کے سابق طالب علم پون کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسکائی روٹ ایرو اسپیس کی بنیاد رکھ کر ہندوستان کے پہلے نجی راکٹ لانچ میں تعاون کیا۔
مسٹر مودی نے طلبہ سے کہا کہ آنے والی دو دہائیاں ان کی زندگی کے سب سے اہم برس ہوں گے۔ 2047 تک ان میں سے کئی افراد قیادت کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہوں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے ملک کے چیلنجوں کی شناخت کرنے اور ان کے حل میں اپنا تعاون دینے کی اپیل کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ طلبہ کو ہمیشہ نیشن فرسٹ یعنی ملک مقدم کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور کے 100 سال مکمل ہونے کی تقریب ترقی یافتہ ہندوستان میں منعقد ہوگی۔
admin







