بی جے پی کے او بی سی مورچہ میں 7 قومی نائب صدور اور 3 قومی جنرل سکریٹری مقرر


سرحدی ریاست میں امن برقرار رکھنا اور ترقی کو یقینی بنانا، دونوں ہی یکساں طور پر ضروری ہیں۔ اروناچل پردیش کی بین الاقوامی سرحدیں 3 ممالک کے ساتھ مجموعی طور پر 1,863 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہیں، جن میں تبت-چین کے ساتھ 1,126 کلومیٹر، میانمار کے ساتھ 520 کلومیٹر اور بھوٹان کے ساتھ 217 کلومیٹر کی سرحد شامل ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کے روز اروناچل پردیش میں مجوزہ 11,200 میگاواٹ کے 'سیا نگ اپر ملٹی پرپز پروجیکٹ (ایس یو ایم پی) کو اروناچل پردیش کی ترقی اور ملک کی توانائی سلامتی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔مسٹر شاہ نے سیا نگ علاقے کے لوگوں، خاص طور پر آدی برادری کو یقین دلایا کہ مرکزی حکومت بات چیت کے ذریعے ان کے خدشات دور کرے گی اور ان کی ثقافتی شناخت، حقوق اور مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔باندر دیوا میں واقع پولیس تربیتی مرکز (پی ٹی سی) میں اروناچل پردیش پولیس کو باوقار 'پریزیڈنٹس پولیس کلرس سے نوازنے کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ یہ اہم آبی بجلی پروجیکٹ ہندوستان کی توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا اور ریاست کی اقتصادی ترقی اور آمدنی میں اضافے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس پروجیکٹ کو اروناچل پردیش کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوطی ملے گی اور ریاست کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔
مجوزہ پروجیکٹ کے تعلق سے، خاص طور پر سیا نگ علاقے کے لوگوں کے خدشات پر وزیر داخلہ نے کہا کہ مرکزی حکومت متاثرہ برادریوں کے ساتھ مثبت بات چیت اور مشاورت کرے گی، تاکہ اعتماد قائم ہو اور باہمی رضامندی سے حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے سیا نگ علاقے کے لوگوں، خاص طور پر آدی برادری کے افراد کو یقین دلایا کہ ان کی ثقافتی شناخت، روایتی حقوق اور مفادات پوری طرح محفوظ رہیں گے۔ انہوں نے کہامیں سیا نگ کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم آپ کے ساتھ مثبت اور تعمیری بات چیت کریں گے، تاکہ اس پروجیکٹ کے بارے میں آپ کا اعتماد قائم ہوسکے۔ بات چیت کے ذریعے ہی ہم آپ کے خدشات کا حل نکال سکتے ہیں۔ آپ کو اس بارے میں فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ حکومت آدی برادری کی روایات اور ثقافتی ورثے کا احترام کرتی ہے، مسٹر شاہ نے کہا کہ ترقی کی خاطر مقامی باشندوں کی شناخت اور حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاہم آپ کی ثقافت اور اس سے وابستہ ہر چیز کو ترجیح دیتے ہوئے آگے بڑھنے کا راستہ نکالیں گے۔ آپ ریاستی حکومت اور محکمہ داخلہ کے ساتھ رابطہ قائم کریں اور بات چیت کریں۔ یہ پروجیکٹ اروناچل کے نوجوانوں کے مستقبل اور ترقی کے لیے ہے اور ہم اسے صرف آپ کے اعتماد کے ساتھ ہی آگے بڑھائیں گے۔ مرکزی حکومت لوگوں کے حقوق اور شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔مسٹر شاہ نے یقین دلایا کہ حکومت اس پروجیکٹ سے متاثر ہونے والے لوگوں کے لیے ملک کے سب سے زیادہ پرکشش بازآبادکاری اور دوبارہ آباد کرنے کے پیکیجوں میں سے ایک فراہم کرے گی۔ ان کے یہ بیانات سیا نگ علاقے کے کچھ لوگوں کی جانب سے مجوزہ بڑے پروجیکٹ کی مخالفت اور خدشات کے درمیان سامنے آئے ہیں، جہاں مقامی تنظیموں اور برادریوں نے اس کے ممکنہ سماجی، ماحولیاتی اور ثقافتی اثرات پر تشویش ظاہر کی ہے۔مسٹر شاہ نے اروناچل پردیش کی اسٹریٹجک اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ریاست کی حساس جغرافیائی حیثیت کے باعث ملک کی سلامتی کے لیے اس کا محفوظ رہنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سرحدی ریاست میں امن برقرار رکھنا اور ترقی کو یقینی بنانا، دونوں ہی یکساں طور پر ضروری ہیں۔ اروناچل پردیش کی بین الاقوامی سرحدیں 3 ممالک کے ساتھ مجموعی طور پر 1,863 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہیں، جن میں تبت-چین کے ساتھ 1,126 کلومیٹر، میانمار کے ساتھ 520 کلومیٹر اور بھوٹان کے ساتھ 217 کلومیٹر کی سرحد شامل ہے۔
منشیات کی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے اروناچل پردیش کو منشیات کی اسمگلنگ کے راستے کا ایک حصہ قرار دیا اور منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف مسلسل چوکس رہنے اور مؤثر کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے منشیات سے متعلق سرگرمیوں سے نمٹنے میں اروناچل پولیس کی مستعدی اور کوششوں کی ستائش کی۔
اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو نے 'پریزیڈنٹس پولیس کلر' سے نوازے جانے کو اروناچل پردیش کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم دن قرار دیا۔ انہوں نے اسے ملک میں کسی پولیس فورس کو دیے جانے والے اعلیٰ ترین ادارہ جاتی اعزازات میں سے ایک بتایا۔ اس اعزاز کے لیے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور مسٹر شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کھانڈو نے اس کامیابی پر اروناچل پردیش پولیس کے تمام اہلکاروں، خواہ وہ خدمات انجام دے رہے ہوں یا سبکدوش ہوچکے ہوں، کو مبارکباد دی۔
ریاستی پولیس فورس کے ارتقائی سفر کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے یاد دلایا کہ ابتدا میں اروناچل پردیش سلامتی کے لیے آسام رائفلز پر انحصار کرتا تھا۔ اروناچل پردیش پولیس کا قیام 1971 میں 'نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ایجنسی' (نیفا) کے دور میں عمل میں آیا تھا اور ابتدا میں اس کا صدر دفتر شیلانگ سے کام کرتا تھا۔ بعد ازاں 1973 میں باندر دیوا میں پولیس تربیتی مرکز قائم کیا گیا۔
مسٹر کھانڈو نے بتایا کہ معمولی آغاز سے لے کر آج تک یہ فورس کئی دہائیوں کے دوران کافی وسیع ہوچکی ہے۔ اب اس میں 4 رینج، 29 پولیس تھانے، اروناچل پردیش پولیس کی 5 بٹالین، انڈیا ریزرو پولیس کی 5 بٹالین اور تقریباً 16,500 اہلکار شامل ہیں۔
اروناچل پردیش کے 3 روزہ دورے پر آئے مسٹر شاہ آج بعد میں لوک بھون میں ریاستی حکومت کے سینئر افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس کریں گے۔ ان اجلاسوں میں ترقیاتی کاموں، بنیادی ڈھانچے کی توسیع، داخلی سلامتی اور سرحدی علاقوں کی ترقی پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وہ اتوار کو دورجی کھانڈو اسٹیٹ کنونشن سینٹر میں ایک پروگرام میں شرکت کریں گے، جہاں وہ 'اروناچل پردیش کوآپریشن ویژن ڈاکیومنٹ 2047' (تعاون سے متعلق وژن دستاویز 2047) جاری کریں گے، 'کوآپریشن ایوارڈز' پیش کریں گے اور 'سرس میلہ' کا افتتاح کریں گے۔ نئی دہلی روانہ ہونے سے پہلے وہ ہولونگی میں قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی 12ویں بٹالین کے مستقل احاطے کا بھی افتتاح کریں گے۔
admin







