بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے چھٹھ گھاٹوں کا معائنہ کیا


رینبو میدان میں عظیم الشان ثقافتی تقریب کا انعقاد، وزیر اعلیٰ نے کیا افتتاح؛ اکشرہ سنگھ مسلسل تیسرے سال رکھ رہی ہیں چھٹھ کا ورت، کئی معروف گلوکاروں نے چھٹھ گیتوں سے باندھا سماں
پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اتوار کو بھوجپوری اداکارہ اور گلوکارہ اکشرہ سنگھ کے زیر اہتمام چھٹھ مہاپرو کے ثقافتی پروگرام میں شریک ہوئے۔ پٹنہ کے کنکڑباغ واقع رینبو میدان میں منعقدہ اس عظیم الشان تقریب میں وزیر اعلیٰ نے شرکت کرتے ہوئے پروگرام کا افتتاح کیا اور ریاست کے عوام کو چھٹھ مہاپرو کی مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اکشرہ سنگھ کے زیر اہتمام منعقدہ ثقافتی پروگرام میں شرکت کرکے انہیں عقیدت اور چھٹھ کی روحانیت سے معمور ماحول کا خوشگوار احساس ہوا۔
وزیر اعلیٰ کے ساتھ ریاست کے امداد باہمی کے وزیر رام کرپال یادو اور کمہراڑ کے رکن اسمبلی سنجے گپتا بھی موجود تھے۔ پروگرام میں معروف گلوکارہ ریتیکا راج سنگھ، سگم سنگھ اور پریا ملک سمیت متعدد فنکاروں نے چھٹھ کے روایتی گیت پیش کیے، جس سے پورا ماحول چھٹھ کی عقیدت اور تہذیبی رنگ میں ڈوب گیا۔
مسلسل تیسرے سال چھٹھ کا ورت رکھ رہی ہیں اکشرہ سنگھ
اکشرہ سنگھ گزشتہ تین برسوں سے پٹنہ میں ہی چھٹھ مہاپرو مناتی آ رہی ہیں۔ اس سال بھی انہوں نے پورے مذہبی جوش و خروش اور روایتی انداز میں چھٹھ کا ورت رکھا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت اور پروگرام کا افتتاح ان کے لیے باعث مسرت ہے۔ اکشرہ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ بہار کی بیٹی اپنے آبائی شہر پٹنہ میں اس قدر بڑے پیمانے پر چھٹھ کا ثقافتی پروگرام منعقد کر سکے گی۔ چھٹھی میّا کی کرپا سے یہ سب ممکن ہو سکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھٹھ مہاپرو کی عظمت اب صرف بہار یا ملک تک محدود نہیں رہی، بلکہ دنیا بھر میں اس تہوار کی پہچان بڑھ رہی ہے اور یہ ایک عالمی تہذیبی و مذہبی شناخت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
دیگھا گھاٹ پر ڈوبتے سورج کو دیا اَرگھ
ثقافتی پروگرام سے قبل اکشرہ سنگھ نے پٹنہ کے دیگھا گھاٹ پہنچ کر ڈوبتے ہوئے سورج کو اَرگھ پیش کیا۔ وہ پیر کی صبح طلوع آفتاب کے وقت بھی سورج دیوتا کو اَرگھ پیش کرنے کے بعد اپنا ورت مکمل کریں گی۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے پٹنہ واقع رہائش گاہ پر مٹی کے چولہے پر روایتی طریقے سے چھٹھ کا پرساد بھی تیار کیا۔ ان کے گھر پر ہفتہ کے روز مکوما کے رکن اسمبلی اننت سنگھ بھی پہنچے تھے اور انہوں نے کھَرنا کا پرساد تناول کیا تھا۔
admin