اکشرہ سنگھ کے چھٹھ پروگرام میں پہنچے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری


عظیم تہوار چھٹھ کے پیش نظر پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن نے 100 سے زیادہ گنگا گھاٹوں پر ارگھ پیش کرنے کے انتظامات کیے ہیں۔
لوک عقیدت کے عظیم تہوار چھٹھ پر لوگوں میں زبردست جوش و خروش اور رونق دیکھنے کو مل رہی ہے۔ چھٹھ کے عظیم تہوار کا آج تیسرا دن ہے۔ آج شام بڑی تعداد میں چھٹھ کا ورت رکھنے والی خواتین ڈوبتے ہوئے سورج کو ارگھ پیش کریں گی۔ اس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ چھٹھ کے پیش نظر راجدھانی پٹنہ کے گنگا گھاٹ سج دھج کر تیار ہو گئے ہیں۔ راجدھانی پٹنہ کے لوگ آج ڈوبتے ہوئے سورج کو ارگھ پیش کریں گے، جس کے لیے صفائی ستھرائی سے لے کر حفاظتی انتظامات اور دیگر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وہیں چھٹھ کا ورت رکھنے والی خواتین میں جوش و خروش اور رونق قابل دید ہے۔ آج پوری راجدھانی چھٹھ کے رنگ میں رنگی ہوئی ہے۔ گھروں سے لے کر گھاٹوں تک اور گلیوں سے لے کر سڑکوں تک ہر طرف دلکش سجاوٹ نظر آ رہی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ بھی پوری طرح چوکس ہے۔
چھٹھ کے موقع پر راجدھانی پٹنہ سمیت پورے بہار کے گھروں میں چھٹھ کے گیت گونجنے لگے ہیں۔ ''کیلوا جے پھریلا گھود سے، اوہ پر سگوا منڈراے، آدِت لیہو مور ارگھیا، درش دکھاؤ اے دیناناتھ، اُگی ہے سورج دیو، ہے چھٹھی میا توہر مہما اپار، کانچ ہی بانس کے بہنگیا، بہنگی لچکت جائے'' جیسے گیت سننے کو مل رہے ہیں۔
ریاستی حکومت نے ہر چھٹھ گھاٹ پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔ اہم گھاٹوں پر غوطہ خوروں کے ساتھ کافی تعداد میں حفاظتی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی طرح کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ راجدھانی میں گنگا گھاٹوں کی حفاظت پر پوری توجہ دی جا رہی ہے۔ خاص طور پر کسی بھی طرح کی بھگدڑ نہ مچے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ پوری کوشش کر رہی ہے۔
عظیم تہوار چھٹھ کے پیش نظر پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن نے 100 سے زیادہ گنگا گھاٹوں پر ارگھ پیش کرنے کے انتظامات کیے ہیں۔
پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے پارکوں اور عوامی مقامات پر بنے تالابوں میں گنگا کا پانی ڈالا جا رہا ہے۔ عارضی اور مستقل دونوں طرح کے تالابوں میں مفت گنگا کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ چھٹھ گھاٹوں پر طبی سہولتوں کے بھی پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہنگامی صورت حال میں ایمبولینس کی مدد لی جا سکتی ہے۔
عقیدت مندوں اور ورت رکھنے والی خواتین کی سہولت، حفاظت، صفائی ستھرائی اور آمد و رفت کو آسان بنانے کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں گنگا کنارے واقع گھاٹوں پر ضروری انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ گھاٹوں پر صفائی ستھرائی، وہاں تک پہنچنے کے راستے، حفاظتی رکاوٹیں، روشنی کا انتظام، چینجنگ رومز، مسافروں کے لیے شیڈ، کنٹرول روم، نگرانی کے مینار، پارکنگ، داخلے اور باہر نکلنے کے راستوں سمیت تمام ضروری سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ عقیدت مندوں کی حفاظت کو سب سے زیادہ ترجیح دیتے ہوئے خطرناک گھاٹوں پر خصوصی احتیاط برتی جا رہی ہے۔ وہیں صفائی کے پیش نظر اس سال چھٹھ کے عظیم تہوار کو مکمل طور پر کچرے سے پاک تقریب کے طور پر منعقد کرنے کی خصوصی پہل کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مسٹر چودھری نے بھگوان سورج اور چھٹھی میا سے سبھی کی زندگی میں خوشی، امن، خوشحالی اور اچھی صحت برقرار رکھنے کی پرارتھنا کی ہے۔
مسٹر چودھری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ عقیدت کے عظیم تہوار چھٹھ پوجا کے تیسرے مرحلے یعنی شام کے ارگھ کے مقدس موقع پر تمام ریاستی باشندوں کو دلی مبارک باد اور نیک خواہشات۔ انہوں نے پرارتھنا کی کہ ڈوبتے ہوئے بھگوان سورج اور چھٹھی میا کی کرپا سے سبھی کی زندگی میں خوشی، امن، خوشحالی اور صحت مندی آئے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک دوسرے پیغام میں کہا کہ سورج کی سنہری کرنیں عقیدت کی روشنی سے سبھی کی زندگیوں کو روشن کریں اور چھٹھی میا کے آشیرواد سے ہر آنگن خوشیوں سے بھر جائے۔ ڈوبتے ہوئے سورج کو ارگھ پیش کرنے کی عقیدت اور طلوع ہوتے سورج کے استقبال کا مقدس لمحہ سبھی کی زندگی میں صبر، یقین اور نئی توانائی پیدا کرے۔ انہوں نے ریاست کے لوگوں پر بھگوان سورج اور چھٹھی مایا کی کرپا ہمیشہ برقرار رہنے کی پرارتھنا کی۔
واضح رہے کہ چھٹھ کے چار روزہ تہوار کے دوسرے دن کل ورت رکھنے والی خواتین نے پوری عقیدت اور پاکیزگی کے ساتھ بھگوان بھاسکر کی پوجا کرکے کھرنا کی رسم ادا کی۔ انہوں نے بھگوان بھاسکر کو گڑ والی کھیر اور گھی کی روٹی کا بھوگ لگایا اور خود بھی اسے کھایا۔ اس کے ساتھ ہی بھائی بندوں، دوستوں اور جاننے والوں میں کھرنا کا پرساد تقسیم کیا۔ آج ڈوبتے ہوئے سورج کو پہلا ارگھ پیش کیا جائے گا۔ کل طلوع ہوتے سورج کو ارگھ دینے کے بعد پارن کے ساتھ ہی اس عظیم تہوار کی چار روزہ پوجا مکمل ہو جائے گی۔
admin