مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

بہار میں ندیوں سے نکالی گئی گاد قومی شاہراہوں کی تعمیر میں استعمال ہوگی

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

27 منصوبوں میں 835 لاکھ مکعب میٹر گاد کے استعمال کی تجویز ہے۔مسٹر گڈکری نے اس موقع پر کہا کہ سائنسی طریقے سے گاد نکالنے سے پانی کے بہاؤ اور نکاسی کے نظام میں بہتری آئے گی

نئی دہلی، 03 نومبر (یواین آئی) سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت اور بہار حکومت نے دریاؤں اور دیگر آبی ذخائر سے سائنسی طریقے سے گاد نکالنے اور اسے قومی شاہراہوں کی تعمیر میں استعمال کرنے کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اور بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی موجودگی میں منگل کو اس مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ اس کا مقصد آبی ذخائر کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، سیلاب کے خطرات میں کمی، زرعی اراضی کا تحفظ اور شاہراہوں کی تعمیر کے لیے مفید مواد فراہم کرنے کے ساتھ دریاؤں کی بحالی کو فروغ دینا ہے۔ 'ندی سنجیونی' نامی اس پہل کے تحت قومی شاہراہوں کے 16 زیر تعمیر منصوبوں میں 243 لاکھ مکعب میٹر گاد استعمال کی جائے گی، جبکہ مستقبل کے 27 منصوبوں میں 835 لاکھ مکعب میٹر گاد کے استعمال کی تجویز ہے۔مسٹر گڈکری نے اس موقع پر کہا کہ سائنسی طریقے سے گاد نکالنے سے پانی کے بہاؤ اور نکاسی کے نظام میں بہتری آئے گی، جبکہ سڑکوں کی تعمیر میں اس گاد کے استعمال سے لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی۔مسٹر چودھری نے کہا کہ ریاست میں بار بار آنے والے سیلاب سے کسانوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاد کے انتظام کے لیے بہار آبی وسائل کی بحالی اور گاد کے انتظام سے متعلق پالیسی 2026 تیار کی گئی ہے۔

بہار میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے 39 منصوبے زیر تعمیر ہیں، جن پر 58,340 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ 11 منصوبے مجوزہ ہیں، جن میں 1,85,200 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ مفاہمت نامے کے تحت گاد نکالنے اور اس کے استعمال کا کام تکنیکی جانچ اور ماحولیاتی معیارات کے مطابق کیا جائے گا۔بہار میں قومی شاہراہوں کا نیٹ ورک 2014 میں 4,615 کلومیٹر تھا، جو بڑھ کر اب تقریباً 6,500 کلومیٹر ہو گیا ہے۔

بہار کی مزید خبریں

سب دیکھیں