مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
قومی

داؤد ابراہیم سے منسوب 162 سالہ قدیم مسافر خانہ منہدم

Awaz E Bihar5 منٹ کی پڑھائی

مسافر خانے کے گراؤنڈ فلور پر واقع مسجد کی منتقلی کا معاملہ انہدامی کارروائی میں اہم رکاوٹ بن کر سامنے آیا تھا۔ عمارت کے بیشتر حصوں کو خالی کرائے جانے کے باوجود نماز گاہ کے استعمال اور اس کی متبادل جگہ کے انتظام پر مقامی افراد اور متعلقہ حکام کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے

ممبئی کے جنوبی علاقے بھنڈی بازار میں واقع 162 سالہ قدیم تاریخی حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ کو منہدم کرنے کی کارروائی جمعرات کو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے شروع کردی۔ یہ عمارت مفرور انڈرورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم سے تاریخی طور پر منسوب رہی ہے اور اس کی وجہ سے ماضی میں بھی یہ عمارت خاصی شہرت رکھتی رہی ہے۔انہدامی کارروائی کے دوران علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس کا بھاری بندوبست اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ کارروائی پُرامن ماحول میں مکمل ہو اور کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتِ حال پیدا نہ ہو۔ بی ایم سی کے افسران موقع پر موجود رہ کر انہدامی کارروائی کی نگرانی کررہے ہیں، جبکہ پولیس اہلکاروں کو عمارت کے اطراف اور ملحقہ راستوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ آمدورفت کو بھی منظم کیا جاسکے۔یہ کارروائی عمارت کی خستہ حالی، اس کی تاریخی حیثیت اور بھنڈی بازار کے وسیع تر بازآبادکاری منصوبے کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔بی ایم سی اور مہاڈا نے مذکورہ عمارت کو سی ون (C-1) زمرے میں شامل کرتے ہوئے انتہائی مخدوش اور ناقابلِ رہائش قرار دیا تھا۔ اس زمرے میں شامل عمارتوں کو انسانی جانوں کے لیے خطرناک تصور کیا جاتا ہے اور انہیں فوری طور پر منہدم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

میونسپل حکام کے مطابق عمارت کی خستہ حالت کے پیش نظر وہاں موجود افراد، عبادت کے لیے آنے والوں اور راہگیروں کی سلامتی کو خطرات لاحق تھے۔ اسی بنیاد پر عمارت خالی کرانے اور انہدامی کارروائی کے لیے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔یہ کارروائی ممبئی میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1888 کی دفعہ 354 کے تحت اور بمبئی ہائی کورٹ کے 31 اگست 2020 کے حکم سے متعلق قانونی کارروائی کے تناظر میں کی جارہی ہے۔مسافر خانے کے گراؤنڈ فلور پر واقع مسجد کی منتقلی کا معاملہ انہدامی کارروائی میں اہم رکاوٹ بن کر سامنے آیا تھا۔ عمارت کے بیشتر حصوں کو خالی کرائے جانے کے باوجود نماز گاہ کے استعمال اور اس کی متبادل جگہ کے انتظام پر مقامی افراد اور متعلقہ حکام کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔

بھنڈی بازار کے کلسٹر ری ڈیولپمنٹ منصوبے پر عمل درآمد کرنے والے سیفی برہانی اپلفٹمنٹ ٹرسٹ (ایس بی یو ٹی) نے نماز کی ادائیگی کے لیے سیکٹر 4 میں واقع النصر ٹاور میں متبادل جگہ فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ اس کے علاوہ کرایہ کی مالی معاونت کا متبادل بھی پیش کیا گیا تھا۔تاہم، مسجد سے وابستہ افراد اور مقامی باشندوں کا مطالبہ تھا کہ بازآبادکاری کے بعد اسی مقام پر مستقل طور پر عبادت گاہ کی سہولت فراہم کی جائے۔ مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل نے بھی اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے قانونی رکاوٹوں اور عدالتی احکامات سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔ان اعتراضات اور قانونی امور کے سبب بدھ کو انہدامی کارروائی شروع نہیں ہوسکی تھی، تاہم جمعرات کو بی ایم سی نے پولیس کے سخت بندوبست کے درمیان کارروائی کا آغاز کردیا۔

1864 میں تعمیر کیا گیا حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ بنیادی طور پر حج کے لیے ممبئی آنے والے عازمین اور دیگر مسافروں کی عارضی رہائش کے مقصد سے قائم کیا گیا تھا۔ اس عمارت نے کئی دہائیوں تک مسافروں کو قیام کی سہولت فراہم کی۔ بعد ازاں اس کے مختلف حصوں میں رہائشی کمرے، دکانیں اور تجارتی سرگرمیاں بھی شروع ہوگئیں۔

یہ عمارت اس وقت مزید شہرت کا باعث بنی جب داؤد ابراہیم کے خاندان نے یہاں قیام کیا۔ داؤد کے والد ابراہیم کاسکر ممبئی پولیس میں کانسٹیبل تھے اور ان کا خاندان پاکموڈیا اسٹریٹ کے اس مسافر خانے میں رہائش پذیر تھا۔

اسی علاقے میں داؤد ابراہیم نے اپنی زندگی کا ابتدائی دور گزارا اور بعد میں ممبئی کے انڈرورلڈ میں ایک نمایاں نام بن کر ابھرا۔ اس کے نام سے منسوب ڈی کمپنی نے بعد کے برسوں میں ملک اور بیرون ملک جرائم کی دنیا میں اپنی سرگرمیوں کے باعث شہرت حاصل کی۔یہ عمارت ممبئی کے انڈرورلڈ کی تاریخ کے کئی واقعات اور داؤد ابراہیم کے ابتدائی دور سے متعلق تذکروں میں بھی شامل رہی ہے۔متعدد ہندی فلموں میں بھی اسکا تزکرہ اور اسکے فوٹیج دکھلائے گئے ہے

داؤد ابراہیم 1986 میں ہندوستان سے فرار ہوگیا تھا اور وہ ملک کو مطلوب مفرور ملزمان میں شامل ہے۔

حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ بھنڈی بازار کے وسیع تر کلسٹر ری ڈیولپمنٹ منصوبے کا حصہ ہے، جس پر سیفی برہانی اپلفٹمنٹ ٹرسٹ عمل درآمد کررہا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد علاقے کی قدیم اور خستہ حال عمارتوں کی جگہ جدید رہائشی و تجارتی عمارتیں تعمیر کرنا، سڑکوں کو کشادہ بنانا اور بنیادی شہری سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔اطلاعات کے مطابق مسافر خانے کا ایک حصہ مجوزہ اندرونی سڑک کی توسیع کی زد میں بھی آرہا تھا، جس کے سبب اس عمارت کو ہٹانا ترقیاتی منصوبے کے لیے ضروری قرار دیا گیا۔بھنڈی بازار ممبئی کے قدیم اور گنجان آباد علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں تنگ گلیاں، پرانی عمارتیں، محدود شہری سہولیات اور آبادی کا دباؤ طویل عرصے سے بڑے مسائل رہے ہیں۔ ایسے میں اس علاقے کی بازآبادکاری کو شہری بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ایک اہم منصوبہ تصور کیا جارہا ہے۔

162 سالہ قدیم مسافر خانے کا انہدام نہ صرف بھنڈی بازار کی تعمیر نو کے عمل میں ایک اہم مرحلہ ہے بلکہ یہ عمارت ممبئی کی تاریخی، سماجی اور انڈرورلڈ سے جڑی ماضی کی کہانیوں کا بھی ایک حصہ رہی ہے۔