مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
قومی

مرکزی حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے: ریونت ریڈی

Awaz E Bihar6 منٹ کی پڑھائی

مسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو چیلنج دیا کہ وہ حیدرآباد لوک سبھا حلقے سے انتخاب لڑیں اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی کو شکست دے کر دکھائیں۔

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے، سماج میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور غریبوں کو ان کے حقِ رائے دہی سے محروم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔

مسٹر ریڈی نے یہاں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ 12 برسوں کے دوران لوگوں کے ذہنوں میں جو خوف پیدا کیا تھا، اسے نوجوانوں نے محض 12 دنوں میں ختم کردیا ہے۔ مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف اپوزیشن کی مہم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ووٹ دینے کے حق سے محروم کرنے اور کئی دہائیوں کی جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والے ان کے حقوق چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور پنڈت جواہر لعل نہرو نے ترقی کا ایسا تصور پیش کیا تھا جس کے ثمرات سماج کے ہر غریب فرد تک پہنچیں، لیکن مسٹر مودی نے مبینہ طور پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور محکمہ انکم ٹیکس جیسی ایجنسیوں کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔

مسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ راہل گاندھی کا نعرہ 'ووٹ چور، گدی چھوڑ' عوام میں مقبول ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر غریبوں کے حقِ رائے دہی کو چھیننے کی کوشش کی جاتی ہے تو دنیا کے کسی بھی حصے میں رہنے والے افراد کو اس کے خلاف آواز اٹھانے کا حق حاصل ہے۔انقلابی رہنما چی گویرا کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جہاں کہیں انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والے لوگوں کی مدد کی ضرورت ہو، وہاں پہنچنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ وزیر اعظم کے بیرون ملک دوروں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے نریندر مودی کو 'گھومنے والا وزیر اعظم' قرار دیا اور سوال کیا کہ انہوں نے کتنی بار بیرون ملک دورے کیے ہیں۔

انہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ سچائی کے مقابلے میں اقتدار کو زیادہ اہمیت دیتی ہے اور گمراہ کن معلومات کے ذریعے سیاست کرتی ہے۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ ملک کی آزادی کی تحریک کی قیادت کرنے والی کانگریس آئندہ ایک ہزار برس تک بھی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کانگریس میں شمولیت اس لیے اختیار کی کیونکہ ملک کو راہل گاندھی کی ضرورت ہے۔مرکزی حکومت کے ساتھ اپنی حکومت کے تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مفادات کے لیے وہ سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کسی سے بھی ملاقات کرنے کے لیے تیار ہیں۔وزیر اعظم کے ساتھ حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے انہیں کھیلو انڈیا پروگرام میں شرکت کی دعوت دی ہے، جس میں آٹھ ہزار کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کو 7، 8 اور 9 دسمبر کو منعقد ہونے والی تلنگانہ گلوبل سمٹ میں بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اس عالمی اجلاس میں شرکت کرتے ہیں یا نہیں، اس کا فیصلہ مکمل طور پر ان پر منحصر ہے۔

مسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو چیلنج دیا کہ وہ حیدرآباد لوک سبھا حلقے سے انتخاب لڑیں اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی کو شکست دے کر دکھائیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں بی جے پی کی سیاسی طاقت کو بھی مسترد کرتے ہوئے جوبلی ہلز اسمبلی ضمنی انتخاب میں پارٹی کی خراب کارکردگی کا حوالہ دیا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کی نمائندگی والے اس حلقے میں بی جے پی اپنی ضمانت تک نہیں بچا سکی۔بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے مسٹر ریونت ریڈی نے کے چندر شیکھر راؤ کو اپنا سیاسی حریف قرار دیا، تاہم بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) کو سنجیدگی سے نہ لینے کی بات کہی۔ انہوں نے کے ٹی آر کو ایسا رہنما قرار دیا جو اپنے والد کے سیاسی اثر و رسوخ کی بدولت سیاست میں آگے بڑھے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی جماعتوں میں بدلے کی روایت کے چندر شیکھر راؤ نے ہی شروع کی تھی اور اب انہیں اس کے نتائج بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ ان کے مطابق، بی آر ایس کے رہنما غلط فہمیوں میں مبتلا ہیں اور زمینی حقائق کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس نے حال ہی میں سدی پیٹ میں بھی اپنا پرچم لہرا دیا ہے۔

مسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہمیں تلنگانہ کے چار کروڑ عوام کی ٹیم کی نمائندگی کرتا ہوں اور ان کے لیے جدوجہد کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی محنت اور جدوجہد کے ذریعے سیاسی سفر شروع کرنے کے محض 17 برسوں کے اندر وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے تک پہنچے ہیں۔

حکومت کے کام کاج اور ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے تین برسوں کے دوران اپنے 65 فیصد پروگراموں پر عمل درآمد کرلیا ہے اور باقی وعدوں کو آئندہ دو برسوں میں پورا کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں 10 فیصد حصہ داری کے ہدف کے ساتھ 'تلنگانہ رائزنگ 2047' کا وژن اختیار کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ریاست کی معیشت کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ترقیاتی سرگرمیوں کو وسعت دینے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ملک پر قرض کے حجم کا موازنہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم مودی سے پہلے تمام وزرائے اعظم کے دور میں ملک پر مجموعی طور پر 53 لاکھ کروڑ روپے کا قرض تھا، جبکہ مودی حکومت نے گزشتہ 12 برسوں میں اسے بڑھا کر 120 لاکھ کروڑ روپے کردیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عوام کا پیسہ صنعت کار گوتم اڈانی کی جیب میں جا رہا ہے۔اس کے برعکس، انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ریاست کی ترقی کے لیے وسائل جمع کر رہی ہے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

پارلیمانی حلقوں کی مجوزہ حد بندی (ڈیلیمٹیشن) اور نشستوں میں 50 فیصد اضافے کے امکان کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر ریونت ریڈی نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدام سے مرکزی حکومت کی تشکیل میں جنوبی ریاستوں کی اہمیت کم ہوسکتی ہے اور مستقبل میں حکومت سازی کا انحصار زیادہ تر شمالی ریاستوں پر ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں انہوں نے ریاستوں کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) اور آبادی کو بنیاد بنا کر 50 فیصد کا فارمولہ تجویز کیا ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس تجویز پر عمل درآمد سے بعض پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ ریاستی حکومت عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو تلنگانہ لانے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ لیونل میسی کو پہلے ہی ریاست میں لایا جاچکا ہے۔