مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

ریاست میں امن و قانون کی صورت حال تشویشناک: تیجسوی

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

بہار میں حکومت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہ گئی ہے۔ بدعنوانی اور جرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے سوال کیا کہ این ڈی اے کے ارکان اسمبلی پر سامنے آنے والے الزامات کے بارے میں ان کا کیا ردعمل ہے

بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے کارگزار قومی صدر تیجسوی یادو نے ریاست میں امن و قانون کی صورت حال کے حوالے سے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت کی سرپرستی کے باعث حکمراں اتحاد کے بعض ارکان اسمبلی اور وزرا کے حوصلے بلند ہیں اور بہار میں امن و قانون کی صورت حال تشویشناک ہے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ این ڈی اے کے بعض ارکان اسمبلی پر عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے، افسران کے قتل، بدعنوانی، بھتہ خوری، لوٹ مار اور ڈکیتی جیسے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔مسٹر یادو نے کہا کہ بہار میں حکومت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہ گئی ہے۔ بدعنوانی اور جرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے سوال کیا کہ این ڈی اے کے ارکان اسمبلی پر سامنے آنے والے الزامات کے بارے میں ان کا کیا ردعمل ہے۔

قائد حزب اختلاف نے بی جے پی کی رکن اسمبلی میتھلی ٹھاکر اور ان کے والد رمیش ٹھاکر پر دربھنگہ ضلع کے تاردیہ بلاک میں سرکاری زمین، عوامی سڑک، اجتماعی شرادھ استھل اور نجی اراضی پر غیر قانونی قبضہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ نے بھی اس معاملے میں قبضے کی تصدیق کی ہے۔مسٹر یادو نے دربھنگہ میں مغربی بنگال کے ایک صرافہ تاجر کے ڈرائیور کو گولی مار کر تقریباً 62 کلوگرام چاندی اور نقد رقم لوٹنے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے وشال مہاسیتھ پر بھی سوال اٹھائے، جن کے بارے میں مبینہ طور پر بی جے پی کے بعض رہنماؤں سے قربت بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس معاملے میں ریاستی حکومت کی جانب سے متوقع ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔آر جے ڈی رہنما نے بہار میں 44 ہزار زندہ کارتوس برآمد ہونے کے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے چندن تیواری، ابھیشیک تیواری، لالٹو کمار اور سرس کمار کے نام لیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس معاملے میں ملوث افراد کے تعلقات راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے بتائے جاتے ہیں اور اس گروہ نے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود کی اسمگلنگ بھی کی ہے۔قائد حزب اختلاف نے سیتامڑھی ضلع کے بیلسنڈ سے لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے ایک رکن اسمبلی پر مظفرپور اور سیتامڑھی اضلاع میں زمینوں پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے مطابق اس معاملے میں تقریباً 50 افراد کا ایک گروہ ملوث ہے، جو بھتہ خوری اور غریبوں کی زمینوں پر قبضے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔مسٹر یادو نے روہتاس ضلع کے ڈہری-ڈالمیا نگر نگر پریشد کے ایگزیکٹیو افسر کے قتل کے معاملے میں بھی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے ایک رکن اسمبلی کا نام آنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقتول افسر کی اہلیہ نے الزام لگایا ہے کہ کمیشن نہ دینے کے سبب ان کے شوہر کا قتل کرایا گیا۔ انہوں نے بھاگلپور میں اسی پارٹی کے ایک دیگر رکن اسمبلی پر زمین پر قبضے کے لیے دس راؤنڈ فائرنگ کرنے کا بھی الزام لگایا۔

مسٹر یادو نے بہار حکومت کے ایک وزیر سے متعلق دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور معاملے کو دبانے کے لیے مبینہ لین دین کے واقعے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے الزامات ریاست کی این ڈی اے حکومت کے طرز عمل پر سوالیہ نشان لگاتے ہیں۔