مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
قومی

عمر خالد اور شرجیل امام کو سپریم کورٹ سے نہیں ملی ضمانت

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

کپل سبل نے کہا کہ عمر خالد گزشتہ 6 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں۔

سپریم کورٹ نے دہلی فسادات سے جڑی بڑی سازش کے معاملے میں آج عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت عرضیوں پر سماعت کی۔ عدالت نے دونوں کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی صدارت والی بنچ اس معاملے کی سماعت کر رہی تھی۔ عدالت نے کہا کہ وہ عبوری ضمانت کی درخواست پر غور کرنے سے قبل پولیس کا موقف سننا چاہے گی۔ اس سلسلے میں عدالت نے دہلی پولیس کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

عمر خالد کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل پیش ہوئے۔ انہوں نے عبوری ضمانت کی عرضی پر غور کرنے کے لیے کہا۔ اس پر چییف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے کہا کہ آج نہیں۔ کپل سبل نے کہا کہ عمر خالد گزشتہ 6 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں۔ اس پر جسٹس جوئے مالیہ باگچی نے کہا کہ ’’آپ نے عبوری ضمانت سے متعلق مطالبہ کیا ہے۔ پہلے دوسرے فریق کو اس پر جواب دینے دیں۔‘‘

چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے کی سماعت کے لیے 3 ججوں کی بنچ تشکیل دی جانی ہے۔ شرجیل امام کی جانب سے پیش ہوئے وکیل سدھارتھ دوے نے اس پر اپنا اعتراض ظاہر کیا، تب چیف جسٹس نے کہا کہ ’’مسٹر دوے، مختلف خیالات کے ٹکراؤ کو دیکھتے ہوئے اس معاملے پر گہرائی سے غور کرنا ہوگا۔‘‘ کپل سبل نے بنچ سے اپیل کی کہ اس معاملے کو جلد از جلد سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا جائے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ ہمیں حقائق کی جانکاری ہے اور ہم نے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے۔ کپل سبل کے یہ پوچھنے پر کہ کیا اس معاملے کو عبوری راحت کی سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ اصل معاملے کو سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 5 جنوری 2026 کو جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجاریا کی بنچ نے شرجیل امام اور عمر خالد کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ حالانکہ اسی معاملے میں گلفشاں فاطمہ سمیت 5 دیگر ملزمین کو ضمانت دے دی گئی تھی۔ اس وقت عدالت نے ایک سال تک ضمانت نہ دینے کی شرط عائد کی تھی۔ درخواست گزاروں نے دلیل دی کہ سپریم کورٹ کی جانب سے عائد ایک سال کی پابندی جلد ہی ختم ہونے والی ہے۔ ایسے میں طویل عرصے سے جیل میں بند ہونے کے باعث انہیں ضمانت دی جانی چاہیے۔