ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع مسجد کو ہٹانے کا حکم


وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کئی برسوں سے نیپال کو پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر ضروری اشیا کی قابل اعتماد فراہمی کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال تیل کی فراہمی سے متعلق سنگین چیلنجز کے باوجود ہندوستان نے اپنی 'پڑوسی مقدم پالیسی کے جذبے کے مطابق نیپال کو ایندھن، کھاد اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی برقرار رکھی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے نیپال کی تعمیر نو اور طویل مدتی ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے 24 ہزار کروڑ نیپالی روپے کے ترقیاتی تعاون پیکیج کا اعلان کیا ہے۔مسٹر مودی نے ہندوستان کے دورے پر آئے نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ پریس بیان میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال کا رشتہ محض پڑوسی ہونے کا نہیں، بلکہ اپنائیت اور اٹوٹ اعتماد کا ہے۔ دونوں ممالک کی خوشیاں اور چیلنجز مشترک ہیں اور وہ ایک دوسرے کی ترقی میں شریک ہیں۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان آٹھ معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور ریل، سڑک، توانائی اور پیٹرولیم سے متعلق چھ منصوبوں کا آغاز اور افتتاح بھی کیا گیا۔دونوں وزرائے اعظم نے ورچوئل طریقے سے ایودھیا اور جنک پور کے درمیان سریو۔کملا ایکسپریس ریل سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔مسٹر مودی نے اگست میں نیپال میں آنے والے بھیانک سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مشکل وقت میں نیپال کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی تعمیر نو میں تعاون کرے گا۔
ہندوستان اور نیپال کے درمیان تعلیم، پولیس تربیت، انتظامیہ، صحت، روایتی طریقہ علاج ، خلائی ٹیکنالوجی اور شہری ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے آٹھ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے۔ان میں گاندھی نگر واقع نیشنل فارینسک سائنسز یونیورسٹی اور نیپال پولیس کے جرائم کی تحقیقات کے محکمے کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔اس کے علاوہ ہندوستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور نیپال کی نیشنل پولیس اکیڈمی کے درمیان بھی معاہدہ ہوا ہے۔نیپال کے سرکاری ملازمین کی تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے ہندوستان کے نیشنل سینٹر فار گڈ گورننس اور نیپال کے ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج کے درمیان معاہدہ کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے آیوروید اور دیگر روایتی طریقہ علاج، صحت اور طب، مویشی پروری اور ماہی پروری کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے لیے بھی معاہدے کیے ہیں۔ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) اور نیپال کی وزارت اطلاعات و مواصلات کے درمیان جنوبی ایشیا سیٹلائٹ کے استعمال کے لیے سیٹلائٹ مواصلاتی نیٹ ورک قائم کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔اس کے ساتھ ہی پائیدار شہری ترقی کے شعبے میں تکنیکی تعاون کے سلسلے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ کیا گیا ہے۔مشترکہ بیان میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے چھ منصوبوں کے آغاز، افتتاح اور پیش رفت سے متعلق اعلانات کیے گئے۔ ان میں ایودھیا اور جنک پور کے درمیان سریو۔ کملا ایکسپریس ریل سروس کا آغاز شامل ہے۔ہندوستان کے بنبسا میں نئی انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ کی بنیاد رکھی جائے گی۔ وہیں، بھیروہوا، سونولی اور دودھارا چاندنی میں انٹیگریٹڈ چیک پوسٹوں کی تعمیر میں ہوئی پیش رفت کا بھی ذکر کیا گیا۔دھارچولا (ہندوستان) اور دارچولا (نیپال) کے درمیان نئے سرحد پار موٹر گاڑی پل کا افتتاح کیا گیا۔ توانائی کے شعبے میں 669 میگاواٹ کے لوئر ارون پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔اس کے علاوہ موتیہاری۔املیکھ گنج پیٹرولیم پائپ لائن کے دوسرے مرحلے کو قوم کے نام وقف کیا گیا۔ مجوزہ سلی گوڑی۔جھاپا پیٹرولیم پائپ لائن سے متعلق جھاپا پیٹرولیم ٹرمینل کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔مسٹر مودی نے نیپال میں اسٹارٹ اَپ انکیوبیٹر، اختراعی مرکز اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کا ایک غیر ملکی کیمپس قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیپالی طلبہ کے لیے ہندوستان میں قانون اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اسکالرشپ کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ غذائی اشیا کی پروسیسنگ اور زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافے کو فروغ دینے کے لیے نیپال میں زرعی صنعتی پارکوں کی ترقی میں بھی ہندوستان تعاون کرے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کئی برسوں سے نیپال کو پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر ضروری اشیا کی قابل اعتماد فراہمی کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال تیل کی فراہمی سے متعلق سنگین چیلنجز کے باوجود ہندوستان نے اپنی 'پڑوسی مقدم ' پالیسی کے جذبے کے مطابق نیپال کو ایندھن، کھاد اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی برقرار رکھی۔مسٹر مودی نے ہندوستان اور نیپال کے تعلقات کو مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور عوام کے درمیان گہرے رشتوں پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان رام اور ماتا سیتا دونوں ممالک کی مشترکہ تہذیب اور عقیدے کی علامت ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان اور نیپال ایک دوسرے کی ترقی میں شریک ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بنتے ہیں۔
admin







