سماجوادی پارٹی اور کانگریس اتحاد پر بات چیت مثبت ہوئی


بی جے پی اور اکالی دل کے سرکردہ رہنماؤں کی موجودگی میں مسٹر شاہ نے اکالی دل کی این ڈی اے میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔
نئی دہلی، 24 نومبر (یواین آئی) شرومنی اکالی دل منگل کو چھ سال بعد ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں شامل ہوگیا اور اس نے پنجاب میں اسمبلی انتخابات بی جے پی کے ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین، پارٹی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے منگل کو یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس سلسلے میں اعلان کیا۔ اکالی دل نے مودی حکومت کے تین متنازع زرعی قوانین کے خلاف ستمبر 2020 میں بی جے پی سے اپنا 24 سال پرانا رشتہ توڑ لیا تھا۔ اکالی دل کی رہنما ہرسمرت کور نے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔ بعد ازاں مودی حکومت نے ان تینوں قوانین کو منسوخ کردیا تھا۔
مسٹر بادل نے کہا کہ یہ محض ایک سیاسی سمجھوتہ نہیں، بلکہ پنجاب کے مفاد میں قائم کیا گیا ایک جذباتی اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکالی دل کوئی نئی سیاسی جماعت نہیں ہے، بلکہ 106 سال کی شاندار تاریخ کے ساتھ ہندوستان کی قدیم ترین جماعتوں میں سے ایک ہے۔ ملک کی آزادی کی جدوجہد سے لے کر پنجاب کی ترقی اور فلاح و بہبود تک اس تاریخی جماعت کا انتہائی اہم کردار رہا ہے۔ یہ اتحاد ریاست میں امن و سکون، خوشحالی اور ترقی کے لیے وقف ہے۔
بی جے پی اور اکالی دل کے سرکردہ رہنماؤں کی موجودگی میں مسٹر شاہ نے اکالی دل کی این ڈی اے میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہاجب پورا ملک شری گرو نانک دیو کا پرکاش پرو منا رہا ہے، ایسے وقت میں ہم سب کے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ ہمارا سب سے پرانا ساتھی شرومنی اکالی دل ایک بار پھر ہمارے ساتھ آگیا ہے۔ انہوں نے مسٹر بادل اور اکالی دل کے تمام رہنماؤں کا این ڈی اے میں خیرمقدم کیا۔مسٹر شاہ نے کہا کہ پنجاب میں آئندہ اسمبلی انتخابات بی جے پی اور اکالی دل مل کر لڑیں گے اور آج سے اکالی دل این ڈی اے کے اتحادی کے طور پر کام کرے گا۔اتحاد میں نشستوں کی تقسیم کے بارے میں بات چیت بعد میں ہوگی۔
مسٹر نبین نے کہا کہ پنجاب اور ملک کے مفاد میں ایک انتہائی اہم فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ پرکاش پرو کے موقع پر پورے پنجاب میں ترقی، انصاف اور اچھی حکمرانی کی روشنی پھیلے گی۔ انہوں نے کہا، میں سکھبیر سنگھ بادل جی اور ان کی پارٹی کے ارکان کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ این ڈی اے اتحاد میں آپ کی شمولیت سے ہمیں مزید مضبوطی ملے گی۔ ہم پنجاب کے نوجوانوں کے لیے ان کی اپنی ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، خواتین کی حفاظت یقینی بنانے اور ترقی پر مبنی حکومت تشکیل دینے کا عزم کرتے ہیں۔بی جے پی صدر نے کہاہم پنجاب کو، جس کی بہادری، شجاعت، خوشحالی اور بہادر سپوتوں کی شاندار تاریخ رہی ہے، ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے کی سمت آگے لے جائیں گے۔ ایک ترقی یافتہ پنجاب، 'ترقی یافتہ ہندوستان' کی تعمیر کے خواب میں انمول تعاون دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہندو۔سکھ اتحاد کا موضوع سکھ گروؤں کی جانب سے دی گئی قربانیوں سے بھی وابستہ ہے۔ 1675 میں گرو تیغ بہادر جی نے کشمیری پنڈتوں کی حفاظت اور مذہب کی تبدیلی روکنے کے لیے اپنی جان قربان کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسی قربانی نے انہیں وہ عزت اور احترام دلایا، جو ہندو۔سکھ ہم آہنگی سے جڑا ہوا ہے۔مسٹر نبین نے کہاآج مجھے یقین ہے کہ ہم ان پیغامات کو سماج اور پورے پنجاب تک پہنچائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جس طرح سکھ برادری کے احترام اور پنجاب کی ترقی کے لیے مسلسل تعاون کیا ہے، اس سے مجھے بہت اعتماد ملتا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ شرومنی اکالی دل کے ساتھ یہ اتحاد ایک فطری اتحاد ہے۔ اتحاد کے شراکت داروں، پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے درمیان ایک فطری ربط ہے، جو اب ایک بار پھر متحد ہوکر پنجاب کی ترقی کے لیے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکھ گروؤں کا دیا ہوا 'سب کی فلاح' کا پیغام اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کا دیا ہوا انصاف اور اچھی حکمرانی کا پیغام، ان دونوں پیغامات کو بی جے پی اور شرومنی اکالی دل مل کر پنجاب میں آگے بڑھائیں گے۔
بی جے پی صدر نے کہا، ''مجھے پورا یقین ہے کہ این ڈی اے اتحاد کے تحت ایک ساتھ آکر ہم پنجاب کے تئیں اپنی عہد بستگی پوری کرنے کی سمت کام کریں گے۔ مسٹر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت نے پنجاب کو منشیات سے پاک بنانے کا عزم کیا ہے۔ ہم ایسی حکومت تشکیل دینے کا عزم کریں گے جو پنجاب کے نوجوانوں کو ان کی اپنی ریاست میں ہی روزگار فراہم کرے، خواتین کی حفاظت یقینی بنائے اور ترقی پر توجہ مرکوز کرے، ساتھ ہی ہر عام شہری کا بھی خیال رکھے۔
admin