مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
سیاست

یوپی اسمبلی انتخاب سے عین قبل اُتپل رائے نے بی جے پی کو دیا زوردار دھچکا

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

اکھلیش یادو نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے یہاں وداعی پر رادھے رادھے کہتے ہیں۔ اس بار عوام اس حکومت کی وداعی کرنے والی ہے۔ اس لیے یہ رادھے رادھے وداعی والا ہے۔‘‘

اتر پردیش میں آئندہ سال اسمبلی انتخاب ہونا ہے اور سبھی پارٹیاں زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو اپنی طرف کھینچنے میں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔ اس درمیان سیاسی لیڈران کا ایک پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ بھی تیز ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ تازہ معاملہ بی جے پی لیڈر اُتپل رائے کا ہے، جو بی ایس پی حکومت میں ریاستی وزیر رہ چکے ہیں۔ انھوں نے اچانک بی جے پی چھوڑ کر سماجوادی پارٹی کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔ ان کے اس قدم سے اتر پردیش میں سیاسی ہلچل بڑھ گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اُتپل رائے منوج سنہا کے قریبی تصور کیے جاتے ہیں۔ انھوں نے جولائی 2016 میں بی جے پی جوائن کی تھی۔ وہ الٰہ آباد یونیورسٹی طلبا یونین کے نائب سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ مئو کے رہنے والے اُتپل رائے مدھوبن اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑتے آئے ہیں۔ وہ ڈاکٹر شکنتلا مشرا باز آبادکاری یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر نشیتھ رائے کے چھوٹے بھائی ہیں۔ ان کے سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے سے غازی پور اور مئو کی سیاست میں نئے حالات دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

اُتپل رائے کے سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے کے بعد سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا ہے کہ اُتپل رائے کمل چھوڑ کر ان کے ساتھ آ گئے ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ عوام بی جے پی حکومت کی وداعی کرنے والی ہے۔ اکھلیش کہتے ہیں کہ ’’ہمارے یہاں وداعی پر رادھے رادھے کہتے ہیں۔ اس بار عوام اس حکومت کی وداعی کرنے والی ہے۔ اس لیے یہ رادھے رادھے وداعی والا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ اُتپل رائے نے 2017 کے اتر پردیش اسمبلی انتخاب اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے لیے الیکشن مینجمنٹ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو ان کی سماجوادی پارٹی میں شمولیت بی جے پی کے لیے زوردار دھچکا ہے۔ ایسے ماحول میں جبکہ پہلے ہی بی جے پی کی حالت آئندہ انتخاب میں اچھی دکھائی نہیں دے رہی ہے، اہم لیڈران کا ساتھ چھوڑنا نے پارٹی کے لیے مشکلیں پیدا کرنے والا ہے۔