مواد پر جائیں
سیاست

ملک کے مستقبل کا نیا سورج شمال مشرق سے ہی طلوع ہوگا: مودی

Awaze Bihar4 منٹ پڑھیں

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز گوہاٹی ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کیا اور کہا کہ ملک کے مستقبل کا نیا سورج شمال مشرق سے طلوع ہو گا جس کی قیادت آسام کرے گا۔
مسٹر مودی نے کانگریس پارٹی پر پورے شمال مشرقی خطے کو جان بوجھ کر ترقی سے دور رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کانریس نے مذہبی خوشنودی کے لیے آسام میں دراندازوں کو کھلی چھوٹ دی۔ گوپی ناتھ باردولائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دوسری ٹرمینل عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا دن ترقی کے جشن کا دن ہے۔ جدید ہوائی اڈے کی سہولت اور رابطے کے نئے ذرائع کسی بھی ریاست کے لیے نئے مواقع کا فخر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کانگریس اور 'انڈیا‘ اتحاد پر دراندازوں کے حق میں بیان بازی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن جب ووٹر فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) کر رہا ہے تو کانگریس کو تکلیف ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم نے آسام کے عوام کو کانگریس سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جس آسام کی شناخت اور بقا کے لیے ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ باردولائی نے جدوجہد کی ہمیں اس کی حفاظت کرنی ہے۔ گوپی ناتھ باردولائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ آج ایک بار پھر آسام کی ترقی میں ایک نیا باب جڑ رہا ہے۔ جس طرح ریاست میں دریائے برہم پترا کی دھارا کبھی نہیں رکتی، اسی طرح بی جے پی کی ترقی کی دھارا بھی مسلسل بہہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ہندوستان کے مستقبل کا نیا سورج شمال مشرق سے ہی طلوع ہونا ہے۔ ہمیں آسام کی ترقی کو سب سے آگے رکھ کر چلنا ہوگا۔ ترقی یافتہ آسام سے ہی وکست بھارت کا راستہ بنانا ہے۔
انہوں نے کانگریس پارٹی پر پورے شمال مشرقی خطے کو جان بوجھ کر ترقی سے دور رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس خطے کی ترقی ان کے ایجنڈے میں ہی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا،کانگریس نے چھ سات دہائیوں تک جو غلطیاں کیں، مودی ایک ایک کر کے انہیں سدھار رہا ہے۔ مودی کے لیے آسام کی ترقی ضرورت بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومتوں نے آسام اور شمال مشرق کو ترقی سے دور رکھا جس کا نقصان ملک کی سالمیت اور اتحاد کو اٹھانا پڑا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ تقسیم کے وقت کانگریس نے آسام کو مشرقی بنگال (موجودہ بنگلہ دیش) میں ضم کرنے کی سازش کی تھی۔ ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ گوپی ناتھ باردولائی نے اپنی ہی پارٹی کے خلاف لڑائی لڑی اور آسام کو ہندوستان کا حصہ بنائے رکھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس نے آزادی کے بعد مذہب کی بنیاد پر لوگوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے دراندازوں کو کھلی چھوٹ دی۔ دراندازوں نے جنگلات اور زمینوں پر قبضہ کیا۔ ریاست کی موجودہ حکومت اب ان غیر قانونی قبضوں کو ختم کر رہی ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر )پر کانگریس سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اور 'انڈیا اتحاد کے دیگر ارکان دراندازوں کے حق میں بیان بازی کر رہے ہیں۔ جب الیکشن کمیشن ایس آئی آر کا عمل کر رہا ہے تو کانگریس کو تکلیف ہو رہی ہے۔
انہوں نے آسام کے لوگوں سے اپیل کی کہ ہمیں بہت ہوشیار رہنا ہے اور آسام کی شناخت کی حفاظت کرنی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نئی ٹرمینل عمارت سے گوہاٹی اور آسام کی صلاحیت بڑھ جائے گی، یہاں زیادہ لوگ آ سکیں گے اور ماں کاماکھیا کے درشن کی سہولت آسان ہو جائے گی۔ ایک لاکھ 40 ہزار مربع میٹر رقبہ پر محیط اس ٹرمینل عمارت سے ہوائی اڈے کی سالانہ گنجائش 34 لاکھ مسافروں سے بڑھ کر 131 لاکھ مسافروں تک پہنچ جائے گی۔ فی الوقت یہاں ہر سال 65 لاکھ مسافروں کی آمد و رفت ہوتی ہے اور یہ ملک کا 10واں مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ نئی عمارت میں آسام کی ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے بانس کا بھرپور استعمال کیا گیا ہے اور اندرونی حصے می ' کازی رنگا کو دکھانے والا ایک انڈور فارسٹ بھی بنایا گیا ہے۔
شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے کہا کہ یہ محض ایک عمارت نہیں بلکہ آسام کی امنگوں اور شمال مشرق کے امکانات کی علامت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 میں ملک میں 74 ہوائی اڈے تھے جن کی تعداد اب بڑھ کر 165 ہو گئی ہے۔ اس موقع پر آسام کے گورنر لکشمن پرساد آچاریہ، وزیر اعلیٰ ہمانت بسوا سرما، سابق وزیر اعلیٰ سربانند سونووال اور دیگر وزراء بھی موجود تھے۔

دوسری زبان میں: English · हिन्दी

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں