بہار سرس میلہ 2026 کا شاندار آغاز، 15 ریاستوں کی خواتین صنعت کاروں نے سجایا بازار
••19 views•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ: دیہی صنعت کاری کو فروغ دینے اور خود امدادی گروپوں سے وابستہ خواتین کو بازار فراہم کرنے کے مقصد سے بہار سرس میلہ 2026 کا اتوار کی شام گیان بھون، پٹنہ میں افتتاح ہوا۔ وزیرِ دیہی ترقیات شرون کمار نے فیتہ کاٹ کر میلے کا آغاز کیا۔ میلہ 20 سے 29 ستمبر تک جاری رہے گا۔افتتاح کے بعد وزیر نے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور خواتین صنعت کاروں سے بات چیت کی۔ میلے میں ہینڈ کرافٹ، ہینڈلوم، سجاوٹی اشیا، نامیاتی مصنوعات، دستکاری اور روایتی دیسی پکوانوں کے اسٹال لگائے گئے ہیں۔ بہار سمیت 15 ریاستوں سے خود امدادی گروپوں سے وابستہ خواتین صنعت کار اپنی مصنوعات کے ساتھ میلے میں شریک ہیں۔اس موقع پر وزیر شرون کمار نے خواتین صنعت کاروں کے اجتماعی برانڈ ’بہاریکا‘ کے نئے لوگو کی رونمائی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس برانڈ کے ذریعے ’جیونیکا دیدیوں‘ کی مصنوعات کو نئی شناخت ملے گی اور انہیں وسیع بازار تک پہنچنے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔وزیر نے کہا کہ ’جیونیکا‘ کا بنیادی مقصد غریب خاندانوں کو منظم کرکے ان کی آمدنی اور روزگار کے ذرائع کو مضبوط بنانا ہے۔ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ریاست میں کئی اہم اسکیمیں چلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سرس میلے میں پہنچ کر دیہی خواتین کے تیار کردہ مصنوعات خریدیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔جیونیکا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہمانشو شرما نے کہا کہ سرس میلہ دیہی خواتین کی محنت، ہنر اور صنعت کاری کو بڑا پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری ایچ۔ آر۔ سری نواس نے کہا کہ سرس میلہ دیہی مصنوعات کو شہری اور قومی بازار سے جوڑنے میں اہم پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ ہوا، جبکہ ’جیونیکا دیدیوں‘ نے مہمانوں کا استقبال سبز پودے پیش کرکے کیا۔ اختتام بہار ریاستی گیت کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر سابق اسمبلی اسپیکر ادے نارائن چودھری، رکن اسمبلی رویندر پرساد سنگھ سمیت جیونیکا کے افسران، مختلف اضلاع سے آئی ’جیونیکا دیدیاں‘، دیگر ریاستوں کی خواتین صنعت کار اور بڑی تعداد میں معززین موجود تھے۔