پٹنہ، 14 ستمبر:(اے بی این ) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے کہا کہ بہار میں سیلاب کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کے لیے ریاستی حکومت طویل مدتی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ بہار کی ندیاں زندگی اور معیشت کی بنیاد ہیں، اس لیے دریائی نظام کے تحفظ، بہتر آبی انتظام اور ضرورت کے مطابق دریاؤں کو آپس میں جوڑنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کو کم کرنے کے ساتھ اس مسئلے کا دیرپا حل تلاش کرنا ہے۔سمراٹ چودھری نے پیر کو نہرو پتھ واقع بہار ریاستی ابھیلکھ بھون کے آڈیٹوریم میں کابینہ سکریٹریٹ (راج بھاشا) محکمہ کے زیر اہتمام یومِ ہندی تقریب و کوی سمیلن کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہندی کو ہندوستان کی شناخت، ثقافت، تہذیب اور ادبی روایت کی مضبوط ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے صرف سرکاری پروگراموں یا کسی ایک دن تک محدود نہیں رکھا جانا چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی برکس جیسے اہم عالمی اجلاس میں مصروف رہنے کے باوجود بہار کی سیلابی صورت حال کے تئیں حساس رہے ہیں۔ مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان کی قیادت میں مرکزی ٹیم بہار آکر سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور موجودہ صورت حال کا جائزہ لے گی۔سمراٹ چودھری نے کہا کہ ہندی دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی زبانوں میں شامل ہے اور عالمی سطح پر اس کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ بہار کی سرزمین نے ودیاپتی، راشٹرکوی رام دھاری سنگھ ’دنکر‘ اور جن کوی ناگارجن جیسے عظیم ادیبوں کے ذریعے ہندی ادب کو نئی سمت دی ہے۔ ضرورت ہے کہ ہندوستان اپنی زبان، ثقافت اور تہذیبی شناخت کو دنیا بھر میں پہنچائے۔وزیر اعلیٰ نے ہندی کے فروغ کے لیے بہار میں دو روزہ ’ہندی ساہتیہ سمیگم‘ منعقد کرنے کا اعلان کیا، جس میں ملک بھر کے معروف ادیب، شاعر، تخلیق کار اور دانشور شریک ہوں گے۔ انہوں نے افسران کو سمیگم کی تیاریاں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے عوام سے ہندی کو روزمرہ زندگی اور کام کاج میں زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی ہندی کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے کہا ہے کہ ہندی محض رابطے کی زبان نہیں بلکہ ہندوستان کی شناخت، ثقافت، تہذیب اور شاندار ادبی روایت کی ترجمان ہے۔ ہندی کے وقار اور فروغ کے لیے اسے صرف سرکاری تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے روزمرہ زندگی میں زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی ہندی کو فروغ دے کر اسے عالمی سطح پر مزید مؤثر شناخت دلائی جا سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بات پیر کو نہرو پتھ واقع بہار ریاستی ابھیلکھ بھون کے آڈیٹوریم میں کابینہ سکریٹریٹ (راج بھاشا) محکمہ کے زیر اہتمام یومِ ہندی تقریب و کوی سمیلن کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے شمع روشن کرکے تقریب کا آغاز کیا اور ریاست کے عوام کو یومِ ہندی کی مبارکباد پیش کی۔سمراٹ چودھری نے کہا کہ ہندی دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں شامل ہے اور ہندوستان کی سماجی و ثقافتی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ ہندی ادب کی ترقی میں بہار کی سرزمین کا نمایاں کردار رہا ہے۔ ودیاپتی، راشٹرکوی رام دھاری سنگھ ’دنکر‘ اور جن کوی ناگارجن جیسے عظیم ادیبوں نے اپنی تخلیقات کے ذریعے ہندی ادب کو نئی بلندی عطا کی اور سماج کو فکری سمت دی۔ انہوں نے ان عظیم ادبی شخصیات کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔ سمراٹ چودھری نے ہندی کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ہندی میں خطاب کرکے انہوں نے زبان کو بین الاقوامی وقار بخشا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی مختلف عالمی پلیٹ فارموں پر ہندی میں ہندوستان کی بات دنیا کے سامنے رکھتے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے برکس جیسے اہم بین الاقوامی فورم پر ہندی میں پیغام دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ نے ’راج بھاشا‘ رسالے کا اجرا بھی کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ وجیندر پرساد یادو، ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند کمار چودھری، سابق ایم ایل سی ڈاکٹر پریم کمار منی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتیہ امرت، ایس ایم پرویز عالم سمیت اعلیٰ افسران، دانشور، شعرا، ادیب اور طلبہ موجود تھے۔