مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

اردو زبان تہذیب و ثقافت کی امین اور مشترکہ لسانی وراثت کا قیمتی سرمایہ: ڈاکٹر محمد فیصل عبد اللہ

Awaz E Bihar5 منٹ کی پڑھائی

اردو ڈائرکٹوریٹ زبان کے فروغ، اشاعت اور ترویج کے لیے متعدد اہم سرگرمیاں انجام دے رہا ہے:انچارج ڈائرکٹر

پٹنہ: (پریس ریلیز)محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، حکومت بہار کے تحت قائم اردو ڈائرکٹوریٹ ریاست میں اردو زبان کے فروغ، اشاعت، ترویج اور اس کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ اردو ڈائرکٹوریٹ کے انچارج ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد فیصل عبد اللہ نے ایک پریس ریلیز کے ذریعہ ڈائرکٹوریٹ کے قیام کے اغراض و مقاصد، اس کی تاریخی اہمیت، اب تک انجام دی جانے والی کارگزاریوں اور اردو زبان کی تہذیبی، علمی، ادبی اور سماجی افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ڈائرکٹر موصوف نے کہا کہ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ برصغیر کی مشترکہ تہذیب، ثقافت، گنگا جمنی روایت، قومی یکجہتی اور باہمی اخوت و محبت کی ایک روشن علامت ہے۔ اس زبان نے صدیوں کے تہذیبی و ثقافتی ارتقا کے دوران مختلف زبانوں، مذاہب اور معاشرتی طبقات کو ایک دوسرے سے قریب لانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اردو کی شیرینی، وسعتِ بیان، ادبی سرمایہ اور اظہار کی دل نشینی اسے ایک منفرد مقام عطا کرتی ہے۔ اس لیے اردو کا فروغ دراصل ہماری مشترکہ تہذیبی وراثت کے تحفظ اور آئندہ نسلوں تک اس کی منتقلی کی ایک اہم کوشش ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل عبد اللہ نے اردو ڈائرکٹوریٹ کے قیام کےبنیادی مقاصد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں اردو زبان کی ترویج و اشاعت، اس کے ادبی و علمی سرمائے کے تحفظ، اردو کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل اور سرکاری سطح پر اردو سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کی غرض سے اردو ڈائرکٹوریٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، حکومت بہار کے تحت کام کرنے والا یہ ادارہ اردو زبان و ادب کی ترقی اور اس کے فروغ سے متعلق مختلف سرگرمیوں کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے ڈائرکٹوریٹ کی کارگزاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اردو کے فروغ کے لیے یادگاری تقریبات،سیمینارو مشاعرے،دوروزہ جشن اردو کا انعقاد، مسودہ کی اشاعت کے لئے اعانتی منصوبہ ، غیر اردو داں طبقہ کے لئے آن لائن اردو لرننگ پروگرام، سہ ماہی بھاشاسنگم اور فرد نامہ کی اشاعت کے ذریعہ اردو کے اہلِ قلم اور ادبی شخصیات کی خدمات کو اجاگر کرنا، ضلع سطح پر فروغ اردو سمینار و مشاعرہ کا انعقاد، اردو داں طلبہ حوصلہ افزائی مسابقہ منصوبہ، ضلع اردو نامہ کی اشاعت جیسے کئی منصوبے اردو ڈائرکٹوریٹ کے زیر انتظام انجام دئے جا رہے ہیں۔اردو کے محبان اور نئی نسل میں زبان سے دلچسپی پیدا کرنا اور اردو زبان و ادب کے حوالے سے مثبت فضا قائم کرنا اس ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد اردو زبان کو محض ادبی و شعری اظہار تک محدود رکھنے کے بجائے اسے علمی، تعلیمی، سماجی اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

ڈائرکٹرموصوف نے مزید کہا کہ اردو کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ نئی نسل کو اس زبان کے علمی و ادبی سرمائے سے روشناس کرایا جائے اور طلبا و طالبات میں اردو پڑھنے، لکھنے اور اس کے ذریعے اپنے خیالات کے اظہار کا ذوق پیدا کیا جائے۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں، اساتذہ، ادیبوں، شاعروں، صحافیوں اور اردو دوست افراد کا تعاون نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ اردو کی ترقی کسی ایک ادارے یا محکمہ کی انفرادی کوششوں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے سرکاری و غیر سرکاری سطح پر مشترکہ اور مسلسل جدوجہد ناگزیر ہے۔

اردو کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل عبد اللہ نے کہا کہ اردو زبان کا دائرہ ادب، شاعری اور نثر تک محدود نہیں ہے، بلکہ تعلیم، صحافت، تحقیق، ترسیل و ابلاغ، سماجی رابطے، ثقافت اور روزگار سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں اس کی اہمیت مسلم ہے۔ اردو نے نہ صرف انسانی جذبات و احساسات کی ترجمانی کی ہے بلکہ سماجی شعور، قومی بیداری، آزادی کی تحریک اور معاشرتی اصلاح میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اس زبان کا ادبی سرمایہ ہماری تاریخ، تہذیب، معاشرت اور فکری ارتقا کا آئینہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں زبانوں کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل وسائل سے استفادہ بھی ناگزیر ہو گیا ہے۔ اردو کو کمپیوٹر، انٹرنیٹ، ڈیجیٹل میڈیا اور جدید ذرائع ابلاغ سے مربوط کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ نئی نسل اردو سے نہ صرف جذباتی وابستگی قائم رکھ سکے بلکہ اسے عصری علوم و فنون کے حصول اور عملی زندگی میں بھی استعمال کر سکے۔ اردو کے فروغ کے لیے جدید تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے نئی حکمت عملی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل عبد اللہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اردو زبان کے فروغ میں اخبارات، رسائل، ادبی انجمنوں، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اردو صحافت نے ہمیشہ زبان و ادب کی ترویج کے ساتھ سماجی بیداری اور عوامی شعور کی تشکیل میں اپنا حصہ ادا کیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو کے قارئین کا دائرہ وسیع کیا جائے، بچوں اور نوجوانوں کو اردو مطالعے کی طرف راغب کیا جائے اور زبان کے علمی و ادبی سرمایے کو جدید وسائل کے ذریعے عام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اردو ڈائرکٹوریٹ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے متعلقہ حلقوں کے تعاون اور اشتراک کو اہمیت دیتا ہے۔ اردو کے فروغ کے لیے منعقد کی جانے والی مختلف سرگرمیاں اسی وسیع تر مقصد کی کڑی ہیں کہ بہار میں اردو زبان و ادب کی روایت کو مزید مستحکم کیا جائے اور اس کے روشن مستقبل کے لیے نئی نسل کو اس سے جوڑا جائے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اردو ہماری تہذیبی شناخت، مشترکہ ثقافتی وراثت اور باہمی اتحاد و یگانگت کی زبان ہے۔ اس کی ترقی و ترویج ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر سرکاری ادارے، تعلیمی حلقے، ادبی و سماجی تنظیمیں اور اردو سے محبت رکھنے والے افراد متحد ہو کر اس مقصد کے لیے کوشش کریں تو اردو کو نئے امکانات اور نئی بلندیوں سے ہم کنار کیا جا سکتا ہے۔ اردو ڈائرکٹوریٹ،حکومت بہار بھی اسی عزم کے ساتھ اپنی سرگرمیوں کے ذریعے زبان کے فروغ اور اس کی اشاعت کے لیے کوشاں ہے۔