مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

بہار قانون ساز کونسل میں تقرریوں کا اختیار اب بی پی ایس سی و بی ایس ایس سی کے سپرد کرنے کی تیاری

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

بہار اسمبلی اور قانون ساز کونسل، دونوں ایوانوں میں گروپ ’بی‘ کی آسامیوں پر بی پی ایس سی کے ذریعے تقرری کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے

پٹنہ، (اے بی این): بہار قانون ساز کونسل میں تقرریوں کے معاملے پر اٹھنے والے سوالات کے درمیان حکومت نے بھرتی کے نظام میں بڑی تبدیلی کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اب قانون ساز کونسل کا سکریٹریٹ خود سے ملازمین کی تقرری نہیں کر سکے گا، بلکہ مختلف زمروں کی آسامیوں پر بحالی بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی)، بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن (بی ایس ایس سی) اور مرکزی سلیکشن بورڈ کے ذریعے کی جائے گی۔ قانون ساز کونسل کے قائم مقام چیئرمین رام بچن رائے نے جمعہ کو اس سلسلے میں سمراٹ چودھری حکومت کو تجویز بھیج دی ہے۔تجویز کے مطابق گروپ ’بی‘ کی آسامیوں پر بی پی ایس سی، گروپ ’سی‘ کے عہدوں پر بی ایس ایس سی اور سکیورٹی گارڈز کی بحالی مرکزی سلیکشن بورڈ (سپاہی بھرتی) کے ذریعے ہوگی۔ کونسل کے تعلقات عامہ افسر اجیت رنجن نے اس فیصلے کی سرکاری اطلاع دی۔

قابل ذکر ہے کہ قانون ساز کونسل سکریٹریٹ نے جمعرات کو 50 آسامیوں پر تقرری کا عمل منسوخ کر دیا تھا۔ ان میں پرائیویٹ اسسٹنٹ کی 7، ڈیٹا انٹری آپریٹر کی 33 اور لوئر ڈویژن کلرک کی 10 آسامیاں شامل تھیں۔ دوسری جانب 56 سکیورٹی گارڈز کی بحالی بھی جانچ کے دائرے میں ہے۔ سابق چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ کے دور میں ہونے والی 106 آسامیوں پر تقرریوں کے سلسلے میں بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔

بھرتی کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات کے بعد سکریٹریٹ نے کامیاب امیدواروں کو دوبارہ جانچ کے لیے طلب کیا تھا۔ پہلے پرائیویٹ اسسٹنٹ کے سات امیدواروں کو شارٹ ہینڈ ٹیسٹ کے لیے بلایا گیا، لیکن کوئی بھی حاضر نہیں ہوا۔ اس کے بعد 18 نومبر کو پرائیویٹ اسسٹنٹ، ایل ڈی سی اور ڈیٹا انٹری آپریٹر کے مجموعی طور پر 50 منتخب امیدواروں کو دوبارہ امتحان دینے کا موقع دیا گیا، لیکن کوئی بھی امیدوار امتحان میں شامل نہیں ہوا۔ اس کے بعد تمام 50 آسامیوں پر تقرری کا عمل منسوخ کر دیا گیا۔

بہار اسمبلی اور قانون ساز کونسل، دونوں ایوانوں میں گروپ ’بی‘ کی آسامیوں پر بی پی ایس سی کے ذریعے تقرری کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ اب دیگر زمروں کی بحالی بھی الگ الگ کمیشنوں کے سپرد کرنے کی تجویز کے بعد اسمبلی سکریٹریٹ کی تقرریوں پر بھی نگاہیں مرکوز ہو گئی ہیں۔ تاہم وہاں جاری بھرتی کے عمل مکمل ہونے کے بعد ہی کسی نئی تبدیلی کا فیصلہ متوقع ہے۔واضح رہے کہ جن تقرریوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں، ان کا عمل سابق چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ کے دور میں مکمل ہوا تھا۔ انہوں نے ستمبر 2026 میں استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد جے ڈی یو کے کوٹے سے قائم مقام چیئرمین رام بچن رائے کونسل کا کام کاج سنبھال رہے ہیں۔ نئی تجویز کو بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔