خواتین کے تحفظ اور حقوق کے لیے سات نکاتی ایکشن پلان تیار


ملازمت چھوڑنے کے باوجود ایم ایل سی اور وزیر کے عہدے پر برقرار رہنے کو لے کر سوالات برقرار، فائدہ کے عہدے کا معاملہ پھر زیر بحث
پٹنہ: بہار حکومت کے وزیر اشوک چودھری نے اسسٹنٹ پروفیسر کی ملازمت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پاٹلی پتر یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ہفتہ کو یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی میٹنگ میں ان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی تقرری کو تاریخِ کارگراہی سے ہی غیر مؤثر قرار دے دیا گیا ہے۔ تاہم اس استعفے کے بعد ان کی قانون ساز کونسل کی رکنیت (ایم ایل سی) اور وزارت کے عہدے پر کوئی اثر پڑے گا یا نہیں، اس پر سوالات برقرار ہیں۔
جنتا دل یونائیٹڈ کے سینئر لیڈر اشوک چودھری نے اسی سال وزیر اور ایم ایل سی رہتے ہوئے پٹنہ کے اے این کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر تقرری حاصل کی تھی۔ اس کے بعد ان پر فائدہ کا عہدہ رکھنے کا الزام عائد ہونے لگا تھا۔
ملازمت جوائن کرنے کے اگلے ہی دن انہوں نے لیئن (Lien) یعنی بغیر تنخواہ چھٹی کے لیے درخواست دی تھی۔ تاہم یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مزید مشورے کے لیے گورنر سکریٹریٹ، لوک بھون بھیج دی تھی۔ لوک بھون کی داخلی خط و کتابت میں کہا گیا تھا کہ ملازمت جوائن کرنے کے بعد پروبیشن کی مدت میں لیئن کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اس کے بعد لوک بھون نے ایڈووکیٹ جنرل ایس ڈی سنجے سے قانونی رائے طلب کی تھی۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد اپوزیشن نے بھی وزیر پر فائدہ کا عہدہ رکھنے کا الزام لگایا۔ تنازع بڑھنے کے بعد اشوک چودھری نے جمعہ کو اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جسے یونیورسٹی نے ہفتہ کو منظور کرلیا۔ اب اس معاملے میں آئندہ قانونی اور انتظامی کارروائی پر سب کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔
بہار حکومت کے وزیر برائے خوراک و صارفین کے تحفظ اشوک چودھری نے 17 فروری 2026 کو یونیورسٹی ٹیچر کی حیثیت سے ملازمت جوائن کی تھی۔ اسسٹنٹ پروفیسر بھرتی امتحان میں کامیابی کے بعد ان کا انتخاب ہوا تھا۔ انہیں پاٹلی پتر یونیورسٹی کے تحت آنے والے اے این کالج میں سیاسیات کا اسسٹنٹ پروفیسر مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم ملازمت جوائن کرنے کے اگلے ہی دن انہوں نے لیئن کے لیے درخواست دے دی تھی۔
یہ معاملہ لوک بھون کے علم میں آنے کے بعد گورنر کے اس وقت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دیپک کمار سنگھ نے داخلی خط و کتابت میں اشوک چودھری کی تقرری پر سوالات اٹھائے تھے۔ اپنے نوٹ میں انہوں نے بہار اسٹیٹ یونیورسٹی ایکٹ، بہار سروس کوڈ اور دیگر قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایم ایل سی یا وزیر رہتے ہوئے اشوک چودھری اسسٹنٹ پروفیسر کی ملازمت کے اہل نہیں تھے۔
ان کا موقف تھا کہ ایوان کا موجودہ رکن اپنی قانون ساز ذمہ داریوں سے وابستہ ہوتا ہے اور کسی دوسرے ادارے میں مکمل وقتی ملازمت اختیار نہیں کرسکتا۔ حالانکہ تنازع سامنے آنے پر اشوک چودھری نے کہا تھا کہ ایم ایل سی رہتے ہوئے اسسٹنٹ پروفیسر کی ملازمت کے لیے درخواست دینے پر کوئی قانونی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کے والد کا خواب تھا کہ وہ پروفیسر بنیں۔ اگر انہیں کوئی عہدہ چھوڑنا بھی پڑا تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔
اشوک چودھری نے اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ان کی تقرری کو بھی سابقہ تاریخ سے غیر مؤثر قرار دیے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔ اس کے باوجود بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا اس اقدام سے ان کی ایم ایل سی کی رکنیت اور وزارت کے عہدے پر منڈلاتا خطرہ ختم ہوجائے گا؟
لوک بھون کی داخلی خط و کتابت میں تقرری کے وقت موجود قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔ ایسے میں یہ سوال بھی اہم ہے کہ آیا ملازمت سے استعفیٰ دینے کے بعد سابقہ تقرری سے متعلق قانونی ذمہ داری ختم ہوجائے گی یا نہیں۔ اب اس معاملے میں آئندہ قانونی کارروائی اور متعلقہ اداروں کے موقف پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
ایڈیٹر ان چیف







