خواتین کے تحفظ اور حقوق کے لیے سات نکاتی ایکشن پلان تیار


بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ہفتہ کو کہا کہ ریاستی حکومت کا مقصد بہار کے بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے لیے دوسری ریاستوں کا رخ کرنے سے روکنا اور انہیں اپنی ہی ریاست میں بہتر تعلیمی ادارے فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں اگلے ایک سال کے اندر وکرم شیلا یونیورسٹی شروع کرنے اور مستقبل میں پولیس اہلکاروں کے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے بہار کی تمام پولیس لائنوں میں ڈی اے وی اسکول کھولنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مسٹر چودھری نے آج پٹنہ کے باپو آڈیٹوریم میں تین روزہ آٹھویں ڈی اے وی یونائیٹڈ فیسٹیول 2026 کا چراغ روشن کرکے افتتاح کیا۔ 28 سے 30 نومبر تک 'اتحاد کا جشن' (Celebrating Unity) کے موضوع پر منعقد ہونے والے اس فیسٹیول کو طلبہ کی صلاحیتوں، تخلیقی فکر اور ثقافتی اقدار کے فروغ کا ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ریاستی حکومت مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وکرم شیلا یونیورسٹی کے قیام سے متعلق مسائل حل کرلیے گئے ہیں اور اسے اگلے ایک سال میں شروع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ انہوں نے ڈی اے وی ادارے کے صدر ڈاکٹر پونم سوری سے اپیل کی کہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے بہار کی تمام پولیس لائنوں میں ڈی اے وی اسکول کھولے جائیں۔ اس کے لیے نشان زد مقامات پر زمین فراہم کرنے کی بات بھی کہی۔ انہوں نے بتایا کہ بہار میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ پولیس اہلکار ہیں، جن میں لگ بھگ 40 ہزار خواتین پولیس اہلکار شامل ہیں۔
سمراٹ چودھری نے کہا کہ علم، ثقافت اور شاندار تاریخ کے حوالے سے بہار کی ایک منفرد شناخت رہی ہے۔ نالندہ اور وکرم شیلا جیسی قدیم یونیورسٹیاں اسی سرزمین پر قائم تھیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں نالندہ یونیورسٹی کے شاندار تاریخی وقار کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔

مسٹر چودھری نے مہارشی سوامی دیانند سرسوتی کے نظریات سے متاثر ڈی اے وی ادارے کی تعلیمی شعبے میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ گزشتہ 140 برسوں سے تعلیم کے میدان میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ 1886 میں لاہور سے شروع ہونے والا اس کا تعلیمی سفر آج ملک بھر میں ہزاروں اداروں تک پھیل چکا ہے۔ بہار کے لاکھوں بچے ڈی اے وی اداروں سے تعلیم حاصل کرکے مختلف شعبوں میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے ادارے سے ریاست میں اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کی اپیل کی۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بہار میں 534 بلاکوں سمیت تقریباً 700 مقامات پر سرسوتی ودیا نکیتن ماڈل اسکول قائم کیے گئے ہیں، جہاں تقریباً ساڑھے چار لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں کو ہر وقت اساتذہ کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے جولائی میں موصول ہونے والی پہلی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رات ایک بجے بھی تقریباً ڈیڑھ لاکھ بچے آن لائن تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ اسے بہار کے تعلیمی شعبے میں ایک تاریخی تبدیلی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے خاص طور پر ان خاندانوں کے بچوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، جنہیں گھر پر پڑھائی میں مدد نہیں مل پاتی۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ 1947 سے 2026 تک بہار میں صرف 272 ڈگری کالج تھے، جبکہ موجودہ حکومت نے ایک ساتھ 211 نئے ڈگری کالج قائم کرنے کے ساتھ ان میں اساتذہ کی دستیابی بھی یقینی بنائی ہے۔ اساتذہ کی تقرری کے عمل کے تحت دہلی، کرناٹک اور مہاراشٹر سمیت مختلف ریاستوں میں کام کرنے والے بہار کے اساتذہ واپس اپنی ریاست آگئے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں چلائے جا رہے بی ایڈ کالجوں سے بھی ڈگری کالج شروع کرنے کی اپیل کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کی تقریباً 62 فیصد آبادی کی عمر 29 سال سے کم ہے۔ نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کے ذریعے طلبہ کی تعلیم کے لیے تقریباً 18 ہزار کروڑ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ بہار کے بڑی تعداد میں طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے دوسری ریاستوں کا رخ کرتے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ریاست میں ہی ایسے تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں، جہاں انہیں معیاری اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم حاصل ہوسکے۔
مسٹر چودھری نے ریاست میں بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پٹنہ، گیا، دربھنگہ اور پورنیہ میں فضائی خدمات کی توسیع کے ساتھ 10 نئے ہوائی اڈوں کی تعمیر کی سمت میں بھی کام کیا جا رہا ہے۔ بہار میں صنعتیں 15 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہیں اور ہر سال تقریباً 9 سے 10 ہزار نئی کمپنیاں قائم ہو رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے بہار میں ڈی اے وی یونائیٹڈ فیسٹیول 2026 کے انعقاد پر ڈی اے وی خاندان کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تعلیمی ترقی میں ڈی اے وی ادارے کا تعاون اہم ہے۔ ریاستی حکومت تعلیمی شعبے میں ادارے کی توسیع کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
تقریب میں ڈی اے وی کالج مینجمنٹ کمیٹی کے صدر اور پدم شری اعزاز یافتہ پونم سوری نے گلدستہ اور سبز پودا پیش کرکے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔ پروگرام میں نائب وزیر اعلیٰ وجیندر پرساد یادو، رکن پارلیمنٹ سنجے کمار جھا، سابق گورنر گنگا پرساد، رکن اسمبلی سنجیو چورسیہ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری سنجے کمار سنگھ سمیت ڈی اے وی کالج مینجمنٹ کمیٹی کے عہدیداران، اساتذہ، طلبہ اور ڈی اے وی خاندان کے ارکان موجود تھے۔
ایڈیٹر ان چیف | آوازِ بہار







