خواتین کے تحفظ اور حقوق کے لیے سات نکاتی ایکشن پلان تیار


پٹنہ میں نئے ٹرمینل کے اپ گریڈیشن کا کام مکمل، پتاہی ٹرمینل عمارت ،رن وے کی تعمیر شروع
بہار میں فضائی رابطے کو نئی رفتار دینے کے لیے ریاستی حکومت سرگرم ہے۔ سال 2030-31 تک دو نئے گرین فیلڈایئر پورٹ کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔ ان میں سون پور اور بھاگلپور-مونگیر علاقے میں واقع اجگیبی ناتھ ایئر پورٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آئندہ 3 سے 4 برسوں میں ریاست کے پانچ اہم ایئر پورٹ پٹنہ، گیا، دربھنگہ، پورنیہ اور رکسول بھی پوری طرح تیار ہو جائیں گے۔یہ باتیں محکمہ شہری ہوابازی کے سکریٹری مسٹر نیلیش رام چندر دیورے نے جمعہ کو محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری کی ہدایت اور رہنمائی کے مطابق ریاست کے اہم ہوائی اڈوں کی توسیع اور جدید کاری کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی گرین فیلڈ ہوائی اڈوں کی ترقی کے لیے بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد بہار کے مختلف مقامات سے لوگوں کو بہتر فضائی سفری سہولیات کے متبادل دستیاب ہوں گے۔
سکریٹری نے بتایا کہ پٹنہ ٹرمینل کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ وہیں دربھنگہ میں نئے ٹرمینل اور رن وے کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ یہاں تقریباً 3700 میٹر طویل رن وے تیار کیا جا رہا ہے۔ نئے ٹرمینل کی تعمیر کا کام سال 2027 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ دربھنگہ ایئر پورٹ کو بین الاقوامی ایئر پورٹ کا درجہ دینے کے لیے مرکزی حکومت کو تجویز بھی بھیجی گئی ہے۔ یہاں کارگو ہب کے لیے زمین حاصل کی جا رہی ہے۔ اراضی کے حصول کا کام ایک سے دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
جناب دیورے نے کہا کہ پورنیہ میں بھی رن وے کو اپ گریڈ کرنے کا کام جاری ہے۔ پورنیہ ہوائی اڈے کی ترقی اورچلانے کے لیے بہار حکومت کی جانب سے ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کو 67.18 ایکڑ زمین منتقل کی گئی ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے یہاں 294.05 کروڑ روپے کی لاگت سے سول انکلیو تعمیر کیا جا رہا ہے۔
سکریٹری نے کہا کہ گیا ہوائی اڈے پر کیٹ-1 لائٹنگ سسٹم نصب کرنے کے لیے زمین کے حصول کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس نظام کی تنصیب کے بعد گھنے کہرے، دھند اور کم حدِ نگاہ کے دوران بھی یہاں طیاروں کی محفوظ لینڈنگ ممکن ہو سکے گی۔ اس کے ساتھ ہی گیا بہار کا پہلا ایسا ہوائی اڈہ بن جائے گا جہاں کم حدِ نگاہ میں بھی طیاروں کی آمد و رفت جاری رکھی جا سکے گی۔
جناب نیلیش رام چندر دیورے نے کہا کہ مظفرپور، والمیکی نگر، رکسول، ویرپور اور سہرسہ کے ہوائی اڈوں کو اڑان اسکیم کے تحت ترقی دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ رکسول ہوائی اڈے کے لیے 139 ایکڑ اضافی زمین کے حصول کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
وہیں مظفرپور کے پتاہی ایئر پورٹ پر تقریباً 27.67 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹرمینل عمارت اور 31.20 کروڑ روپے کی لاگت سے رن وے کی تعمیر شروع ہو چکی ہے۔جبکہ والمیکی نگر میں 27.15 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹرمینل اور 23.80 کروڑ روپے کی لاگت سے رن وے تعمیر کیا جائے گا۔
سہرسہ میں بھی رن وے کی مزید ترقی کے لیے 12 ایکڑ سے زائد زمین حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔ یہاں رن وے کی تعمیر پر 42.52 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
ایڈیٹر ان چیف | آوازِ بہار







