مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

آنند موہن کی رہائی منسوخ ہونے پر لوولی آنند کا سوال، ’’صرف میرے شوہر ہی کیوں بنائے جاتے ہیں قربانی کا بکرا؟‘‘

awaz3 منٹ کی پڑھائی

36 دیگر قیدیوں کو بھی ملی تھی رہائی، صرف آنند موہن کے معاملے میں فیصلہ کیوں بدلا گیا؟ جے ڈی یو کی رکن پارلیمنٹ نے اٹھائے سوالات، عدالتی عمل کے احترام کا بھی کیا اظہار

پٹنہ: بہار کے سابق رکن پارلیمنٹ آنند موہن کی قبل از وقت رہائی منسوخ ہونے کے بعد ان کی اہلیہ اور شیوہر سے جے ڈی یو کی رکن پارلیمنٹ لوولی آنند نے سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ آخر ہر بار آنند موہن کو ہی قربانی کا بکرا کیوں بنایا جاتا ہے؟ ان کے ساتھ 36 دیگر قیدیوں کو بھی جیل سے رہائی ملی تھی، لیکن صرف ان کے شوہر کی رہائی کیوں منسوخ کی گئی؟ لوولی آنند نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پورے ملک میں یکساں قانون نافذ کرنے کی بات کہی تھی اور اسی بنیاد پر بہار حکومت نے جیل قواعد میں ترمیم کی تھی۔

سابق رکن پارلیمنٹ آنند موہن نے ہفتہ کو پٹنہ میں اپنے حامیوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ لوولی آنند اور بیٹے و رکن اسمبلی چیتن آنند بھی موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لوولی آنند نے کہا کہ اس معاملے میں انہیں بھی متاثرہ بنایا گیا اور انہیں بھی اذیتیں برداشت کرنی پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ جس گاؤں میں اس وقت کے گوپال گنج ضلع مجسٹریٹ جی کرشنیا کا قتل ہوا تھا، وہاں وہ لوگ موجود ہی نہیں تھے۔ اس معاملے کی تحقیقات بھی نہیں ہوئی۔ بہار کا بچہ بچہ اس بات کو جانتا ہے۔

لوولی آنند نے دعویٰ کیا کہ پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ایس این جھا نے بھی کہا تھا کہ وہ قاتلہ نہیں ہوسکتیں۔ ان کی بنچ نے انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔ اس وقت ان کے شوہر جیل میں تھے اور بچوں کی تعلیم ہاسٹل میں ہوئی۔ بچوں کے بڑے ہونے کے بعد آنند موہن کو رہائی ملی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ عدالت کا احترام کرتی ہیں اور عدالتی عمل پر سوال نہیں اٹھا رہی ہیں۔

جے ڈی یو کی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت تھی کہ پورے ملک میں یکساں قانون ہونا چاہیے۔ بہار میں پہلے ایسا نہیں تھا، جس کے بعد ریاستی حکومت نے قانون میں ترمیم کی۔ اس کے نتیجے میں آنند موہن کے علاوہ 36 دیگر قیدی بھی رہا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 2007 میں جب آنند موہن کو سزا سنائی گئی تھی، اس وقت نافذ قانون اور موجودہ قانون کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔

’’آنند موہن کی مقبولیت ہی ان کی دشمن بن گئی ہے‘‘

لوولی آنند نے سوال اٹھایا کہ اگر سپریم کورٹ کے حکم سے فائدہ اٹھا کر ملک بھر میں ہزاروں قیدی رہا ہوئے تو صرف آنند موہن کی رہائی ہی کیوں منسوخ کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ آخر ہر بار ان کے شوہر کو ہی قربانی کا بکرا کیوں بنایا جاتا ہے؟ ان کے ساتھ بڑی تعداد میں حامی ہیں اور ان کی مقبولیت ہی آج ان کی دشمن بن گئی ہے۔ لاکھوں لوگ آنند موہن کے ساتھ ہیں۔

ڈی ایم قتل معاملے میں عمر قید، 14 سال بعد ملی تھی رہائی

واضح رہے کہ 1994 میں گوپال گنج کے اس وقت کے ضلع مجسٹریٹ جی کرشنیا کو ایک ہجوم نے قتل کردیا تھا۔ اس معاملے میں قصوروار قرار دیے جانے کے بعد آنند موہن کو 2007 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

بہار حکومت نے 2023 میں جیل ضابطوں میں ترمیم کی تھی۔ اس کے تحت ڈیوٹی پر تعینات سرکاری ملازم یا عوامی خدمت گزار کے قتل کو ان جرائم کی فہرست سے ہٹا دیا گیا تھا، جن میں سزا میں رعایت دے کر قبل از وقت رہائی نہیں دی جاسکتی تھی۔ اس ترمیم کا فائدہ آنند موہن کو بھی ملا اور تقریباً 14 سال جیل میں گزارنے کے بعد انہیں سزا میں رعایت دے کر رہا کردیا گیا تھا۔

اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی گئی تھی۔ حالیہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے بہار حکومت کے اس فیصلے کو منسوخ کردیا، جس کے تحت آنند موہن کو سزا میں رعایت دے کر قبل از وقت رہائی دی گئی تھی۔ عدالت عظمیٰ نے انہیں ایک ماہ کے اندر خودسپردگی کرکے باقی ماندہ سزا جیل میں گزارنے کا حکم دیا ہے۔

awaz

ایڈیٹر ان چیف | آوازِ بہار