زلزلے، سونامی اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہندوستان اور آسیان کا تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ کوششیں تیز کرنے کا عزم


وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور آسیان ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
پی ایم مودی نے منگل کے روز منیلا میں 23 ویں ہند-آسیان سربراہی اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت کی بجائے باہمی تعاون سے طے ہونا چاہیے۔ دونوں مل کر اس خطے کو امن اور استحکام کی علامت بنا سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں دنیا نے کئی بحرانوں کا سامنا کیا ہے۔ ایسے وقت میں دنیا کو امن، استحکام اور مستقبل کے حوالے سے اعتماد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے رواں سال کے سربراہی اجلاس کے موضوع 'مل کر اپنے مستقبل کی راہ متعین کرنا کو انتہائی اہم قرار دیا۔
پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان کی 'ایکٹ ایسٹ پالیسی نے ہند-آسیان تعلقات کو نئی رفتار اور گہرائی عطا کی ہے۔ اب یہ شراکت داری مشترکہ ثقافت اور وراثت سے آگے بڑھ کر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، دفاع اور خلائی سائنس جیسے شعبوں تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے اب تک عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے 100 سے زائد اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 250 فوری اثر والے منصوبے (کوئیک امپیکٹ پروجیکٹس) شروع کیے گئے ہیں اور 10,000 سے زیادہ ہنر مندی کے فروغ (اسکل ڈیولپمنٹ) کے وظائف دیے گئے ہیں۔ بھارت اور آسیان کے نو ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں اور بڑھتی ہوئی سیاحت بھی باہمی قربت کا ثبوت ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ رواں سال آسیان ممالک کا یہ ان کا تیسرا دورہ ہے، جو ہندوستان کے لیے آسیان کی خصوصی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ہندوستان کی ترقی اور آسیان کی خوشحالی ایک دوسرے سے گہرائی سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'آسیان کمیونٹی کا 2045 کا وژن اور 'وکست ہندوستان 2047'، دونوں کی مشترکہ امنگوں کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
مسٹر مودی نے آسیان کے اتحاد اور خطے میں اس کے مرکزی کردار کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس اجلاس سے ہندوستان اور آسیان کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندی ملے گی اور ایک محفوظ، جامع اور خوشحال انڈو پیسیفک خطے کی تعمیر میں مدد ملے گی۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور آسیان کو ٹیکنالوجی کا محض صارف نہیں بلکہ اسے مل کر تیار کرنے والا بننا چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور آسیان کو خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے آزاد، کھلے، جامع اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل (انڈو پیسیفک) خطے کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خطے کا مستقبل مسابقت سے نہیں بلکہ باہمی تعاون سے طے ہوگا۔
پی ایم مودی نے آسیان کے اتحاد اور مرکزی کردار کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی 'ایکٹ ایسٹ پالیسی' نے دونوں فریقوں کے تعلقات کو نئی رفتار دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2027 ہندوستان-آسیان تعلقات کے لیے خاص ہوگا۔ اس سال دونوں فریقوں کے تعلقات کے 35 سال اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے پانچ سال مکمل ہوں گے۔
وزیر اعظم نے آسیان ممالک کے سیاحوں کے لیے مفت ای-ویزا، نالندہ یونیورسٹی میں وظائف بڑھانے، مشترکہ سائبر فرانزک تربیت، اسپیس ہیکاتھون اور سمندری تعاون کے منصوبے سمیت کئی دیگر تجاویز بھی پیش کیں۔
مسٹر مودی نے دنیا میں جاری بحرانوں اور تنازعات کے درمیان امن کے لیے بات چیت، باہمی احترام اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ساتھ ہی، ہند-بحرالکاہل خطے کو آزاد، کھلا، شمولیاتی اور قواعد پر مبنی بنائے رکھنے کی بات کہی۔وزیر اعظم نے کہا کہ بحرانوں اور تنازعات کا اثر دنیا بھر میں خوراک، ایندھن اور کھاد کی سلامتی پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں نشانہ بننے والے تجارتی جہازوں اور ملاحوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے یوکرین اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے پرامن حل کی کوششوں کے لیے ہندوستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے دہشت گردی کو امن پسند معاشروں کے لیے خطرہ قرار دیا۔ ساتھ ہی، مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس کے تحت تعاون بڑھانے کے لیے چار تجاویز پیش کیں۔ ان میں ملاحوں کی سلامتی کے لیے مشترکہ تربیت اور ہنگامی ردعمل سے متعلق پہل، سرحد پار آن لائن دھوکہ دہی اور سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے نیشنل فارنسک سائنسز یونیورسٹی میں 'ای اے ایس سائبر کرائم کانفرنس'، لوتھل میں 'میری ٹائم ہیریٹیج فیسٹیول' اور نالندہ میں 'ای اے ایس یونیورسٹی کانفرنس' کے انعقاد کی تجاویز شامل ہیں۔وزیر اعظم نے سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر فلپائن کے صدر فرڈیننڈ آر مارکوس کو مبارکباد بھی دی۔
admin







