ایران نے آبنائے ہرمز کی پابندیوں سے ہندوستان، چین، قطر و عراق کو الگ کردیا


مسٹر امین الاسلام نے کہا کہ محترمہ حسینہ نے گرفتاری کے وارنٹ اور اخبارات میں شائع ہونے والے عدالتی نوٹس کو نظر انداز کیا اور ٹریبونل کی کارروائی میں شامل نہیں ہوئیں
بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائم ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے چیف پراسیکیوٹر محمد امین الاسلام نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو پاسپورٹ یا سفری دستاویز جاری کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں ہے۔ محترمہ حسینہ کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے اور وہ فی الحال ہندستان میں مقیم ہیں۔انہوں نے منگل کو آئی سی ٹی کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا، "اگر وہ بنگلہ دیش واپس آنا چاہتی ہیں تو انہیں حوالگی کے معاہدے کے تحت ہی واپس آنا ہوگا۔"
محترمہ حسینہ کو پاسپورٹ یا سفری اجازت نامہ جاری کرنے سے متعلق جاری بحث و مباحثے کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے امین الاسلام نے بنگلہ دیش پاسپورٹ آرڈر، 1973 کے آرٹیکل 6 اور 7 کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ التزام ایسا کرنے پر پابندی لگاتی ہیں۔
آرٹیکل 6 کے تحت پاسپورٹ افسران ایسے کسی بھی شخص کو پاسپورٹ جاری نہیں کر سکتے، جسے درخواست دینے سے پہلے کے پانچ سالوں کے دوران کسی جرم میں مجرم قرار دیا گیا ہو اور کم از کم دو سال قید کی سزا سنائی گئی ہو۔ وہیں، آرٹیکل 7 حکومت کو ایسے شخص کا پاسپورٹ ضبط کرنے یا منسوخ کرنے کا اختیار دیتا ہے جسے اخلاقی پستی سے جڑے جرم میں مجرم قرار دیا گیا ہو۔
چیف پراسیکیوٹر نے کہا، "انسانیت کے خلاف جرائم مکمل طور پر اخلاقی پستی کے زمرے میں آتے ہیں۔" انہوں نے بتایا کہ محترمہ حسینہ کا پاسپورٹ پہلے ہی منسوخ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دلیل دی کہ مقدمے سے بچنے والے اور مفرور مجرم شخص کو آئین کے تحت ملنے والے نقل و حرکت کی آزادی کے حقوق کا فائدہ نہیں دیا جا سکتا۔مسٹر امین الاسلام نے کہا کہ محترمہ حسینہ نے گرفتاری کے وارنٹ اور اخبارات میں شائع ہونے والے عدالتی نوٹس کو نظر انداز کیا اور ٹریبونل کی کارروائی میں شامل نہیں ہوئیں۔ انہوں نے مقررہ 30 دن کی مدت کے اندر ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ حسینہ کو پاسپورٹ یا سفری دستاویز جاری کرنے سے عدالتی عمل کمزور ہوگا۔
ہندستان میں محترمہ حسینہ کے قیام کے سلسلے میں چیف پراسیکیوٹر نے کہا کہ حکومت ہند نے بتایا ہے کہ انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دفتر کو ایسی کسی باضابطہ تحریری درخواست کی کوئی معلومات نہیں ہے جس میں محترمہ حسینہ نے بنگلہ دیش واپس آنے کی اجازت دینے کے لیے ہندستانی حکام سے گزارش کی ہو۔
مسٹر امین الاسلام نے کہا کہ اگر محترمہ حسینہ واقعی بنگلہ دیش واپس آنا چاہتیں تو وہ مقدمے کا سامنا کر سکتی تھیں یا اپیل کی 30 دن کی مدت کے اندر سرینڈر کر سکتی تھیں۔ انہوں نے محترمہ حسینہ کی ممکنہ واپسی کو لے کر حال ہی میں ہو رہی بحث کو ایک سیاسی دکھاوا قرار دیا اور دہرایا کہ وہ صرف رسمی حوالگی کے عمل کے ذریعے ہی بنگلہ دیش واپس آ سکتی ہیں۔
admin







