عقیدتمندوں کو کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے: سمراٹ


قانون ساز کونسل کے 214ویں اجلاس کے دوران عوامی مفاد سے متعلق قانون سازی کے امور کو میڈیا عوام تک پہنچائے: ڈاکٹر رام وچن رائے
پٹنہ، 27 نومبر (اے بی این): بہار قانون ساز کونسل کے 214ویں سرمائی اجلاس کے خوش اسلوبی، کامیابی اور پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے چیئرمین پروفیسر (ڈاکٹر) رام وچن رائے نے جمعہ کو تمام جماعتوں کے رہنماؤں کی میٹنگ طلب کی۔چیئرمین کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں آئندہ سرمائی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران چیئرمین پروفیسر رائے نے تمام جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اجلاس کی خوش اسلوبی، کامیابی اور پُرامن کارروائی کے لیے بامعنی تعاون کریں۔
بہار قانون ساز کونسل کے کارگزار چیئرمین پروفیسر (ڈاکٹر) رام وچن رائے نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی مسائل اور مفادات سے متعلق قانون سازی کے امور کو عوام تک پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران عوامی مسائل اور مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی کے کاموں کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر نشر کیا جانا چاہیے۔ڈاکٹر رائے کی صدارت میں جمعہ کو کونسل کی پریس مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں آئندہ اجلاس کے دوران مختلف امور کے ساتھ عوامی مفاد سے متعلق قانون سازی کے کاموں کو ترجیحی بنیاد پر میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر کارگزار چیئرمین نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل اور مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔میٹنگ کے اختتام پر بہار قانون ساز کونسل کے سکریٹری شیوا گوپال مشرا نے موجود صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میٹنگ میں شرکت کے لیے ان کا اظہارِ تشکر کیا۔
میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے پارلیمانی امور وجے کمار چودھری، حکمراں جماعت کے چیف وہپ سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، حکمراں جماعت کے ڈپٹی چیف وہپ جنک رام، کونسل کے ارکان انیل کمار، راجیو کمار، ڈاکٹر اجے کمار سنگھ، ششی یادو اور اشرف انصاری نیز بہار قانون ساز کونسل کے سکریٹری شیوا گوپال مشرا موجود تھے۔
admin