بہار قانون ساز کونسل کے سرمائی اجلاس کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے چیئرمین نے طلب کی کل جماعتی میٹنگ


ویشالی میں بین الاقوامی بدھ کانفرنس کی تیاریوں کا وزیر اعلیٰ نے لیا جائزہ۔ھ مت کے پیروکار ممالک کو کانفرنس کے دعوت نامے بھیجنے اور وہاں کے مندوبین و رابطہ کاروں سے مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے مندوبین کی سہولت کے لیے الیکٹرک بسوں کا انتظام کرنے کو بھی کہا
پٹنہ، 27 نومبر (اے بی این) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جمعہ کو ویشالی میں 11 سے 13 دسمبر تک منعقد ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی بدھ کانفرنس 2026 کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ بدھ مت کے پیروکار ممالک سے آنے والے مندوبین اور عقیدت مندوں کے قیام، کھانے پینے، نقل و حمل، سیاحت اور سکیورٹی کے پختہ انتظامات یقینی بنائے جائیں۔اس کانفرنس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی شرکت کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے آج ویشالی میں واقع بدھ سمیک درشن میوزیم و اسمرتی اسٹوپا احاطے کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے 11 دسمبر کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے مجوزہ پروگرام اور بین الاقوامی بدھ کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے بھگوان بدھ کی پوجا اور عقیدت کے ساتھ ریاست کی خوشحالی، امن، ترقی اور فلاح و بہبود کی دعا بھی کی۔ اس کے بعد انہوں نے احاطے میں بنائے جانے والے مرکزی اسٹیج اور کانفرنس سے متعلق دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔
بہار حکومت کے محکمہ آرٹ اینڈ کلچر اور بہار ہیریٹیج ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے تعاون سے منعقد ہونے والی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں میوزیم و اسمرتی اسٹوپا احاطے کے وزیٹر سینٹر میں وزیر اعلیٰ کی صدارت میں جائزہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں محکمہ آرٹ اینڈ کلچر کے سکریٹری پرنَو کمار نے پریزنٹیشن کے ذریعے مرکزی پروگرام کے مقام، کانفرنس کے خاکے، مندوبین کے قیام اور نقل و حمل، سکیورٹی، سی سی ٹی وی نگرانی، مختلف ایجنسیوں کے مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ہیلی پیڈ، پارکنگ اور خوبصورتی کے انتظامات سمیت مختلف تیاریوں کی تفصیلات پیش کیں۔
وزیر اعلیٰ نے جائزہ میٹنگ کے دوران کہا کہ بین الاقوامی بدھ کانفرنس میں بدھ مت کے پیروکار ممالک سے آنے والے تمام مندوبین اور عقیدت مندوں کے لیے مناسب سہولیات اور سکیورٹی کا انتظام کیا جائے۔ کانفرنس میں شرکت کے خواہش مند افراد کی آمد کو آسان بنانے کے ساتھ ان کے قیام، کھانے پینے، آمد و رفت اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں رہنی چاہیے۔
انہوں نے بدھ مت کے پیروکار ممالک سے آنے والے مندوبین اور عقیدت مندوں کے لیے بہار کے اہم مذہبی اور سیاحتی مقامات کی سیر کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس مقصد کے لیے محکمہ سیاحت کے ساتھ تال میل قائم کرکے بودھ گیا، راجگیر، کیسریا سمیت دیگر اہم مقامات کی سیر کا منصوبہ تیار کرنے کو کہا۔ اس کے علاوہ بدھ مت کے پیروکار ممالک کو کانفرنس کے دعوت نامے بھیجنے اور وہاں کے مندوبین و رابطہ کاروں سے مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے مندوبین کی سہولت کے لیے الیکٹرک بسوں کا انتظام کرنے کو بھی کہا۔
مسٹر چودھری نے ابھیشیک پشکرنی تالاب کی خوبصورتی بڑھانے اور احاطے میں مختلف اقسام کے اسٹال لگانے کی ہدایت دی، تاکہ وہاں میلے جیسا ماحول پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے کانفرنس میں مقامی لوگوں کی شرکت یقینی بنانے اور ان کے لیے بھی ضروری انتظامات کرنے پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے ویشالی کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کے پیش نظر یہاں مستقل ہیلی پیڈ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بہار کے تمام اہم سیاحتی اور مذہبی مقامات پر مستقل ہیلی پیڈ تعمیر کرنے کے لیے منصوبہ تیار کرنے کو کہا، تاکہ ملک اور بیرون ملک سے آنے والے سیاح اور عقیدت مند ان مقامات تک آسانی سے پہنچ سکیں۔
مسٹر چودھری نے کانفرنس کے مقام تک پہنچنے والی سڑکوں کی مرمت کرنے اور ٹریفک کا خصوصی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی، تاکہ پروگرام کے دوران آمد و رفت رواں رہے اور ٹریفک جام کی صورت حال پیدا نہ ہو۔ انہوں نے سیوا سنکلپ اور کایاکلپ مہم کے تحت آس پاس کے علاقوں اور رابطہ سڑکوں کے کنارے واقع دیہات میں بھی صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری انتظامات بہتر بنانے کو کہا۔
اس موقع پر آرٹ اینڈ کلچر کے وزیر پرمود کمار، رکن اسمبلی سدھارتھ پٹیل، چیف سکریٹری پرتیہ امرت، پولیس ڈائریکٹر جنرل پریتا ورما، محکمہ تعمیراتِ عامہ کے سکریٹری پنکج کمار پال، محکمہ آرٹ اینڈ کلچر کے سکریٹری پرنَو کمار، تروہت ڈویژن کے کمشنر گریور دیال سنگھ، تروہت رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس چندن کمار کشواہا، پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر عوامی نمائندے اور اعلیٰ افسران موجود تھے۔
admin







