مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

جعفر زٹلی مغلیہ دور کے زوال کے عہد کی پہلی مزاحمتی اور اختلافی آواز تھے: زاہد الحق

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

خدابخش لائبریری میں ڈاکٹر سید مبین زہرا کی انگریزی کتاب ’جعفر زٹلی: اختلاف کی آواز‘ پر مذاکرہ کا انعقاد

پٹنہ :(اے بی این ) مغلیہ سلطنت کے زوال پذیر عہد میں جب دربار قصیدہ گوئی اور مصلحت پسندی کا اسیر تھا، جعفر زٹلی نے طنز و مزاح کو ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت اور اختلافِ رائے کا ہتھیار بنایا۔ انہوں نے اپنی بے باک شاعری میں اقتدار کی نااہلی، معاشی بدحالی، مہنگائی اور عوام کی محرومیوں کو اس طرح بے نقاب کیا کہ ان کا کلام اپنے عہد کی تاریخ کا آئینہ بن گیا۔ آزادیٔ اظہار کی اسی جرأت نے بالآخر انہیں تختۂ دار تک پہنچایا، لیکن ان کی آواز صدیوں بعد بھی زندہ ہے۔ جعفر زٹلی کی اسی باغیانہ فکر اور ادبی مزاحمت کے مختلف پہلوؤں پر جمعہ کو خدابخش اورینٹل پبلک لائبریری میں ڈاکٹر سید مبین زہرا کی انگریزی کتاب ’جعفر زٹلی: اختلاف کی آواز‘ پر منعقدہ مذاکرے میں دانشوران علم وادب نے بے مثال گفتگو کے ذریعے ایک بڑی بحث کو ایک بار پھر زندہ کردیا۔

صدارتی خطاب میں اردو کے معروف ناقد اور محقق پروفیسر صفدر امام قادری نے کہا کہ خدابخش لائبریری کی جانب سے کتابوں کو موضوع بنا کر اس طرح کے مذاکروں کا انعقاد ایک اہم علمی و ادبی قدم ہے اور اسے آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔ زیرِ بحث کتاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں اردو ماخذات کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ اگر اردو کے اہم ماخذات کو بھی تحقیق میں شامل کیا جاتا تو کام مزید جامع ہو سکتا تھا۔ تاہم کتاب اپنے موضوع کے ساتھ انصاف کرتی ہے۔ مصنفہ نے جعفر زٹلی کے حوالے سے اٹھارہویں صدی کے سیاسی، سماجی، معاشی اور ادبی حالات کا گہرا مطالعہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے اسے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار جعفر زٹلی کو تاریخی تناظر میں اس انداز سے پیش کیا گیا ہے۔

مذاکرے کے استقبالیہ خطاب میں لائبریری کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد زاہد الحق نے کہا کہ جعفر زٹلی نے اورنگ زیب کے آخری دور اور ان کے جانشینوں کے عہد میں سلطنت کی خانہ جنگی، سیاسی نااہلی اور شاہی جبر کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا۔ ان کے کلام میں مہنگائی، بے روزگاری اور عام آدمی کی بدحالی کی واضح تصویر ملتی ہے۔ انہوں نے فارسی اور اردو کے امتزاج سے ایک منفرد، عوامی اور طنزیہ اسلوب اختیار کیا۔ آزادیٔ اظہار کی قیمت انہیں اپنی جان دے کر چکانی پڑی، اسی اعتبار سے انہیں اردو کا پہلا ادبی شہید بھی کہا جاتا ہے۔

کتاب کی مصنفہ ڈاکٹر سید مبین زہرا نے اپنی تحقیق کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس کتاب میں مغلیہ دور کے زوال کو جعفر زٹلی کی شخصیت اور شاعری کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ کتاب پانچ ابواب پر مشتمل ہے، جن میں ان کے خاندان اور گھریلو زندگی، مغلیہ عہد کا پس منظر، ہجوگوئی اور طنز نگاری، شاعری کے مختلف پہلو، اختلافِ رائے اور جنسی اظہار جیسے موضوعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے تحقیق میں استعمال کیے گئے ماخذات سے بھی شرکا کو واقف کرایا۔

پروفیسر ظفر کمالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو کے لیے یہ خوش بختی کی بات ہے کہ اردو کا ایک اہم ادبی کردار انگریزی زبان میں متعارف ہو رہا ہے۔ جعفر زٹلی اپنے عہد کے غیر معمولی ذہین شاعر تھے۔ اگر ان کی شخصیت میں یہ بے باکی اور طنزیہ انداز نہ ہوتا تو ممکن تھا کہ وہ اپنے زمانے کے ملک الشعرا ہوتے۔ ان کے طنزیہ کلام میں اس عہد کے معاشرتی حالات کی حقیقی تصویر اور عوام کی آہیں سنائی دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعفر زٹلی کی شاعری کے ساتھ ان کی نثر کا مطالعہ بھی ضروری ہے، کیونکہ ان کی نثر میں اس وقت کے معاشرے کی حقیقتیں بے نقاب ہوتی ہیں۔