اکشرہ سنگھ کے چھٹھ پروگرام میں پہنچے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری


ٹریفک جام سے نجات دلانے کے لیے سمراٹ حکومت کا منصوبہ؛ فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے 18.21 کروڑ روپے کی منظوری، بھاگلپور، مظفرپور، دربھنگہ اور دیگر شہروں میں بھی زیرِ زمین روڈ کوریڈور کی تجویز ہلے مرحلے میں پٹنہ ہوگا شامل
پٹنہ: بہار کے بڑے شہروں میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ اور سڑکوں پر لگنے والے طویل جام سے لوگوں کو راحت دلانے کے لیے ریاستی حکومت نے زیرِ زمین سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سب سے پہلے دارالحکومت پٹنہ میں انڈر گراؤنڈ روڈ کوریڈور بنانے کی تیاری ہے، جس کے بعد بھاگلپور، مظفرپور، دربھنگہ، مونگیر، پورنیہ سمیت دیگر شہروں میں بھی اس امکان کا جائزہ لیا جائے گا۔
سمراٹ چودھری حکومت نے اس منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی (عملی امکانات کے جائزے) کے لیے 18.21 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری دے دی ہے۔ اس مطالعے کے ذریعے یہ طے کیا جائے گا کہ کن علاقوں میں زیرِ زمین سڑکیں بنانا تکنیکی اور مالی اعتبار سے ممکن ہوگا۔ اس کے لیے زمین کی ساخت، مٹی کی نوعیت، زیرِ زمین پانی کی سطح، مجوزہ راستوں اور تعمیراتی مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
منصوبے کے سروے، نفاذ اور نگرانی کی ذمہ داری بہار اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (BSRDCL) کو سونپی گئی ہے۔ محکمہ تعمیراتِ سڑک کے مطابق رواں مالی سال میں فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرکے تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
فزیبلٹی رپورٹ موصول ہونے کے بعد زیرِ زمین سڑکوں کے راستوں، تعمیراتی خاکے اور مجموعی بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں پٹنہ کے ان مصروف علاقوں کو ترجیح دی جائے گی جہاں روزانہ شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے بعد بھاگلپور، پورنیہ، مونگیر، مظفرپور، دربھنگہ، بہار شریف، گیا اور سمستی پور سمیت دیگر شہروں میں بھی اس منصوبے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
محکمہ تعمیراتِ سڑک کے وزیر کمار شیلیندر کے مطابق بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنے کے لیے زیرِ زمین روڈ کوریڈور کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے شہریوں کے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی اور ریاست کی اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ فی الحال 18.21 کروڑ روپے کی منظوری صرف فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے دی گئی ہے، زیرِ زمین سڑکوں کی تعمیر کا حتمی بجٹ اور تعمیراتی کام کا آغاز تفصیلی رپورٹ کے بعد طے ہوگا۔
admin