مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

بہار کے سرکاری ملازمین اور پنشن یافتگان کے مہنگائی بھتے میں اضافہ

Awaz E Bihar5 منٹ کی پڑھائی

کابینہ کی میٹنگ میں 31 ایجنڈوں پر مہر؛ خواتین کے اسٹارٹ اَپ، پی ایچ ڈی فیلوشپ اور گنگا پر چار لین پل سمیت کئی اہم منصوبوں کی منظوری

پٹنہ، 10 نومبر: بہار کی سمراٹ چودھری حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشن یافتگان کو مہنگائی سے راحت دیتے ہوئے مہنگائی بھتے (ڈی اے) میں تین فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اب ساتویں مرکزی نظرثانی شدہ تنخواہ ڈھانچے کے تحت تنخواہ اور پنشن حاصل کرنے والے ملازمین و پنشن یافتگان کو 60 فیصد کے بجائے 63 فیصد مہنگائی بھتہ ملے گا۔ یہ اضافہ یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ منگل کو وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں منعقدہ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں اس سمیت مجموعی طور پر 31 ایجنڈوں پر منظوری کی مہر لگائی گئی۔

کابینہ کے فیصلے کے مطابق پانچویں مرکزی تنخواہ ڈھانچے کے تحت تنخواہ اور پنشن حاصل کرنے والوں کا مہنگائی بھتہ 483 فیصد سے بڑھا کر 497 فیصد اور چھٹے مرکزی تنخواہ ڈھانچے کے تحت فائدہ اٹھانے والوں کا مہنگائی بھتہ 262 فیصد سے بڑھا کر 269 فیصد کر دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ بھی یکم جولائی 2026 سے مؤثر ہوگا۔ اس فیصلے سے ریاست کے مختلف تنخواہ ڈھانچوں کے تحت آنے والے سرکاری ملازمین، پنشن یافتگان اور خاندانی پنشن حاصل کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔

کابینہ نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طالبات کو خود روزگار اور اختراعی سرگرمیوں سے جوڑنے کے لیے ’’بہار کی بیٹی اسٹارٹ اَپ چیلنج‘‘ اسکیم شروع کرنے کی منظوری بھی دی۔ اس اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ 2100 طالبات مستفید ہوں گی۔ مالی سال 2026-27 سے 2029-30 تک چار برسوں کے لیے نافذ ہونے والی اس اسکیم پر 88.20 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ طالبات کی اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں میں شرکت بڑھانے کے مقصد سے ’’وزیر اعلیٰ بالیکا پی ایچ ڈی فیلوشپ اسکیم‘‘ کے لیے 126 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری دی گئی ہے۔

ریاست میں مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی، ہنرمندی کی ترقی اور اختراعی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے گلوبل فنانس اینڈ ٹیکنالوجی نیٹ ورک (GFTN)، سنگاپور کے انتخاب اور ’’آریہ بھٹ درشٹی‘‘ پروجیکٹ کے نفاذ کے لیے 190.32 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ یہ پروجیکٹ ریاست میں مصنوعی ذہانت کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت میں اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے سلسلے میں کابینہ نے گنگا ندی پر بکسر سے تاج پور کو جوڑنے والے زیر تعمیر چار لین پل اور رابطہ سڑک کے منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 4572.53 کروڑ روپے کے نظرثانی شدہ تخمینے کو تیسری مرتبہ انتظامی منظوری دے دی۔ اس منصوبے میں پل کی لمبائی 5.52 کلومیٹر اور رابطہ سڑک کی لمبائی 45.40 کلومیٹر ہے۔ منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے 1834.305 کروڑ روپے کی نظرثانی شدہ رقم فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

دیہی ترقی کے شعبے میں پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے نفاذ کے لیے مالی سال 2026-27 میں مجموعی طور پر 1399.6028 کروڑ روپے کی رقم بہار کنٹیجنسی فنڈ سے پیشگی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس میں مرکزی حصے کے 450.1554 کروڑ اور ریاستی حصے کے 949.4474 کروڑ روپے شامل ہیں۔

آفات سے نمٹنے کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 16ویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر مالی سال 2026-27 سے 2030-31 تک ریاستی آفات رسپانس فنڈ (SDRF) اور ریاستی آفات تخفیف فنڈ (SDMF) کے قیام اور ان کے انتظامی طریقہ کار کو بھی منظوری دی گئی۔

آبی وسائل کے شعبے میں ادیراستھان آبپاشی منصوبے کی بحالی، مہمدہ شاخ نہر کی توسیع اور بھارتھو شاخ نہر پر فال کی تعمیر کے لیے 53.59 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ موکاما ٹال علاقے میں سیلاب پر قابو پانے اور پانی کی نکاسی کے کاموں کے لیے نظرثانی شدہ 254.57 کروڑ روپے کے تخمینے کو منظوری دی گئی۔ کابینہ نے بہار نہر مینٹیننس پالیسی 2026 کو بھی منظوری دے دی۔

نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کے لیے مدھوبنی ضلع کے بسوپٹی میں نئے صنعتی تربیتی ادارے (آئی ٹی آئی) کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ مالی سال 2027-28 سے اس ادارے میں چھ ٹریڈز میں تربیت شروع ہوگی، جس کے لیے سالانہ 2.46 کروڑ روپے کے اخراجات منظور کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پٹنہ، مونگیر، روہتاس، پورنیہ اور مدھوبنی کے سرکاری آئی ٹی آئی میں ٹاٹا ٹیکنالوجی لمیٹڈ کے تعاون سے جدید تربیتی مراکز (CIIIT) قائم کرنے کے لیے 117.48 کروڑ روپے کے اخراجات کو منظوری دی گئی۔

شہری ترقی کے تحت حاجی پور میں بس اسٹینڈ کی تعمیر کے لیے 9 ایکڑ 73 ڈسمیل زمین کے حصول اور دیگر اخراجات کی مد میں 44.52 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ ریاست کے شہری بلدیاتی اداروں کے مستقل ملازمین کو بھی ترمیم شدہ یقینی مالیاتی ترقیاتی اسکیم (MACP) کا فائدہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے جیلوں میں قیدیوں سے فون پر رابطے کی سہولت بہتر بنانے کے لیے 59 جیلوں میں 159 کیوسک نصب کرنے اور ان کے پانچ سالہ آپریشن کے لیے 8.85 کروڑ روپے کی اسکیم کو بھی منظوری دی۔ یہ کام اوپیکس ماڈل پر بی ایس این ایل کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔

دیگر اہم فیصلوں میں بہار داخلی آبی جہاز ضابطہ 2026، بہار بھون ذیلی قوانین 2026 اور آیوش میڈیکل سروس کیڈر کے تقرری و سروس شرائط سے متعلق ضابطہ 2026 کی منظوری شامل ہے۔ محکمہ صحت کے تحت بہار ڈرگ کنٹرول کیڈر (ترمیمی) ضابطہ 2026 کو بھی منظوری دی گئی۔

ریاست میں ایکو ٹورزم کو فروغ دینے کے لیے پہلے سے منظور شدہ 11 منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل پر چلانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ایکو ٹورزم کی مجموعی ترقی کے لیے تیار کردہ تین تجاویز کو بھی اسی ماڈل کے تحت نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے بھرتیا پور اور تاج پور کو جوڑنے والے گنگا پل کے علاوہ مختلف ترقیاتی، انتظامی اور مالیاتی تجاویز کو بھی منظوری دی۔ میٹنگ کے بعد کابینہ سکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند کمار چودھری نے پریس کانفرنس میں فیصلوں کی تفصیلات پیش کیں۔