بہار میں رشوت خور انجینئر پر ویجلنس کا بڑا شکنجہ

خانقاہ شاہ ارزانی میں ’’حضرت فاطمہ زہرا: ایک مثالی کردار‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی سمینار، ملک بھر کی علمی و ادبی شخصیات کی شرکت
پٹنہ: تاریخِ اسلام کی عظیم المرتبت خاتون، دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہراؓ کی سیرتِ پاک آج بھی پوری انسانیت، بالخصوص خواتین کے لیے عفت و عصمت، صبر و استقامت، ایثار و قربانی اور بلند اخلاقی کردار کا روشن مینار ہے۔ موجودہ دور میں جب معاشرتی و اخلاقی اقدار تیزی سے زوال پذیر ہیں، ایسے میں حضرت فاطمہ زہراؓ کی مثالی زندگی اور تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اسی پیغام کو عام کرنے اور مسلم خواتین کو سیرتِ فاطمہؓ سے روشناس کرانے کے مقصد سے خانقاہ حضرت دیوان شاہ ارزانی کے زیر اہتمام پیر کے روز خانقاہ کے ہال میں ’’حضرت فاطمہ زہرا: ایک مثالی کردار‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی سمینار منعقد کیا گیا، جس میں ملک کی ممتاز علمی، ادبی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراؓ کی حیات و خدمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
سمینار کا باضابطہ آغاز حافظ جگر عالم کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جب کہ بذیل احمد اشرفی نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ افتتاحی اجلاس کی نظامت گیا کالج، گیا کے صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر محمد منہاج الدین نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے سابق صدر شعبۂ فارسی پروفیسر عراق رضا زیدی نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ روزنامہ قومی تنظیم کے چیف ایڈیٹر ایس ایم اشرف فرید مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، جب کہ اجلاس کی صدارت مولانا سید مراد رضا نے کی۔ خانقاہ شاہ ارزانی کے سجادہ نشیں اور ویر کنور سنگھ یونیورسٹی، آرہ کے سابق صدر شعبۂ اردو پروفیسر ڈاکٹر سید شاہ حسین احمد نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا۔ بنارس ہندو یونیورسٹی کے سابق صدر شعبۂ فارسی پروفیسر حسن عباس نے بھی موضوع کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔
مقررین نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؓ کی زندگی محض اسلامی تاریخ کا ایک روشن باب نہیں بلکہ پوری انسانیت، بالخصوص خواتین کے لیے صبر، شجاعت، عفت، عبادت، ایثار اور خودداری کا ایسا عملی نمونہ ہے جس کی اہمیت ہر دور میں برقرار رہے گی۔ ان کی سیرت میں خواتین کے احترام، عزت و وقار، حقوق اور خاندانی و معاشرتی ذمہ داریوں کا واضح پیغام موجود ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل، خصوصاً مسلم خواتین، کو حضرت فاطمہ زہراؓ کی حیات و خدمات سے واقف کرایا جائے تاکہ وہ ان کی سیرت کو اپنا عملی آئیڈیل بنا سکیں۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں پروفیسر سید شاہ حسین احمد نے سمینار کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خانقاہ شاہ ارزانی کی جانب سے اس سے قبل حضرت علیؓ کے تعلق سے منعقدہ عالمی سمینار کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ ایران اور افغانستان سمیت مختلف ممالک سے اس کی ستائش میں خطوط موصول ہوئے تھے۔ اسی علمی و فکری سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراؓ کی سیرت و کردار کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کے مقصد سے اس قومی سمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اہلِ بیتِ اطہار سے محبت اور ان کی عظمت کا اعتراف اسلامی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہے۔ قرآن مجید میں رسول اللہ ﷺ کے قرابت داروں سے محبت کی اہمیت واضح کی گئی ہے۔ افسوس کہ آج بعض حلقوں میں اہلِ بیت کا ذکر مخصوص مسلکی شناخت سے جوڑ دیا گیا ہے، حالاں کہ حضرت علیؓ، حضرت فاطمہؓ اور دیگر اہلِ بیت کا تذکرہ پوری امت مسلمہ کا مشترکہ علمی، دینی اور روحانی سرمایہ ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کو مکمل طور پر سمجھنے کے لیے قرآن، سنتِ نبویؐ، احادیث، شریعت، توحید، رسالت اور اہلِ بیت کی تعلیمات کو یکجا کرکے دیکھنا ضروری ہے۔ کسی ایک پہلو کو نظرانداز کرکے اسلامی تعلیمات کی مکمل ترجمانی نہیں کی جاسکتی۔پروفیسر حسین احمد نے موجودہ معاشرتی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اخلاقی و دینی تربیت کی ضرورت ہے۔ حضرت فاطمہ زہراؓ کی سیرت کو خواتین کے سامنے ایک عملی نمونے کے طور پر پیش کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے حضرت فاطمہ زہراؓ کی زندگی سے ایثار و قربانی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ شدید تنگ دستی اور گھریلو مشکلات کے باوجود دوسروں کی ضرورت کو اپنی ضرورت پر ترجیح دینا ان کے کردار کی نمایاں خوبی تھی۔ ان کی زندگی ہمیں اللہ پر توکل، صبر، قناعت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔
کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر عراق رضا زیدی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؓ تمام جنتی خواتین کی سردار ہیں اور رسول اکرم ﷺ کو ان سے بے پناہ محبت تھی۔ حضور اکرم ﷺ کا فرمان کہ ’’فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے‘‘ ان کے بلند مقام و مرتبے کی واضح دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؓ کی عظمت، صفات اور کردار کے حوالے سے مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام میں اتفاق پایا جاتا ہے۔ ان کی سیرت کسی ایک طبقے یا مسلک کا موضوع نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مشترکہ ورثہ ہے۔
مہمانِ خصوصی ایس ایم اشرف فرید نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؓ رسول اکرم ﷺ کی نہایت محبوب صاحبزادی تھیں۔ آپ ﷺ ان کی آمد پر کھڑے ہوجاتے، ان کا استقبال فرماتے اور انہیں اپنے مقام پر بٹھاتے تھے۔ یہ طرزِ عمل خواتین کے احترام اور ان کے بلند مقام کا ایک عظیم پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؓ نے عبادت، سادگی، محنت، صبر اور گھریلو ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بے مثال کردار پیش کیا۔ رسول اللہ ﷺ کی صاحبزادی ہونے کے باوجود انہوں نے زندگی کی دشواریوں کا سامنا کیا اور اپنے عمل سے ثابت کیا کہ عظمت کا تعلق آسائشوں سے نہیں بلکہ کردار، ایمان اور عمل سے ہوتا ہے۔ ان کی زندگی قیامت تک خواتین کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ بنی رہے گی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مولانا سید مراد رضا نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے بعد ظلم کے خلاف سب سے مضبوط اور مؤثر آواز حضرت فاطمہ زہراؓ کے کردار میں دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہؓ کی عظمت صرف اس نسبت میں نہیں کہ وہ رسول اکرم ﷺ کی صاحبزادی تھیں، بلکہ ان کا اصل امتیاز یہ ہے کہ انہوں نے اپنے والدِ محترم کی اعلیٰ صفات، اخلاق، صبر اور استقامت کو اپنی زندگی میں نمایاں کیا۔ حضور اکرم ﷺ کا ان سے خصوصی تعلق اور محبت ان کے مقام و مرتبے کو واضح کرتی ہے۔
افتتاحی اجلاس کے بعد معروف ناقد ڈاکٹر قاسم فریدی اور مشہور شاعر شمیم قاسمی کی مشترکہ صدارت میں تکنیکی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں پروفیسر حسن عباس، ڈاکٹر قاسم فریدی، ڈاکٹر نورالسلام ندوی، ڈاکٹر مبین قریشی اور ڈاکٹر آصف اختر نے حضرت فاطمہ زہراؓ کی حیات، خدمات، علمی و روحانی مقام اور مثالی کردار کے مختلف پہلوؤں پر معلوماتی اور تحقیقی مقالات پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔
سمینار میں مختلف مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات کی شرکت نے اس علمی و فکری اجتماع کو مزید اہمیت عطا کی۔ سکھ مذہب کی نمائندگی کرتے ہوئے سردار گروچرن سنگھ اور ہندو مذہب کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر منی بھوشن کمار شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ انوارالحسن وسطوی، سلطان آزاد، ڈاکٹر قیصر زاہدی، ڈاکٹر اشرف النبی قیصر، اثر فریدی، علی احمد، ماسٹر منظور عالم، ڈاکٹر ارمان حسن اور سید مدثر امام رضوی سمیت متعدد ادباء، دانشوروں، ماہرینِ تعلیم اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔سمینار میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ حضرت فاطمہ زہراؓ کی سیرت کو محض تقریروں اور تحریروں تک محدود رکھنے کے بجائے اسے نئی نسل کی تربیت، خواتین کے احترام، خاندانی اقدار کے تحفظ، سماجی ذمہ داریوں اور اخلاقی اصلاح کا عملی ذریعہ بنایا جائے۔ مقررین کے مطابق حضرت فاطمہ زہراؓ کی زندگی کا پیغام کسی ایک زمانے یا طبقے تک محدود نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے صبر، محبت، عدل، ایثار اور بلند کردار کی لازوال تعلیمات کا مجموعہ ہے۔
admin