حکومت کا عزم بہار کے ہر گائوں کی خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنا نا ہے:شرون کمار


ادائیگی کے لیے بجٹ مختص کرنے کا مطالبہ ‘ اسمبلی گھیراؤکی دھمکی ۔ 20ہزار اساتذہ کی تنخواہ باقی
پٹنہ: (اسٹاف رپورٹر) بہار کے امداد یافتہ مدارس اور سنسکرت اسکولوں کے تقریباً 20 ہزار سبکدوش اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ تنخواہ کی نظرثانی کے بعد واجب الادا رقم کے بل محکمہ تعلیم کے پری آڈٹ سیل سے منظور ہونے کے باوجود ادائیگی نہ ہونے پر اساتذہ تنظیموں نے حکومت کے خلاف ناراضگی ظاہر کی ہے۔ بہار سنسکرت پرائمری سہ ثانوی شکشک سنگھ اور بہار مدرسہ شکشک سنگھ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بقایاجات کی ادائیگی کے لیے فوری طور پر بجٹ مختص کرکے رقم جاری کی جائے۔تنظیموں کے عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کے پری آڈٹ سیل نے ریاست کے مدارس اور سنسکرت اسکولوں کے سبکدوش اساتذہ اور دیگر ملازمین کے تنخواہی بقایاجات کے بل منظور کر دیے ہیں۔ ان بلوں کی مصدقہ نقول بھی ضلع تعلیمی افسران کے ذریعے محکمہ تعلیم کو فراہم کی جا چکی ہیں، لیکن مالی سال 2026-27 میں اب تک ان بقایاجات کی ادائیگی کے لیے بجٹ کا انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ نتیجتاً بلوں کی منظوری کے باوجود مستحق ملازمین اپنی واجب الادا رقم کے انتظار میں ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر سرکار نے تنخواہ کی ادائیگی میںجلدی نہیں کی تو تقریبا بیس ہزار اساتذہ تحریک شروع کریں گے اور سرمائی اجلاس کے وقت اسمبلی کا گھیراؤ بھی کریں گے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 24 دسمبر 2025 کو محکمہ تعلیم کے مکتوب نمبر 296 کے ذریعے سال 2003 میں سبکدوش ہونے والے مدرسہ اساتذہ کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے ایک ارب 69 کروڑ 93 لاکھ 84 ہزار 24 روپے کی منظوری دی گئی تھی۔ تاہم تنظیموں کا کہنا ہے کہ دیگر سبکدوش اساتذہ اور ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے اب تک ضروری رقم مختص نہیں کی گئی ہے۔
اساتذہ تنظیموں نے بقایاجات کی ادائیگی کے معاملے میں پٹنہ ہائی کورٹ کے متعدد فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری 1996 سے نافذ پانچویں نظرثانی شدہ تنخواہ کے بقایاجات کی ادائیگی کا معاملہ بھی طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔ تنظیموں کے مطابق ایل پی اے نمبر 1921/2015 اور ایل پی اے نمبر 43/2016 سمیت مختلف مقدمات میں عدالت کی جانب سے اساتذہ کے حق میں احکامات جاری کیے گئے، لیکن ان پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو سکا ہے۔پریس کانفرنس میں سی ڈبلیو جے سی نمبر 17744/2019 اور ایم جے سی نمبر 37/2020 کا بھی حوالہ دیا گیا۔ تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ 14 اگست 2026 کو عدالت نے متعلقہ معاملے میں بقایاجات تنخواہ اور مہنگائی بھتے کی ادائیگی کے لیے محکمہ تعلیم کو ہدایت دی تھی، اس کے باوجود ادائیگی کا عمل مکمل نہیں کیا گیا۔
تنظیموں نے بہار سروس کنڈیشن رولز 1976 کے تحت سبکدوش ملازمین کو حاصل ارجت چھٹیوں کے بقایاجات کی نقد ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو ملنے والے قانونی اور مالی فوائد کی ادائیگی میں تاخیر ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔اس کے علاوہ دو کوٹی کے سبکدوش اساتذہ کو پنشن سے متعلق فوائد فراہم کرنے کا مطالبہ بھی اٹھایا گیا۔ اس سلسلے میں سابقہ بہار حکومت کے قرارداد نمبر 237، مورخہ 20 فروری 1990 کا حوالہ دیتے ہوئے تنظیموں نے جھارکھنڈ حکومت کی پالیسی کی طرز پر بہار میں بھی مناسب فیصلہ لینے کی اپیل کی۔پریس کانفرنس میں مدارس اور سنسکرت اسکولوں میں برسوں سے خالی پڑے منظور شدہ عہدوں پر تقرری کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ تنظیموں نے کہا کہ ان اداروں میں اساتذہ کی کمی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ اس لیے خالی عہدوں پر براہ راست اور بالواسطہ تقرری پر عائد پابندی ختم کی جائے، تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو اور اداروں میں تدریسی نظام بہتر بنایا جا سکے۔تنظیموں کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سبکدوش ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی، عدالتی احکامات پر عمل درآمد، ارجت چھٹیوں کی رقم اور پنشن فوائد کے معاملے میں واضح پالیسی اختیار کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پری آڈٹ کے بعد بلوں کی منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے، اب اصل ضرورت بجٹ کی فراہمی اور ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہے۔
پریس کانفرنس میں بہار سنسکرت پرائمری سہ ثانوی شکشک سنگھ کے جنرل سکریٹری سید محب الحق اور بہار مدرسہ و سنسکرت شکشک سنگھ کے جنرل سکریٹری شومکانت جھا موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہزاروں سبکدوش اساتذہ اور ملازمین کو مزید انتظار کرانے کے بجائے ان کے جائز مالی حقوق کی ادائیگی کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔اس موقع پر الحاج سید محب الحق جنرل سکریٹری مولانا عین الحق صاحب صدر الحاج کرامت حسین جوائنٹ سکریٹری محمد صہیب ربانی علیگ ممبر ریاستی کمیٹی بہار مدرسہ شکچھک سنگھ پٹنہ الحاج سلیم الدین کشن گنج شری شوبھا کانت جھا جنرل سکریٹری سنسکرت مادھیمک شکچھک سنگھ پٹنہ اور دیگر متعدد ذمہ داران و مدرسین وغیرموجود تھے۔
admin







