بہار کے 13 اضلاع میں بنیں گے ہیلی پورٹ، فضائی رابطے کو ملے گی نئی رفتار


جن کھیتوں میں کٹی ہوئی فصل پڑی ہے یا ابھی دھان کی فصل کھڑی ہے، وہاں جمع ہونے والے اضافی پانی کی نکاسی کے لیے فوری انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔ موسم مکمل طور پر صاف ہونے اور دھوپ نکلنے تک کھڑی فصل کی کٹائی روکنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
بھاگلپور، 21 نومبر(اے بی این)۔ بھاگلپور ضلع میں بے موسم بارش نے کسانوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ ربیع فصلوں کی بوائی اور دھان کی کٹائی کے عین موسم میں ہفتہ کی صبح سے ہو رہی بارش کے باعث کسانوں کو اپنی تیار فصل کے نقصان کا خدشہ ستانے لگا ہے۔ ضلع کے بیشتر علاقوں میں دھان کی کٹائی مکمل ہو چکی ہے اور فصل کو کھیتوں میں سکھانے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے یا پھر کھلیانوں میں جمع کیا گیا ہے۔ ایسے میں اچانک ہونے والی بارش نے کسانوں کی محنت پر پانی پھیرنے کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ضلع کے کچھ نشیبی علاقوں اور دیر سے دھان کی روپائی والے کھیتوں میں ابھی بھی فصل کھڑی ہے۔ صبح سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث کھلے آسمان کے نیچے پڑی تیار فصل کے خراب ہونے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ کہلگاوں، پیرپینتی، سبور، ناتھ نگر، شاہ کنڈ، سلطان گنج اور نوگچھیا سمیت مختلف بلاکوں کے کسان موسم کی اچانک تبدیلی سے کافی پریشان ہیں۔کسانوں کا کہنا ہے کہ سخت محنت، مہنگی کھاد اور آبپاشی کے بعد اس سال دھان کی اچھی پیداوار ہوئی تھی، لیکن دھان کی کٹائی کے بعد اس کی گہائی سے عین قبل بارش نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ جن کسانوں نے فصل کاٹ کر کھیتوں میں چھوڑ دی تھی، وہاں پانی جمع ہونے سے دھان کے بوجھے بھیگ گئے ہیں۔ وہیں کھلیانوں میں رکھے دھان کو بھی مناسب وقت پر ترپال یا پلاسٹک سے ڈھانکنا ممکن نہیں ہو سکا، جس سے فصل میں نمی بڑھنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔زرعی ماہرین اور مقامی کسانوں کے مطابق اس مرحلے پر بارش ہونے سے دھان کو کئی طرح سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اگر کٹی ہوئی فصل دو سے تین دن تک پانی یا زیادہ نمی کی زد میں رہی تو بالیوں میں ہی دانے اگنے لگ سکتے ہیں۔ بارش سے بھیگنے کے بعد دھان کے دانے کالے پڑنے کا بھی خدشہ ہے۔ اس سے نہ صرف چاول کا معیار متاثر ہوگا بلکہ بازار اور سرکاری خریداری مراکز پر مناسب قیمت حاصل کرنے میں بھی کسانوں کو دشواری پیش آ سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کھلیان میں بھیگے ہوئے دھان کے ڈھیر میں گرمی پیدا ہونے سے پھپھوندی لگنے اور پرالی کے سڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس سے مویشیوں کے چارے کا مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب تیز ہوا کے ساتھ بارش ہونے پر کھیتوں میں کھڑی پکی فصل زمین پر گر سکتی ہے، جس سے کٹائی کی لاگت بڑھنے اور دانے جھڑنے کے باعث پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے۔بہار زرعی یونیورسٹی، سبور اور کرشی وگیان کیندر کے ماہرین نے موجودہ موسم کو دھان کی کٹائی اور گہائی کے لیے ناموافق قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق فصل میں موجود اضافی نمی براہ راست دھان کے معیار کو متاثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کسانوں کو نقصان سے بچنے کے لیے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ماہرین نے کہا ہے کہ کھلیان میں رکھے دھان کے بوجھوں کو موٹی پلاسٹک شیٹ یا ترپال سے اچھی طرح ڈھانپ دیا جائے۔ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ نیچے سے بارش کا پانی دھان کے ڈھیر تک نہ پہنچے۔ اس کے لیے دھان کے بوجھوں کو اونچی جگہ یا پرالی کی موٹی تہہ پر رکھنا بہتر ہوگا۔
جن کھیتوں میں کٹی ہوئی فصل پڑی ہے یا ابھی دھان کی فصل کھڑی ہے، وہاں جمع ہونے والے اضافی پانی کی نکاسی کے لیے فوری انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔ موسم مکمل طور پر صاف ہونے اور دھوپ نکلنے تک کھڑی فصل کی کٹائی روکنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ بارش رکنے کے بعد دھوپ نکلتے ہی بھیگے ہوئے دھان کے بوجھوں کو کھول کر پھیلا دینا چاہیے، تاکہ ہوا اور دھوپ سے نمی کم ہو سکے اور دانوں کو اگنے یا کالا پڑنے سے بچایا جا سکے۔
اس کے علاوہ گہائی کے بعد دھان کو اس وقت تک بوریوں میں بند نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جب تک دانوں میں نمی کی مقدار تقریباً 12 سے 14 فیصد تک نہ آجائے۔ادھر ضلع کے کسان تنظیموں نے انتظامیہ اور محکمہ زراعت سے مطالبہ کیا ہے کہ بارش رکنے کے بعد متاثرہ بلاکوں میں فصل کے نقصانات کا فوری جائزہ لیا جائے۔ متاثرہ کسانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کے ساتھ ہی پیکس کے ذریعے دھان کی سرکاری خریداری میں نمی کے مقررہ معیار میں کچھ رعایت دی جائے، تاکہ کسان اپنی فصل بیوپاریوں اور دلالوں کو کم قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور نہ ہوں۔
admin







