مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

وزیر اعظم مودی نے نشانت کمار کو گلے لگایا، پاؤں چھو کر لیا آشیرواد

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

ویشالی کی عوامی ریلی میں وزیر اعظم اور نتیش کمار کے بیٹے کے درمیان محبت و شفقت کا منظر موضوعِ بحث، مودی نے گال پر ہاتھ رکھ کر دیا پیار

پٹنہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز ویشالی ضلع میں منعقدہ عوامی جلسے کے دوران اسٹیج پر پہنچتے ہی بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے اور ریاست کے وزیر صحت نشانت کمار کو گلے لگا لیا۔ جلسے سے خطاب ختم کرنے کے بعد جب وزیر اعظم اسٹیج پر موجود رہنماؤں سے ملاقات کر رہے تھے، اسی دوران نشانت کمار نے ان کے پاؤں چھو کر آشیرواد لیا۔ وزیر اعظم نے بھی شفقت کا اظہار کرتے ہوئے نشانت کے گال پر ہاتھ رکھا اور انہیں پیار سے آشیرواد دیا۔ دونوں کے درمیان اپنائیت اور محبت کے اس منظر کی تصاویر سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو ایک روزہ دورے پر بہار پہنچے تھے۔ انہوں نے ریاست میں این ڈی اے حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے پٹنہ کے کچی درگاہ سے ویشالی کے بیدوپور کے درمیان تعمیر کیے گئے نئے چھ لین پل کا افتتاح بھی کیا۔ جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار کے اعزاز میں اس پل کا نام نتیش سیتو رکھا گیا ہے۔

نتیش سیتو کے افتتاح کے بعد وزیر اعظم ویشالی ضلع کے جعفر پٹی میں منعقدہ عوامی جلسے میں پہنچے۔ وہ جیپ پر سوار ہوکر اسٹیج تک آئے۔ اسٹیج پر پہنچتے ہی انہوں نے وہاں موجود رہنماؤں سے ملاقات کی اور اسی دوران نشانت کمار کو گلے لگا لیا۔ وزیر صحت نشانت اسٹیج پر اگلی قطار میں نائب وزیر اعلیٰ وجے چودھری اور وزیر زراعت وجے سنہا کے درمیان بیٹھے نظر آئے۔

وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی خدمات اور ان کے دورِ حکومت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں سُشاسن کے ذریعے بہار کو ایک نیا اعتماد ملا۔ نتیش نے کئی برسوں تک وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ریاست کی خدمت کی اور اب ان کے آشیرواد سے سمراٹ چودھری اور ان کی پوری ٹیم اس مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔

مودی نے گنگا ندی پر تعمیر کیے گئے چھ لین پل کو عوام کے نام وقف کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کے احترام میں اس پل کا نام نتیش سیتو رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً دو دہائیوں تک بہار کے وزیر اعلیٰ رہنے والے نتیش کمار نے اپریل 2026 میں عہدہ چھوڑ کر مرکزی سیاست کا رخ کیا تھا۔ ان کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ان کے بیٹے نشانت کمار نے سیاست میں قدم رکھا۔ سمراٹ چودھری کی قیادت میں تشکیل پانے والی نئی این ڈی اے حکومت میں نشانت کو وزیر صحت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سیاسی حلقوں میں ان کے مستقبل میں نائب وزیر اعلیٰ بننے کے امکانات پر بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ جے ڈی یو کے کئی رہنما نتیش کمار کے بعد نشانت کو پارٹی کے اہم چہرے کے طور پر پیش کرتے رہے ہیں۔