مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

نتیش کمار کی تصویر پوسٹر سے غائب ہونے پر سمراٹ چودھری کا جواب، کہا پورا پل ہی نتیش کے نام کردیا

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

وزیر اعلیٰ بولے، وزیر اعظم کی قیادت میں نتیش سیتو نے بہار کو نتیشمَے کردیا، 4280 کروڑ کی لاگت سے تعمیر 19.7 کلومیٹر طویل پل کا مودی نے کیا افتتاح

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام سے متعلق پوسٹر اور بینر میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار کی تصویر نہ ہونے پر سوال اٹھانے والوں کو جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروٹوکول کے مطابق پوسٹر اور بینر پر وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور وزرا کی تصاویر لگائی جاتی ہیں۔ اس میں نتیش کمار کی تصویر نہ ہونے کو لے کر بحث شروع ہوگئی، جبکہ آج نتیش سیتو کا افتتاح ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں یہ پل نتیشمَے ہوگیا ہے۔ پورے پل کو ہی نتیش کمار کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو بہار کی موجودہ این ڈی اے حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ریاست کے دورے پر پہنچے۔ انہوں نے پٹنہ کے کچی درگاہ سے ویشالی کے بیدوپور تک گنگا ندی پر تعمیر کیے گئے چھ لین پل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گورنر سید عطا حسنین، وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، نائب وزیر اعلیٰ وجے چودھری اور حاجی پور کے رکن پارلیمنٹ و مرکزی وزیر چراغ پاسوان موجود تھے۔

سمراٹ حکومت نے تقریباً 4280 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر اس چھ لین پل کا نام حال ہی میں نتیش سیتو رکھا ہے۔ اس پل کی مجموعی لمبائی 19.7 کلومیٹر ہے، جس میں 9.7 کلومیٹر طویل مرکزی پل اور 10 کلومیٹر کا اپروچ روڈ شامل ہے۔ پل کی چوڑائی 32 میٹر ہے۔

وزیر اعظم مودی نے نتیش سیتو کا افتتاح کرنے کے بعد کچھ دیر تک پل پر چہل قدمی بھی کی۔ اس کے بعد وہ راجاپاکر کے جعفر پٹی میں منعقدہ عوامی جلسے میں پہنچے۔ یہاں سے انہوں نے بہار میں تقریباً 34 ہزار کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور کئی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ جلسے میں این ڈی اے کے متعدد رہنما موجود تھے۔ نتیش کمار کے بیٹے اور بہار حکومت کے وزیر صحت نشانت کمار بھی اسٹیج پر نظر آئے۔

وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2025 میں عوام نے نتیش کمار اور این ڈی اے کو اپنی حمایت دے کر طاقت دی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران بہار میں تیزی سے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے سڑک، بجلی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا، جس کے نتیجے میں اب ریاست میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔

سمراٹ چودھری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب دیکھا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی بہار کی خوشحالی کا خواب دیکھا ہے۔ جب 2037 میں بہار اپنی 125ویں سالگرہ منائے گا، تب تک خوشحال بہار کے تصور کو حقیقت میں بدلنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے اور ملک اسی وقت ترقی یافتہ ہوگا، جب بہار خوشحال ہوگا