مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
سیاست

حدبندی کو ہتھیار بنا کر انتخابی حلقوں کا نقشہ تبدیل کرنا چاہتی ہے بی جے پی: راہل

awaz5 منٹ کی پڑھائی

راہل گاندھی نے کہا کہ خواتین ریزرویشن بل پہلے ہی پاس ہو چکا ہے، اسے موجودہ 543 سیٹوں پر نافذ کیا جا سکتا ہے۔ لیکن بی جے پی کرے گی نہیں کیونکہ کوشش ایس سی/ایس ٹی سیٹوں کو لاک کرنے کی ہے

کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حدبندی کو ہتھیار بنا کر لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 543 سے بڑھا کر 850 کرنا چاہتی ہے، تاکہ انتخابی حلقوں کو اپنے سیاسی مفادات کے مطابق تبدیل کرکے اپوزیشن جماعتوں، درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کی نمائندگی کو متاثر کیا جا سکے۔مسٹر گاندھی نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی پہلے ہی انتخابات میں ووٹوں کی چوری کر رہی ہے اور اب اس نے اس مقصد کے لیے ایک نیا راستہ نکالنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 850 کرنا جمہوریت کو ختم کرنے کے بی جے پی کے منصوبے کی علامت ہے اور اس سے اسے ملک کے انتخابی حلقوں کا نقشہ اپنی سہولت کے مطابق دوبارہ تیار کرنے کی وسیع آزادی مل جائے گی۔انہوں نے کہابی جے پی اب بھی انتخابات میں دھاندلی کر سکتی ہے، لیکن اب ملک جانتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہو رہی ہے۔ ہمارے سروے کے مطابق ملک کے 80 فیصد لوگوں اور تقریباً 100 فیصد جین زی کا ماننا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار انتخابات میں ووٹوں کی چوری کرتے ہیں اور اب انہوں نے اس سے بچ نکلنے کا نیا راستہ تلاش کیا ہے۔

مسٹر گاندھی نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے 14 کروڑ رائے دہندگان کو اب نااہل قرار دیتے ہوئے ووٹر لسٹ سے خارج کر دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر الیکشن کمیشن کے مطابق یہ رائے دہندگان سرے سے موجود ہی نہیں تھے یا ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں تھے تو 2024 کے لوک سبھا انتخابات کو جائز کیسے قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے اس سوال کا جواب طلب کیا ہے، لیکن اب تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔

مسٹر گاندھی نے حدبندی کی مجوزہ نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ فی الحال لوک سبھا میں 543 نشستیں ہیں اور بی جے پی انہیں بڑھا کر 850 کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 543 نشستوں کے اندر بھی انتخابی حلقوں کی حدود میں تبدیلی کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا سکتی ہے، لیکن نشستوں کی تعداد 850 کرنے سے بی جے پی کو اس سے کہیں زیادہ بڑا موقع مل جائے گا۔ اس سے وہ اپنے سیاسی مفاد کے مطابق انتخابی حلقوں کو تقسیم کرنے، جوڑنے، رائے دہندگان کو ایک حلقے سے دوسرے حلقے میں منتقل کرنے اور اپوزیشن رہنماؤں کے اثر و رسوخ والے علاقوں کی ساخت تبدیل کرنے کے قابل ہو جائے گی۔انہوں نے جموں و کشمیر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ایک انتخابی حلقے میں 26 لاکھ اور دوسرے میں 19 لاکھ رائے دہندگان ہیں۔ انہوں نے آسام کے انتخابی حلقوں کی ساخت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض حلقوں کے حصے جغرافیائی طور پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے بھی نہیں ہیں۔ ان کے مطابق انتخابی حلقوں کی ایسی ساخت بی جے پی کے سیاسی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے اور اسی طرح ملک کے دیگر حصوں میں بھی کیا جا سکتا ہے۔

مسٹر گاندھی نے کہا کہ حدبندی کا معاملہ صرف لوک سبھا میں ریاستوں کی نشستوں کا تناسب برقرار رکھنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس کا تعلق ہندوستانی جمہوریت کی بنیاد اور سماجی انصاف سے بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر حدبندی کرنا چاہتی ہے، جبکہ کانگریس کا ماننا ہے کہ اس کے لیے 2027 کی تازہ ترین مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئی مردم شماری سے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کی آبادی میں اضافے سمیت کئی ایسے حقائق سامنے آئیں گے، جنہیں بی جے پی منظر عام پر نہیں آنے دینا چاہتی۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ حدبندی تازہ ترین مردم شماری کی بنیاد پر کی جائے، لوک سبھا میں ریاستوں کی موجودہ نشستوں کے تناسب میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے اور خواتین کے ریزرویشن کو 850 نشستوں سے جوڑنے کے بجائے موجودہ 543 نشستوں پر نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حدبندی کمیشن کی تشکیل اور اس کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی سنگین سوالات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ نظام بی جے پی کو انتخابی حلقوں کا نقشہ نئے سرے سے تیار کرنے کی کھلی چھوٹ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ملک کو یہ یقین دلانے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ جائز طریقے سے انتخابات جیت رہی ہے، جبکہ کانگریس کے مطابق ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ووٹوں کی چوری کے معاملے پر کافی معلومات جمع کی ہیں اور وہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے کردار سے متعلق حقائق بھی سامنے لائے گی۔

مسٹر گاندھی نے کہاہم نے مودی، شاہ اور گیانیش کمار کو گھیر لیا ہے۔ گیانیش کمار کے بارے میں ہمارے پاس کافی معلومات ہیں اور وہ بچ کر نہیں نکل پائیں گے۔ بی جے پی ملک کو آمریت کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

کانگریس رہنما نے 'جین زی سے خطاب کرتے ہوئے کہامودی حکومت ملک کے نوجوانوں کا مستقبل برباد کرنا چاہتی ہے، ملک کے نوجوانوں کے روزگار ختم کرنا چاہتی ہے اور جمہوریت کو ختم کرنا چاہتی ہے، لیکن ہم انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے اور اس مقصد کے لیے آپ جین زی کی توانائی کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔

awaz

ایڈیٹر ان چیف | آوازِ بہار