مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
سیاست

کابینہ نے حلقہ بندی ترمیمی بل کو منظوری دے دی

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

30 نومبر اور یکم دسمبر کو لوک سبھا میں انتہائی اہم امور پیش کیے جائیں گے اور انہیں ہی 2 اور 3 دسمبر کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کسی بل کا نام نہیں لیا اور کہا کہ کارروائی کی تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی

مرکزی کابینہ نے حلقہ بندی ترمیمی بل اور اس سے متعلق خواتین کے ریزرویشن بل کو منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں جمعہ کو سیوا تیرتھ میں منعقدہ میٹنگ میں ان بلوں کو منظوری دی گئی۔یہ مانا جا رہا ہے کہ حکومت ان بلوں کو 30 نومبر سے طلب کیے گئے پارلیمنٹ کے اجلاس میں پیش کرنے والی ہے۔حلقہ بندی بل میں تمام ریاستوں میں تناسب کی بنیاد پر لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لوک سبھا کی نشستوں کی یہ تعداد آئندہ 25 برسوں تک منجمد رہے گی۔ حلقہ بندی بل کی بنیاد پر ہی لوک سبھا میں خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔

اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ اجلاس میں حکومت ایوان کی منظوری کے لیے انتہائی اہم کام کاج پیش کرے گی۔ انہوں نے تمام ارکان پارلیمنٹ سے بحث میں سنجیدگی کے ساتھ حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر اور یکم دسمبر کو لوک سبھا میں انتہائی اہم 'کاروباری امور پیش کیے جائیں گے اور انہیں ہی 2 اور 3 دسمبر کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں کسی بل کا نام نہیں لیا اور کہا کہ کارروائی کی تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی۔لوک سبھا اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ نے پارلیمنٹ کے اس اجلاس کو مانسون سیشن کا دوسرا حصہ قرار دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پارلیمنٹ کا مانسون سیشن 20 جولائی سے شروع ہوا تھا اور 13 اگست کو دونوں ایوانوں کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی، لیکن اب تک باضابطہ طور پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ختم نہیں کیا گیا تھا۔ اس طرح دونوں ایوانوں کی یہ میٹنگیں مانسون سیشن کا ہی تسلسل ہوں گی۔

عام طور پر مانسون سیشن کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے چند دن بعد اس کا اختتام کر دیا جاتا ہے اور نومبر کے آخری ہفتے میں سرمائی اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔ اجلاس کے اختتام کے بعد نئے اجلاس کے لیے صدر جمہوریہ سے منظوری لی جاتی ہے، لیکن اس مرتبہ مانسون سیشن کا باضابطہ اختتام نہ کیے جانے کی وجہ سے صدر جمہوریہ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔

اپوزیشن مانسون سیشن کا اختتام نہ کیے جانے کے معاملے پر حکومت کی نیت پر سوال اٹھاتا رہا ہے اور اسے پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی قرار دیتا رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں، خاص طور پر کانگریس کا الزام ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو پارلیمانی جمہوریت پر بھروسہ نہیں ہے۔ اپوزیشن مسلسل یہ بھی کہتا رہا ہے کہ حکومت حلقہ بندی بل اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل کو جوڑ توڑ کے ذریعے منظور کرانے کے لیے اچانک پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنا چاہتی ہے، اسی لیے مانسون سیشن کا اختتام نہیں کیا جا رہا ہے۔

حکومت نے گزشتہ اپریل میں حلقہ بندی بل لوک سبھا میں پیش کیا تھا، لیکن اپوزیشن کے متحد ہونے کی وجہ سے ووٹنگ میں یہ بل گر گیا تھا۔ آئینی ترمیمی بل ہونے کے سبب اسے منظور کرانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ اس دوران حکومت ان بلوں کو منظور کرانے کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں سے بالواسطہ طور پر بات چیت کرتی رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور کئی دیگر وزراء مسلسل کہتے رہے ہیں کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت خواتین کے ریزرویشن بل کو ضرور منظور کرائے گی۔