کابینہ نے حلقہ بندی ترمیمی بل کو منظوری دے دی


حد بندی بل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا مقصد کسی بھی طرح حد بندی کرانا ہے۔
کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں حد بندی کے ذریعے لوک سبھا کی نشستوں میں اضافہ کرکے آئین تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کانگریس، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر اس کی پوری طاقت سے مخالفت کرے گی۔
لوک سبھا میں کانگریس کے نائب قائد گورو گگوئی نے پارٹی کے پارلیمانی حکمت عملی گروپ کی میٹنگ کے بعد جمعہ کو نامہ نگاروں سے کہا کہ اس سلسلے میں کانگریس کا موقف پہلے ہی واضح ہے کہ لوک سبھا کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھی جائے اور اسی کی بنیاد پر خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن یقینی بنایا جائے، نیز لوک سبھا میں مختلف ریاستوں کی نمائندگی کا موجودہ تناسب آئندہ 25 سال تک برقرار رکھا جائے۔یہ میٹنگ پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے، تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، لوک سبھا میں پارٹی کے نائب قائد گورو گوگوئی، راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ پی چدمبرم، جے رام رمیش، پرمود تیواری اور کچھ دیگر رہنما موجود تھے۔
مسٹر گگوئی نے بتایا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس 30 نومبر سے شروع ہونے کے سلسلے میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے درمیان تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کھرگے کی قیادت میں ہفتہ کو دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشترکہ میٹنگ ہوگی، جس میں پارلیمنٹ میں حکومت کے خلاف اختیار کی جانے والی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
حد بندی بل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا مقصد کسی بھی طرح حد بندی کرانا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئین تبدیل کرنے کے اس کے ارادے اور اقتدار کے تئیں اس کی لالچ سے واقف تمام جماعتیں اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مفاد سے بڑھ کر کسی بھی سیاسی جماعت کا مفاد نہیں ہو سکتا۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ اس معاملے پر مختلف اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی۔ ہفتہ کو ہونے والی مشترکہ میٹنگ میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ پارٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر یہ لڑائی لڑے گی۔
admin