سابق چیف جسٹس بی آر گوئی نے ججوں کی تقرری اور تبادلوں کے طریقہ کار پر اٹھائے سوال


کسی بھی طرح کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔موجودہ تناسب آئندہ 25 برس تک برقرار رہے: اسٹالن
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے) کے صدر ایم کے اسٹالن نے لوک سبھا حلقوں کی مجوزہ حد بندی کے معاملے پر دوٹوک مطالبہ کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ اگر پارلیمانی حلقوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا ہے تو کسی بھی صورت میں ایوانِ زیریں میں تمل ناڈو کی موجودہ 7.18 فیصد نمائندگی کم نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر ریاستوں کی پارلیمانی نمائندگی کا جو موجودہ تناسب طے کیا گیا تھا، اسے آئندہ 25 برس تک برقرار رکھا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں مسٹر اسٹالن نے کہا کہ تمل ناڈو اسمبلی میں منظور کردہ قرارداد اور منصفانہ حد بندی کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) کے اجلاس میں منظور شدہ قراردادوں کے مطابق ڈی ایم کے آج بھی ان دونوں واضح مطالبات پر قائم ہے اور آئندہ بھی اپنے موقف پر ثابت قدم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور کسی بھی طرح کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابی حلقوں کی حد بندی کے ممکنہ منفی اثرات کے خلاف سب سے پہلے ڈی ایم کے نے ہی آواز اٹھائی تھی۔ ان کے مطابق چنئی میں ہی پہلی مرتبہ ملک بھر کے سیاسی رہنماؤں کا اجلاس منعقد کرکے منصفانہ حد بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔میڈیا میں جاری قیاس آرائیوں اور مخالفین کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں پھیلائی جانے والی افواہیں یا موقع پرستوں کی شکایات ڈی ایم کے کے عزم کو کسی بھی صورت کمزور نہیں کرسکتیں۔ اقتدار کے عہدوں کی خاطر اپنے اصولوں کو ترک کرنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے مسٹر اسٹالن نے کہا کہ ایسے لوگوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ ڈی ایم کے تمل ناڈو کے مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور نہ ہی اپنے اصولوں سے انحراف کرے گی۔
admin







