مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
قومی

دہلی ہائی کورٹ میں داعش کے رکن ہونے کے الزام میں گرفتارمحمد وقار لون کی ضمانت عرضی منظور

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

ملزم پر الزام ہے کہ وہ دیگر ملزمین کے ساتھ ملکر مسلم نوجوانوں اور نو مسلم لوگو ں کی ذہین سازی کرتا تھا اور شوشل میڈیا کے ذریعہ مسلم نوجوان کو داعش میں شمولیت اختیار کرنے کے لیئے اکساتا تھا نیزجہاد کے تعلق سے لیٹریچر اور تقاریر سوشل میڈیا پر سرکولیٹ کرتا تھا

ممنوعہ دہشت گرد تنظیم داعش کے رکن ہونے اور جہادی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت گذشتہ پانچ سالوں سے دہلی کی تہاڑ جیل میں قید محمد وقار لون نامی شخص کی آج دہلی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ نے مشروط ضمانت پر رہائی کی عرضداشت منظور کی۔

جاری ریلیز کے مطابق ملزم محمد وقار لون کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ اس کی گرفتاری14/ اگست 2021/ کو عمل میں آئی تھی۔ قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اےنے ملزم کو سپلیمینٹری چارج شیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا تھا۔ملزم کی ماضی میں تین مرتبہ ضمانت عرضی مستر د ہوچکی تھی جس کے بعد آج دہلی ہائی کورٹ نے ضمانت عرضداشت منظور کی۔ ملزم محمد وقار لون کے مقدمہ کی پیروی جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی نے کی۔ملزم کی ضمانت عرضداشت پر ایڈوکیٹ مجاہد احمد اور ایڈوکیٹ عارف علی نے دہلی ہائی کورٹ میں بحث کی۔

ملزم پر الزام ہے کہ وہ دیگر ملزمین کے ساتھ ملکر مسلم نوجوانوں اور نو مسلم لوگو ں کی ذہین سازی کرتا تھا اور شوشل میڈیا کے ذریعہ مسلم نوجوان کو داعش میں شمولیت اختیار کرنے کے لیئے اکساتا تھا نیزجہاد کے تعلق سے لیٹریچر اور تقاریر سوشل میڈیا پر سرکولیٹ کرتا تھا۔اس مقدمہ میں این آئی اے نے پورے ملک سے اعلی تعلیم یافتہ ملزمین کو گرفتار کیا تھا جس میں نو مسلم مسلم نوجوان بھی شامل ہیں۔دہلی ہائی کورٹ میں دوران سماعت ایڈوکیٹ مجاہد احمد نے عدالت کو بتایا تھاکہ ملزم گذشتہ تقریباً پانچ سال سے جیل میں مقید ہے اور یو اے پی اے قانون کی دفعہ 13کے مطابق اگر ملزم پر جرم ثابت بھی ہوگیا تو ملزم کو سات سال سے زائد کی سزا نہیں دی جاسکتی ہے لہذا ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جائے کیونکہ عدالت عظمی کی گائڈلائنس ہے کہ ایسے مقدمات میں جن میں سزائیں سات سال تک ہوسکتی ہے ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جاسکتا ہے۔ ایڈوکیٹ مجاہد احمد نے عدالت کو مزید بتایا کہ استغاثہ نے ملزمین کے خلاف گواہی کے دینے کے لیئے 155/ سرکاری گواہوں کو نامزد کیا ہے جبکہ ابھی تک خصوصی این آئی اے عدالت میں صرف 35/ ہی سرکاری گواہان کی گواہی عمل میں آسکی ہے لہذا مقدمہ کی سماعت میں ہونے والی تاخیر سے ملزم کو حاصل بنیادی آئینی حقوق کی خلاف وزری ہورہی ہے۔ملزم محمد وقار لون کو ضمانت پر رہا کیئے جانے کی این آئی اے کے وکیل نے سخت لفظوں میں مخالفت کی اورعدالت کو بتایا کہ ملزم پر ملک میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کا سنگین الزام ہے اور ملزم مسلم نوجوانوں کی ذہین سازی کرکے انہیں جہاد کرنے پر اکسانے کی کوشش کرتا تھا لہذا ملزم کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کو نامنظور کردینا چاہئے کیونکہ اس مقدمہ میں حالانکہ عدالت نے چارج فریم کیئے جانے کا حکم دیا ہے لیکن ابھی تک تمام ملزمین کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم پر کشمیر میں بھی مقدمات درج ہیں لہذا ملزم کی ضمانت عرضداشت منظور نہیں کی جانی چاہئے۔فریقین کی بحث کے بعد استغاثہ د کے لائل مسترد کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس پرتیبھا ایس سنگھ اور جسٹس وکاس نے ملزم محمد وقار لون کو مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے۔ عدالت نے ملزم کی طویل تحویل، الزامات کی نوعیت اور دیگر ملزمین کی ضمانت پر رہائی کی بنیاد پر ملزم کے حق میں فیصلہ صادر کیا۔

ایک سال قبل اسی مقدمہ میں ماخوذ ملزم عبید حامد متل کی ضمانت پر رہائی جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کی کوششوں سے ہوئی تھی۔