خواتین کے تحفظ اور حقوق کے لیے سات نکاتی ایکشن پلان تیار


ہجوم کے حملے میں خاتون پولیس اہلکاروں سمیت کئی جوان زخمی، علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات
نرپت گنج (ارریہ): بہار کے ارریہ ضلع میں انڈو نیپال سرحدی سڑک پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے چھ سالہ بچے کی موت کے بعد جمعہ کی شام زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا۔ حادثے سے مشتعل مقامی لوگوں اور پولیس کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی۔ اس دوران بھیڑ نے پولیس پر اینٹ، پتھر اور لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کردیا اور ڈائل 112 کی گاڑی سمیت پولیس کی تین گاڑیوں کو آگ کے حوالے کردیا۔ حملے میں خاتون پولیس اہلکاروں سمیت کئی جوانوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تاہم پولیس نے اپنے سرکاری بیان میں پانچ اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یہ واقعہ سرحدی علاقے کے بس متیا تھانہ حلقے کے بھیرون گنج وارڈ نمبر 9 میں واقع ایس ایس بی کیمپ کے قریب پیش آیا۔ نذر آتش کی گئی گاڑیوں میں گھورنا تھانے کی ڈائل 112 گاڑی اور پھلکاہا تھانے کی دو موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بیلا پنچایت کے وارڈ نمبر 9 کے رہنے والے محمد روزیت کا چھ سالہ بیٹا محمد علی جمعہ کی شام کچھ بچوں کے ساتھ انڈو نیپال سرحدی سڑک کے قریب کھیل رہا تھا۔ اسی دوران تیز رفتار کار نے اسے اپنی زد میں لے لیا۔ حادثے میں بچے کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واقعے کے بعد کار ڈرائیور گاڑی لے کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا، لیکن مقامی لوگوں نے تعاقب کرکے اسے پکڑ لیا۔ ڈرائیور کی شناخت سپول ضلع کے ویرپور تھانہ علاقے کے کوشکاپور کے رہنے والے رام کمار مہتا کے طور پر ہوئی ہے۔
بچے کی موت کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں مقامی لوگ جائے حادثہ پر جمع ہوگئے۔ لوگوں میں اس بات کو لے کر ناراضگی تھی کہ حادثے کے بعد ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کیوں نہیں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دوسرے فریق کے لوگوں نے ڈرائیور کو یرغمال بنا رکھا تھا۔ اسی معاملے کو لے کر تنازع بڑھ گیا۔
اطلاع ملنے پر فاربس گنج کے ڈی ایس پی کی قیادت میں پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لوگوں سے بات چیت کرکے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی، لیکن دیکھتے ہی دیکھتے حالات بگڑ گئے اور پولیس و بھیڑ کے درمیان پرتشدد جھڑپ شروع ہوگئی۔ مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کرنے کے ساتھ پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ارریہ کے ایس پی جتیندر کمار سمیت ضلع کے مختلف تھانوں سے بڑی تعداد میں پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔ حالات معمول پر آنے کے بعد پولیس نے متوفی بچے کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ارریہ بھیج دیا۔
تھانہ انچارج سنیل کمار نے بتایا کہ فی الحال حالات قابو میں ہیں اور اعلیٰ افسران مسلسل صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔
ایڈیٹر ان چیف







